कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مطالعہ: اہمیت اور تکنیک

تبصرہ نگار: عبداللہ یوسف
مصنف: شاہ اجمل فاروق ندوی
ناشر: مکتبۃ النور دیوبند
22/ ربیع الثانی 1448ھ
5/ اکتوبر 2026ء پیر

زیرِ نظر کتاب "مطالعہ: اہمیت اور تکنیک” شاہ اجمل فاروق ندوی دام ظلہ کی تحریر کردہ ایک لاجواب تصنیف ہے، اس سے قبل نہ تو میں موصوف کے نام سے واقف تھا اور نہ کبھی ان کی کوئی تحریر، مضمون یا کتاب وغیرہ پڑھنے کا اتفاق ہوا؛ صرف مذکورہ کتابچہ پڑھا ہے اور پڑھ کر ان کا گرویدہ ہو گیا۔ ان کے صرف قلم میں جادو نہیں بلکہ ان کے اندر سلیقہ بھی کمال کا ہے۔ میں کتاب کو خرید کر لایا تو صرف اس لئے تھا کہ اس میں مطالعہ کے تعلق سے اچھی اور ضروری باتیں ذکر ہوں گی، لیکن پڑھ کر محسوس ہوا کہ مطالعہ سے متعلق تو جملہ تفصیلات موجود ہیں ہی، اس سے کہیں بڑھ کر شاہ اجمل فاروق ندوی صاحب کا اسلوبِ تحریر اور اندازِ نگارش ایسا دلکش اور پرکشش ہے کہ طبیعت جھوم اٹھتی ہے، مطالعہ کرنے کے بعد لگا کہ گویا مطالعہ کی روح کو غذا مل گئی ہے۔ مختصر یہ ہے کہ مطالعہ کے مالہ وماعلیہ پر ایسی جامع تصنیف اور جدید دور کی سہولیات پر مشتمل ایسی لاجواب تالیف کم از کم راقم السطور کی نظروں سے نہیں گزری۔
اگلی سطور میں تعریفِ مؤلِّف کے بجائے تعارفِ مؤلَّف پر لکھنا زیادہ بہتر ہے۔ "مطالعہ: اہمیت اور تکنیک” نامی یہ کتاب، چھوٹے سائز کے 112/ صفحات پر مشتمل ہے۔ شاہ اجمل فاروق صاحب نے کتاب کے نام سے متعلق جملہ مواد کتاب میں جمع کر دیا ہے، نامِ کتاب کے دو حصے ہیں: اہمیت اور تکنیک: مطالعہ کی اہمیت کے تحت کتاب اور انسان کا رشتہ، مسلمانوں کا کتابوں سے تعلق، مطالعہ کے عاشق، منظم مطالعہ، مطالعہ کی قسمیں جیسے اہم امور کو بہت ہی عمدہ اور خوب صورت اسلوب میں تحریر کیا ہے۔
دوسرا حصہ ہے "مطالعہ کی تکنیک” اس کے تحت مصنف نے ضروری اور لابدی امور کی طرف توجہ دلائی ہے۔ سب سے پہلے صفحہ نمبر 51/ پر مطالعہ کے دس عناصر پر مشتمل ایک چارٹ چسپاں ہے، پھر صفحہ نمبر 90/ تک ان دس عناصر کی تشریح کی ہے۔ مطالعہ کے وہ دس عناصر یہ ہیں: مطالعہ کا مقصد، انتخابِ کتاب، کتاب پر ابتدائی نظر، یومیہ مطالعہ کا حساب، آخری تاریخ کا تعین، وسائلِ مطالعہ، مشکل مقامات کا حل، یاد داشتوں کو محفوظ کرنا، ہر مطالعہ سے پہلے تمہید اور تحریری تبصرہ۔ موصف مصنف نے ان دس عناصر پر بہت بہترین اور عمدہ تفصیل و تشریح کی ہے۔ نیز اس کے علاوہ مزید رہنمائی اور نمونے کے لئے مختلف چارٹ بھی تصویری شکل میں منسلک کر دئے ہیں (مثلاً: یومیہ مطالعہ کے ریکارڈ، مطالعہ کے سالانہ ریکارڈ، حاصلِ مطالعہ اور تبصرے کے چارٹ)
مزید افادۂ عام کی خاطر اخیر میں مختلف علوم وفنون پر کتابوں کی ایک لمبی فہرست بھی شاملِ کتاب کر دی گئی ہے جس میں سیرت، اسلامی تاریخ، سوانح واردو ادب وغیرہ کی معتبر اور مستند کتابیں ہیں۔
یعنی کہ یہ کتاب ہر مطالعہ کرنے والے کے لئے خواہ وہ متعلم ہو یا معلم یکساں مفید ہے۔ نیز مطالعہ کے حوالے سے ہر طرح کی مکمل رہبری ورہنمائی اس میں کر دی گئی ہے۔ جیسا کہ مولانا عبدالمتین منیری (وزارت اوقاف دبئی) کی تحریر پشتِ کتاب پر منسلک ہے” یہ کتاب علم و کتاب سے محبت کرنے والے، کیا چھوٹے کیا بڑے، ہر ایک کے لیے ایک بہترین رہنما بننے کی صلاحیت رکھتی ہے”
خلاصہ یہ کہ بلا مبالغہ یہ ایسا کتابچہ ہے جو طالبِ علم اور مطالعے کے شوقین احباب کے ہم وقت پاس رہنا چاہیے۔
اگر آپ کو علم و کتاب سے ذرا بھی واسطہ ہے تو صرف 40₹ روپے میں یہ کتابچہ ضرور خریدیں اور ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں۔ امید ہے یہ 40 روپے کا صرفہ آپ کو لاکھوں کروڑوں کو نفع دےگا, ان شاء اللہ تعالی۔ کتابچہ دیوبند کے تقریباً تمام کتب خانوں پر دستیاب ہے، جب کہ آئینۂ کتاب پر مکتبۃ النور دیوبند” کا نام درج ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے