कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کی عام انتخابات:مختلف امور پر پابندی کے احکامات جاری

ناندیڑ:29دسمبر ( نمائندہ اعتبار) ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کا اعلان بتاریخ 15 دسمبر 2025ءکو کیا گیا ہے اور اعلان کی تاریخ سے مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ ناندیڑ ضلع میں میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کا پورا عمل پُرامن، بے خوف اور منصفانہ ماحول میں انجام پانے کے مقصد سے ناندیڑ کے ضلع مجسٹریٹ راہل کرڈیلے نے بھارتی شہری تحفظ سنہیتا 2023 کی دفعہ 163 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے مختلف امور پر پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
انتخابی مدت کے دوران سرکاری ریسٹ ہاؤسز کے استعمال پر پابندی
سرکاری اور انتخابی فرائض پر مامور افسران و ملازمین کے علاوہ کسی بھی دیگر شخص کو، ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے حلقہ انتخابی حدود سمیت ناندیڑ ضلع کے تمام سرکاری و نیم سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں متعلقہ محکمے کے جاری کردہ مجاز اجازت نامے یا مجاز افسر کی پیشگی اجازت کے بغیر قیام یا داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
لاؤڈ اسپیکر اور صوتی آلات کے استعمال سے متعلق
کسی بھی شخص، ادارے، سیاسی جماعت یا جماعت کے کارکنان کو مجاز افسر کی پیشگی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر یا صوتی آلات کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ متحرک گاڑیوں پر لاؤڈ اسپیکر یا صوتی آلات کا استعمال ممنوع ہوگا۔ حکومتِ مہاراشٹر کے محکمہ ماحولیات کے حکومتی فیصلے 31 جولائی 2013ءکے مطابق صوتی آلودگی کی مقررہ حد کے اندر رہتے ہوئے ہی ان آلات کا استعمال کیا جائے گا۔ صبح 6 بجے سے پہلے اور رات 10 بجے کے بعد لاؤڈ اسپیکر یا صوتی آلات کا استعمال ممنوع رہے گا۔
دفاتر اور ریسٹ ہاؤسز کے احاطے میں پابندیاں
ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کی حدود کے اندر تمام سرکاری، نیم سرکاری اور مقامی خود اختیاری اداروں کے دفاتر، ریسٹ ہاؤسز وغیرہ کے احاطے میں کسی بھی قسم کی جلوس نکالنے، ریلی، اجتماع، دھرنا، نعرہ بازی، ساز بجانے یا گانے، اور کسی بھی نوعیت کی انتخابی تشہیر پر پابندی رہے گی۔
سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال پر پابندی
انتخابی مدت کے دوران ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن کے حلقہ انتخابی حدود سمیت ناندیڑ ضلع میں، کسی بھی قافلے میں 3 سے زیادہ کاریں یا گاڑیاں استعمال کرنے پر اس حکم کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔
گاڑیوں پر پارٹی تشہیری جھنڈے اور کپڑے کے بینرز سے متعلق پابندیاں
متحرک گاڑیوں پر پارٹی تشہیری جھنڈا گاڑی کے بائیں جانب ونڈ اسکرین کے آگے نہیں ہوگا اور گاڑی کی چھت سے 2 فٹ سے زیادہ اونچا نہیں ہوگا۔ تشہیری گاڑی پر کپڑے کا بینر ڈرائیور کی نشست کے پیچھے صرف گاڑی کے بائیں اور دائیں جانب ہی لگایا جائے گا، کسی اور جانب لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پارٹی تشہیری جھنڈا یا کپڑے کا بینر صرف متعلقہ پارٹی کے ضلع صدر، امیدوار یا امیدوار کے انتخابی نمائندے کی گاڑیوں پر ہی لگایا جاسکے گا، دیگر کسی بھی گاڑی پر نہیں۔
عوامی مقامات پر عارضی پارٹی دفاتر قائم کرنے پر پابندی
ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے حلقہ انتخابی حدود میں انتخابی مدت کے دوران مذہبی مقامات، اسپتالوں، تعلیمی اداروں یا عوامی مقامات کے آس پاس عارضی پارٹی دفاتر قائم کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
عوامی مقامات پر پارٹی تصاویر، نشانات کے بینرز اور تقاریر پر پابندی
انتخابی مدت کے دوران عوامی مقامات پر پارٹی تصاویر، نشانات کے کپڑے کے بینرز لگانے اور عوامی مقامات پر تقاریر کرنے پر پابندی رہے گی۔
سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر پابندی
انتخابی مدت کے دوران سرکاری، نیم سرکاری اور عوامی املاک کو براہِ راست یا بالواسطہ کسی بھی شکل میں نقصان پہنچانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اسلحہ لائسنس ہولڈرز کے اسلحہ کی نقل و حمل پر پابندی
انتخابی مدت کے دوران سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و ملازمین اور بینک سکیورٹی گارڈز کے علاوہ تمام لائسنس ہولڈرز کے لیے اپنے لائسنس یافتہ اسلحہ کو اپنے پاس رکھنے یا لے جانے پر اس حکم کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔
مذکورہ تمام احکامات ناندیڑ ضلع میں ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن کے حلقہ انتخابی حدود میں 15 دسمبر 2025ءسے 16 جنوری 2026ءکی نصف شب تک نافذ العمل رہیں گے۔
نامزدگی پرچے داخل کرتے وقت اختیار کیا جانے والا طریقہ کار
ناندیڑ ضلع میں ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابی عرصے کے دوران امیدوار جب الیکشن ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں نامزدگی پرچہ داخل کریں گے تو دفاتر سے 100 میٹر کے باہر گاڑیاں اور جلوس روکنا ہوگا۔ گاڑیوں کے قافلے میں 3 سے زیادہ گاڑیاں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح نامزدگی پرچہ داخل کرتے وقت امیدوار کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے کمرے میں 3 سے زیادہ افراد داخل نہیں ہوسکیں گے۔ نامزدگی کے وقت ریٹرننگ آفیسر کے دفتر یا اس کے احاطے میں جلوس یا اجتماع، نعرہ بازی، ساز بجانا یا گانا، اور کسی بھی قسم کی انتخابی تشہیر ممنوع رہے گی۔یہ حکم ناندیڑ ضلع کی ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ الیکشن ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کی حدود میں 23 دسمبر 2025ءکو صبح 6 بجے سے 3 جنوری 2026ءکی نصف شب تک نافذ العمل رہے گا۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے