कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے

مہا نگر پالیکا انتخابات کے تناظر میں امیدواروں ، نوجوان سے امن و سکون کا ماحول بنائے رکھنے کی دردمندانہ اپیل

از قلم :محمد سرور شریف ابن یوسف شریف (ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز پربھنی)
9960451708

قارئین ہم سب جانتے 15جنوری بروز جمعرات بلدیہ عظمی (مہا نگر پالیکا ) کے لیے امیدواروں کو منتخب کرنے کے ضمن میں ووٹنگ کا دن ہے ، لہٰذا الیکشن سے قبل ،ووٹنگ کے روز اور رزلٹ کے دن یعنی 16جنوری بروز جمعہ ہمارے شہر عزیز اور ریاست میں ہر حال میں امن و شانتی قائم رکھنا ہم سب کی اولین اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم سب کی عزت، شہر کی پہچان اور شہریوں کا وقار اسی میں ہے کہ اختلاف کے باوجود صبر، سکون اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ موجودہ مہا نگر پالیکا انتخابات کے موقع پر بالخصوص ووٹنگ کے دن اور رزلٹ کے دن یہ ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کیوں کہ ہم نے دیکھا ہے جو برتن جتنے قریب ہوتے ہیں وہی ٹکراتے اور شور کرتے ہیں ۔
انتخابات سے قبل، ووٹنگ کے دن اور نتائج کے اعلان کے وقت ضلع انتظامیہ اور محکمۂ پولیس سے بھرپور تعاون کریں ، کیوں کہ یہ ادارے ہماری حفاظت اور نظم و ضبط کے لیے ہوتے ہیں، ہم سب کا اخلاقی فرض ہے کہ قانون کی پاسداری کریں اور امن قائم رکھنے میں عملی تعاون دیں۔
انتخابی ماحول اور نتائج کے اعلان کے بعد میں جذبات کا اظہار فطری ہے، مگر دانش مندی اسی میں ہے کہ صبر اور برداشت کو ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔ کسی بھی اشتعال انگیزی، افواہ یا اشتعال دلانے والی حرکت سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی روکیں۔
یہ حقیقت ذہن نشین رہنی چاہیے کہ ہار اور جیت محنت اور مقدر پر منحصر ہوتی ہے۔ نتیجے کی بنیاد پر باہمی تعلقات خراب کرنا یا دشمنی پال لینا نہ عقلمندی ہے اور نہ ہی بحیثیت مسلمان ہمیں یہ عمل زیب دیتا ہے۔ انتخابات کو انتخابات کی حد تک محدود رکھنا ہی دانش مندی ہے۔ لہذا بے جا تناؤ سے اجتناب کریں
ضرورت سے زیادہ ٹینشن نہ خود کے لیے بہتر ہے اور نہ قوم و ملت کے لیے۔ غیر ضروری جوش اور اشتعال خود کو بھی نقصان پہنچاتا ہے اور قوم و ملت و شہر کی ساکھ کو بھی متاثر کرتا ہے۔
تعلیم یافتہ نوجوان معاشرے کا سرمایہ ہیں۔ان سے گزارش ہے کہ جذباتی ہجوم اور بے مقصد بھیڑ کا حصہ بن کر کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جو ان کے مستقبل اور والدین کے خوابوں کو چکنا چور کردیں ۔ ہوش، شعور اور ذمہ داری ہی نوجوانوں کی اصل پہچان ہے۔
جو امیدوار کامیاب ہوں، وہ عاجزی، انکساری اور بردباری کے ساتھ خوشی کا اظہار کریں۔ فتح کا حسن غرور میں نہیں بلکہ خوش اخلاقی اور در گزر میں ہے۔
جو امیدوار کامیاب نہ ہو سکیں، وہ مایوسی کا شکار نہ ہوں۔ آئندہ پانچ برس انسانیت اور عوامی خدمت میں مصروف رہیں ، آپ کی یہی مسلسل خدمت عوام کے دلوں میں جگہ بنائیں گی اور ایک دن آپ ضرور کامیاب ہوں گے۔
ہمیں امید ہے کہ ہمارے شہر عزیز کے باشعور شہری اور ہماری خوبصورت ریاست مہاراشٹر کے تمام باشندے ہماری اس اپیل کو سمجھتے ہوئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے اور امن و شانتی کے اس پیغام کو ہر فرد تک پہنچائیں گے۔ اس شعر پر اپنی بات ختم کرتا ہوں کہ
ان کا جو فرض ہے وہ اہل سیاست جانیں
میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے