कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

خصائلِ مصطفیٰ ﷺ ایک قیمتی تحفہ

تحریر:فضیل اختر قاسمی بھیروی
خادم التدریس دارالعلوم رحیمیہ پیلیر آندھراپردیش
و ترجمان المعہد الاسلامی العربی العالمی
20 اگست 2026ء بروز جمعرات بوقت رات 11:04 منٹ۔

سبحان اللہ! کیا دل کش،روح پرور اور کیسی ایمان افروز تالیف ہے! جب نگاہِ شوق اس وقیع کتاب کے اوراق کا طواف کرتی ہے، تو قلب و جگر پر ایک عجیب وجدانی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ حضورِ انور، سیدِ کونین ﷺ کے جمالِ جہاں تاب اور اوصافِ قدسیہ کی ایسی دل آویز تصویر کشی کی گئی ہے ،جو پڑھنے والوں کو چودہ سو سال پیچھے مدینۃ المنورہ کے پرنور ماحول میں پہنچا دیتی ہے، گویا نگاہیں خود شاہدِ محفل بن چکی ہوں۔
مولانا مفتی محمد سلیمان صاحب قاسمی خوشحالپوری نے اس مبارک مجموعے میں شمائل و خصائل کا ایسا مرقع تیار کیا ہے کہ سرِ اقدس کے گیسوئے عنبریں سے لے کر ،قدم عالی کے اخمصِ مبارک تک ؛چہرۂ تاباں کی ضیا پاشیوں سے لے کر ,تبسم ریز دندانِ مبارک تک ؛ہر ہر عضوِ مبارک کی ہیئتِ مقدسہ کا نقشہ دلوں کو موہ لیتا ہے۔ نعلینِ شریفین کی ہیئت ہو، یا رِدا و عمامہ کا بیان ؛شمیمِ عنبر بار کی عطر بیزی ہو یا جسم اطہر کی باد بہاری ۔ہر ایک جزئیے کو کمالِ عقیدت اور باریک بینی سے صفحۂ قرطاس پر با حوالہ منتقل کیا گیا ہے۔
مصنف نے صرف ظاہری حسنِ صورت پر اکتفا نہیں فرمایا؛بلکہ سیرتِ طیبہ کے باطنی حُسن، شب و روز کے معمولات، خُلقِ عظیم، اقربا و بیگانگان کے ساتھ برتاؤ، حربی ساز و سامان ؛حتیٰ کہ لطافتِ طبع اور علالت و وصال کے جانکاہ واقعات کو بھی معتبر اسناد اور قرآن و حدیث کے حوالوں سے مزیّن و مدلل فرما کر پیش کر دیا ہے۔اختصار کے دامن میں اس قدر ہمہ گیر و جامع ذخیرۂ معلومات کا سمٹ آنا ایک فیضانِ خاص کا پتہ دیتا ہے۔
یہ تحریر نہ صرف دیدۂ بینا کے لیے سرمۂ بصیرت ہے ؛بلکہ دلوں کو گرمانے اور نہاں خانۂ باطن کو منور کرنے کا ایک نادر و نفیس تحفہ ہے۔ اہل ذوق کے لیے تنہائی کا ہمدم، مجالس کی زینت اور نو نہالانِ ملت کے لیے زادِ راہ ہے۔ اس کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے اتباعِ سنت کا داعیہ اور والہانہ شیفتگی کا سرچشمہ ثابت ہوگا۔ ان شاءاللہ

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے