कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

آہ! استادِ محترم سید مہدی دائمی کی رحلت

شہر نے ایک عظیم ماہر ریاضی کو کھو دیا

تحریر: حبیب مسعود علی
لکچرر مدینۃ العلوم جونیئر کالج، ناندیڑ

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزۂ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
مدینۃ العلوم ہائی اسکول کے سابق سپروائزر، بہترین منتظم، اور ریاضی کے بے مثال استاد جناب سید مہدی دائمی صاحب کا 25 اگست 2026ء بروز اتوار کو اچانک عارضۂ قلب کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ وہ نمازِ عصر کی ادائیگی کے لیے نکلے تھے کہ داعیِ اجل کو لبیک کہہ گئے۔ اور اپنے معبود حقیقی سے جاملے۔دوسرے دن ان کے آبائی قبرستان مقبرہ مسجد ادگیر میں دس بجے تدفین عمل میں آئی ۔
مرحوم سید مہدی دائمی صاحب کی شخصیت گوناگوں خوبیوں کا مجموعہ تھی۔ ریاضی جیسے خشک اور دشوار مضمون کو وہ جس آسان، دلچسپ اور منفرد انداز سے پڑھاتے تھے، اس کا پورا شہر قائل تھا۔ وہ محض ایک معلم نہیں بلکہ علمی تخلیق کار تھے۔ طلبہ میں شوق، دلچسپی اور ریاضی کی تفہیم پیدا کرنے کے لیے وہ نئی نئی تخلیقی اصطلاحات وضع کرتےاور اسے آسان کر دیتے ۔طلبہ مضمون کے تئیں لطف پیدا کرنے کےلئے مزاح کا پہلو بھی تلاش کرتے تھے۔جیسے خالی جگہ پر کرنے کے لیے ’’خجپک‘‘ اور کسی ریاضیاتی مسئلے کو حل کرنے کے لیے ’’حلہ‘‘ جیسے منفرد الفاظ کا استعمال کرنا ان کا خاص طرۂ امتیاز تھا۔ مشکل ترین مسائل کو چٹکیوں میں سلجھانا ان کا بائیں ہاتھ کا کھیل تھا۔
سنجیدگی، بردباری اور متانت ان کے مزاج کا حصہ تھی، لیکن ساتھ ہی ان کی بزلہ سنجی اور برجستگی محفل کو خوشگواری بنا دیتی تھی۔ وہ اساتذہ کے ساتھ ایک ہمدرد دوست کی طرح پیش آتے اور اپنے شاگردوں پر شفقت کا سایہ قائم رکھتے۔ میرے والدِ محترم کے انتہائی قریبی دوست ہونے کے ناطے مجھے ان کا شفقت بھرا رویہ ہمیشہ قریب سے دیکھنے کو ملا، اور بحیثیت ان کے شاگرد کے، میری علمی و اخلاقی تربیت میں ان کا بڑا حصہ رہا ہے۔
صوم و صلوۃ کے پابند اور دین دار سید مہدی دائمی صاحب نے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت میں کبھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سماج کو بہترین اور کارآمد افراد دیے۔ اسی طرح اپنے بچوں کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اعلیٰ تعلیم اور تربیت سے ہم کنار کیا۔
اب مجھے مانیں نہ مانیں اے حفیظؔ
مانتے ہیں سب مرے استاد کو
استادِ محترم کی رحلت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ان کے تمام تلامذہ، رفقائے کار اور پورے شہر کے لیے افسوس غم ہی نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
باری تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی تدریسی و دینی خدمات کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پس ماندگان، بالخصوص ان کے صاحبزادگان اور لواحقین کو اس صدمۂ جانکاہ پر صبرِ جمیل عطا کرے۔ (آمین یا رب العالمین)

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے