कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا!

مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر ، ہدایت اللہ برکت اللہ پٹیل کا قتل

از :یوسف اقبال مانورہ

6 جنوری 2026 کو مہالہ تعلقہ اکوٹ ضلع اکولہ کی جامع مسجد میں ہدایت اللہ برکت اللہ پٹیل ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد ذکر و اذکار میں مصروف عمل تھے کہ اسی دوران کچھ حملہ وروں نے موصوف پر چاقو سے ان کی گردن اور سینے پر وار کرکے انہیں لہو لہان کر دیا انھیں فوراً گاؤں کے کچھ لوگوں کی مدد سے اکوٹ کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا مگر زخم اتنا کاری تھا کہ جانبر نہ ہوسکے اور صبح 7جنوری 2026 کو علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا ۔
ہدایت پٹیل صاحب اکولہ ضلع کی مشہور و معروف شخصیات میں سے ہرکس و ناکس میں ہر دلعزیز رہنما تھے ۔
پٹیل نے 2014 اور 2019 میں لوک سبھا الیکشن میں اپنی قسمت آزمائی کی وہ منتخب تو نہیں ہوسکے لیکن دوسرے نمبر پر رہ کر بتادیا تھا کہ ان کا ووٹ کتنا مضبوط ہے اور ضلع اکولہ میں ان کی مقبولیت کا معیار کیا ہے ۔ویسے تو موصوف خریدی وکری سنگھ کے صدر تھے اور 25 سال سے ضلع بینک کے رکن بھی رہ چکے ہیں ۔ پٹیل کو کسانوں اور ضلع اکولہ کے لوگوں میں بہت مقبولیت حاصل تھی ۔
ہدایت پٹیل کی اچانک موت سے کانگریس پارٹی کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے ۔ پورے ضلع میں اس حادثے کی مذمت کی جارہی ہے اور قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر نے کی مانگ ہو رہی ہے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پولس نے اس جرم میں عبید خان کالو خان عمر 22 سال ساکن مہالہ کو فوراً گرفتار کر لیا ہے ۔
ہدایت اللہ پٹیل صاحب کانگریس کے ایک قابلِ ستائش دور اندیش سیاست دان تھے اور فی الحال وہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ناءب صدر کے عہدے پر فائز تھے ۔
کون کہتا ہے کہ مرنے والوں کو دنیا بھول جاتی ہے یوں تو ہزاروں سالوں سے لوگ اس زمینی دنیا میں پیدا ہو رہے ہیں اور اس دنیائے فانی سے کوچ کر رہے ہیں ، مگر اللہ کے کچھ مخلص بندے ، عظیم شخصیت کے مالک ایسے بھی جاتے ہیں جن کے جانے سے ہزاروں آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں اور معاشرتی زندگی میں ایک خلاءسا پیدا ہو جاتا ہے ان کا چلا جانا ایک بڑا سانحہ ہوتا ہے مگرایسے انسان مرکر بھی مرتے نہیں ہیں بلکہ
وہ اپنی بے لوث خدمات اور اعلیٰ ظرفی کی بدولت انھیں وہ مقام حاصل ہوجاتا ہے کہ اس دنیاءے فانی سے جانے کے بعد بھی ایسی شخصیت ہمیشہ ذندہ و جاوید رہتی ہے ۔
پٹیل ایک عظیم شخصیت کے مالک ، بے باک لیڈر ، قوم و ملت کے علمبردار ، مفکر قوم و ملت ، ایک مضبوط اور دور اندیش سیاست دان ، با صلاحیت رہنماء اور سب کے دلوں پر راج کرنے والے محب قوم و ملت کا یوں چلاجانا ناقابلِ فراموش سانحہ ہے ۔
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
اس سانحہ ارتحال کی خبر نے اہل خاندان دوست و احباب ا عز و اقارب اور خاص کر سیاسی لیڈران کو سوگوار کردیا ہے ۔ موصوف کی وفات پر پورے برار میں گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کیوں نہ کیا جائے سیاسی میدان میں ہدایت پٹیل ایک قدآور ، تجربہ کار لیڈر تھے ان کے جانے سے سیاسی میدان میں ایک ناقابل تلافی اور ناقابل فراموش نقصان ہوا ہے ،موصوف کی شخصیت پورے برار کے لیے قیمتی اثاثہ تھی مرحوم کی زندگی سادگی، اعلی ظرفی، منکسر لمزاجی، خاکساری ، پیار و محبت اور خلوص کا مجسمہ تھی اور یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی موصوف کی دل سے عزت کرتا تھا اور ان کی شخصیت کو اپنے تو اپنے غیر بھی عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے ۔
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
جب یہ مشہور و معروف ہستی اس دنیائے فانی سے کوچ کرگءی اور جنازہ شہر خموشاں کی طرف رواں دواں تھا تو کیا ہندو کیا مسلمان ہرکس و ناکس کی آنکھیں اس جدائی کے غم میں اشکبار تھیں ، سیاسی میدان میں موصوف کی مضبوط پکڑ تھی کیونکہ موصوف ایک عظیم مفکر بلند پایہ لیڈر ، غریبوں محتاجوں ، مسکینوں کے ہمدرد اور بڑے قد آور انسان تھے۔ ان کی قومی و ملی بے لوث خدمات اور بصیرت افروز رہنمائی سیاسی میدان میں ان کے چاہنے والوں اور سیاسی ذہن رکھنے والوں کے لیے مشعل را ہ ثابت ہوگی ۔ پٹیل ایک مضبوط قوم پرست تھے اور ہر طبقے کے لوگوں میں مقبول تھے وہ زندگی بھر فرقہ پرستی سے لڑتے رہے موصوف طاقت کا ایک ستون تھے اور اقلیتوں کی حمایت میں خود کو ہمیشہ وقف کیے رہتے مگر کیا کریں درد و غم حیات کا درماں جو ہزاروں قلوب کی دھڑکن تھا اب وہ ہمیشہ کے لیے ہم سے رخصت ہو گیا اب صرف ان کی یادیں باقی ہیں ۔
جانے والے کبھی نہیں آتے
جانے والوں کی یاد آتی ہے
ہم ان کی ان یادوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور جملہ اہل خانہ کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں ۔
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے