कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ڈاکٹر ذاکر حسین پرائمری اسکول سیلو میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی شاندار تقریب

سیلو:13 ستمبر (ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف) ربیع الاول کے مقدس مہینے کی مناسبت سے ڈاکٹر ذاکر حسین پرائمری اسکول سیلو کی جانب سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک پُرنور اور روحانی محفل کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ دلکش تقریب سیلو شہر کے معروف ماشاءاللہ فنکشن ہال میں منعقد ہوئی جہاں جماعت اول سے ہفتم تک کے تقریباً 70 طلبا و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔تقریب کی صدارت محترمہ رحمت بیگم صاحبہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر محترمہ تسلیم بیگم اور نسیم بیگم صاحبہ کی موجودگی نے محفل کو مزید رونق افروز بنا دیا۔ اس مبارک محفل کا آغاز شیخ خزیمہ شیخ زبیر جماعت ہفتم الف کے ہونہار طالب علم کی دلنشین تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد علی شاہ ایوب پٹھان جماعت ہفتم الف نے سرور کونین ﷺ کی شان میں اپنی سریلی آواز میں نعت کا خوبصورت نذرانہ پیش کیا۔محفل میں مختلف روحانی اور تعلیمی مقابلوں کا بہترین اہتمام کیا گیا تھا۔ سب سے پہلے اذان کا مقابلہ شروع ہوا جس میں جملہ 16 طلبا نے اپنا جوہر دکھایا، جہاں انعام اول روحان سمیر جماعت پنجم نے حاصل کیا جبکہ انعام دوم صفوان ساجد جماعت پنجم کے نام رہا۔ ججنگ کے اہم فرائض محترم خواجہ مولانا اور حافظ جنید صاحب نے نہایت عدل و انصاف کے ساتھ انجام دیے۔اس کے بعد نعتیہ مقابلے کا دور شروع ہوا جس میں جملہ 40 طلبا و طالبات نے حضور اکرم ﷺ کی شان میں انتہائی عقیدت اور پیارے انداز میں دلکش نعتیں پیش کیں۔ اس مقابلے میں انعام اول سہانا شوکت علی جماعت ہفتم الف کی ذہین طالبہ نے حاصل کیا جبکہ انعام دوم صبا شیخ صغیر جماعت ہفتم ب نے اپنی خوبصورت آواز سے سب کا دل موہ لیا۔تقریری مقابلے میں پیارے نبی ﷺ کی مقدس زندگی کے مختلف گوشوں کو تقریباً 40 طلبا و طالبات نے نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ اس مقابلے میں سمیر شیخ وسیم جماعت پنجم نے انگریزی زبان میں بہترین تقریر کرکے انعام اول حاصل کیا، جبکہ حمیرہ محبوب خان جماعت ششم الف کی ہوشیار طالبہ نے مراٹھی زبان میں تقریر کر کے انعام دوم اپنے نام کیا۔صدر مدرس جناب محمد عبدالعلیم صوفی صاحب نے تمام شریک طلبا و طالبات کو نقد انعامات سے نوازا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کا بنیادی مقصد آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں بچے موبائل کھیلوں میں مشغول ہیں، وہاں انھیں اپنے دینی اقدار سے جوڑنا اور اللہ و رسول ﷺ کی محبت کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔اس موقع پر آنے والے اسلامی کوئز مقابلوں کا بھی اعلان کیا گیا جس میں طلبا کو 500 سوالات پر مبنی کتاب فراہم کی جائے گی اور انھیں 100 سوالات کا پرچہ دیا جائے گا۔ انعام اول، دوم اور سوم کے فاتحین کو بالترتیب تین ہزار، دو ہزار اور ایک ہزار روپے کے ترغیبی انعامات سے نوازا جائے گا۔پروگرام کی کامیاب نظامت محترمہ شاہین پروین معلمہ نے انجام دی جبکہ اظہار تشکر محترمہ صالحہ باجی نے پیش کیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں خواتین سرپرست اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں رضوان صاحب، ارشاد خان صاحب، محمد لئیق صاحب، احمد صاحب، حافظ جنید صاحب اور سید صابر نے انتھک محنت اور بہترین تعاون فراہم کیا۔یہ پُرمعنی اور روحانی تقریب نہ صرف طلبا کی دینی تربیت کا بہترین ذریعہ بنی بلکہ سیلو شہر میں مذہبی رواداری اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے کا عمدہ نمونہ بھی ثابت ہوئی جس سے پورے علاقے میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے