कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سیرتِ نبویﷺ کے گم نام مگر تابندہ اوراق

(حضرت محمدﷺ کی زندگی کے وہ بیش بہا اور قیمتی لمحات جو تاریخ کے صفحات میں مکمل طور پر محفوظ نہ ہو سکے)

تحریر:مسعود محبوب خان (ممبئی)
09422724040

کارزارِ حیات میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی زندگی کا ہر لمحہ ایک درسگاہ، ہر سانس ایک پیغام، ہر عمل ایک نمونۂ اخلاق اور ہر قدم ایک انقلاب کی بنیاد ہوتا ہے۔ مگر ان تمام عظیم ہستیوں میں سب سے بلند و برتر مقام حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا ہے، جن کی حیاتِ طیبہ نہ صرف اُمّتِ مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت، اخلاق و کردار اور فلاح و نجات کا دائمی سرچشمہ ہے۔ آپﷺ کی مبارک زندگی کا ہر دور—ولادتِ باسعادت سے لے کر وصالِ مبارک تک—محدثین، مفسرین، مؤرخین اور سیرت نگاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ تاریخِ انسانی شاید ہی کسی اور شخصیت کے حالاتِ زندگی کو اتنی وسعت، تحقیق اور محبت کے ساتھ محفوظ کر سکی ہو جتنا رسولِ اکرمﷺ کی سیرتِ مقدّسہ کو کیا گیا۔
اس کے باوجود ایک حقیقت ہمیشہ اپنی جگہ برقرار رہتی ہے کہ آپﷺ کی مبارک زندگی کے بے شمار ایسے لمحات، کیفیات، دعائیں، خاموشیاں، آنسو، تبسم، قلبی احساسات اور ربِّ کریم سے تعلق کی وہ گہرائیاں تاریخ کے صفحات میں مکمل طور پر محفوظ نہ ہو سکیں۔ جو کچھ ہم تک پہنچا، وہ یقیناً ہدایت کے لیے کافی اور اللہ تعالیٰ کی حکمت کے مطابق محفوظ کیا گیا، لیکن آپﷺ کی پوری حیاتِ مبارکہ کی ہر کیفیت کو انسانی حافظہ اور قلم اپنے اندر سمو نہیں سکتے تھے۔
تاریخ اپنے دامن میں صرف انہی واقعات کو جمع کر سکتی ہے جو زبان پر آئے، قلم تک پہنچے، کسی معتبر راوی نے انہیں محفوظ کیا یا جنہیں اللہ تعالیٰ نے اُمّت کی رہنمائی کے لیے محفوظ رکھنا پسند فرمایا۔ لیکن ایک نبی کی زندگی صرف ظاہری اعمال اور تاریخی واقعات کا نام نہیں ہوتی، بلکہ اس کا ایک وسیع باطنی جہان بھی ہوتا ہے؛ ایسا جہان جس کا حقیقی علم صرف ربِّ العالمین کو ہوتا ہے۔ رسول اللہﷺ کی خلوتوں کی عبادتیں، شب کی تنہائیوں میں طویل قیام، سجدوں کی گریہ و زاری، اُمّت کے لیے مسلسل دعائیں، اپنے ربّ کے حضور راز و نیاز، دل کی بے شمار کیفیات اور محبتِ الٰہی کے وہ سمندر جن کی لہریں صرف آسمان جانتا تھا، ان کا بڑا حصّہ انسانی روایت سے ماورا رہ گیا۔
غارِ حرا میں نزولِ وحی سے قبل کے وہ طویل ایام اس حقیقت کی ایک روشن مثال ہیں۔ آپﷺ مکّہ کی ہنگامہ خیز زندگی سے الگ ہو کر غارِ حرا کی تنہائی میں غور و فکر، عبادت اور حق کی تلاش میں مشغول رہتے تھے۔ سیرت کی کتابیں ہمیں اس اعتکاف اور عبادت کا ذکر ضرور کرتی ہیں، لیکن ان شب و روز کی روحانی گہرائی، قلبی واردات، فکر کی وسعت، کائنات کے اسرار پر تدبر، اور اپنے ربّ سے قرب کے وہ لطیف احساسات، جنہوں نے ایک عظیم نبوی مشن کی بنیاد رکھی، ان کی مکمل کیفیت نہ کوئی آنکھ دیکھ سکی، نہ کوئی قلم اسے پوری طرح بیان کر سکا۔
اسی طرح نزولِ وحی کے بعد بھی آپﷺ کی زندگی کا ایک عظیم حصّہ ایسا ہے جو صرف اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے۔ تہجد کی طویل ساعتیں، وہ سجدے جن میں اُمّت کی مغفرت کے لیے آنسو بہتے تھے، وہ دعائیں جو زبان سے ادا ہونے سے پہلے دل میں اٹھتی تھیں، وہ خاموش لمحے جن میں آپﷺ اپنے ربّ کے حضور اپنی اُمّت کے مستقبل کی خیر مانگتے تھے، اور وہ روحانی انوار جو آپﷺ کے قلبِ اطہر پر وارد ہوتے تھے، ان سب کی مکمل تفصیلات تاریخ کے صفحات میں محفوظ نہیں ہو سکیں۔ جو کچھ محفوظ ہوا، وہ بھی انسانیت کے لیے ایک عظیم نعمت ہے، لیکن جو محفوظ نہ ہو سکا، اس کی عظمت کا اندازہ صرف وہی ذات کر سکتی ہے جس نے اپنے محبوبﷺ کو اپنے قربِ خاص سے نوازا۔
یہی وجہ ہے کہ سیرتِ نبویﷺ محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ نور، محبت، معرفت اور ہدایت کا ایسا بحرِ بیکراں ہے جس کی گہرائیوں تک انسانی عقل پوری طرح نہیں پہنچ سکتی۔ تاریخ نے اس بحر سے اپنی وسعت کے مطابق موتی ضرور چنے ہیں، مگر اس کے بے شمار گوہر آج بھی علمِ الٰہی کے خزانے میں محفوظ ہیں۔ یہی احساس اہلِ ایمان کے دل میں رسولِ اکرمﷺ کی عظمت، محبت اور عقیدت کو مزید گہرا کرتا ہے اور یہ حقیقت واضح کرتا ہے کہ آپﷺ کی شخصیت تاریخ کی حدود سے کہیں زیادہ وسیع، بلند اور آفاقی ہے۔
اسی طرح مکّۂ مکرّمہ کے وہ تیرہ صبر آزما برس، جب حق و باطل کی کشمکش اپنے عروج پر تھی اور کفارِ قریش کی مخالفت، استہزا، مقاطعہ، ظلم و ستم اور ایذا رسانیوں نے اپنی انتہا کو پہنچا دیا تھا، رسولِ اکرمﷺ کی حیاتِ مبارکہ کا ایسا باب ہیں جس کی مکمل تفصیلات انسانی تاریخ محفوظ نہ رکھ سکی۔ ان دشوار گزار ایام میں آپﷺ نے نہ جانے کتنی راتیں اُمّت کے مستقبل کی فکر میں جاگتے ہوئے گزاریں، کتنی بار اپنے ربِّ کریم کے حضور دستِ دعا بلند کیے، کتنی آہیں دل کی گہرائیوں سے نکلیں، اور کتنے آنسو صرف اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول ہوئے۔ یقیناً بے شمار دعائیں ایسی تھیں جنہیں صرف ربّ العالمین نے سنا، بے شمار اشک ایسے تھے جو زمین پر گرے مگر کسی آنکھ نے انہیں محفوظ نہ کیا، اور صبر، توکل، رضا اور استقامت کے کتنے ہی ایسے مناظر تھے جن کی کیفیت نہ کسی قلم میں سمائی اور نہ کسی روایت میں پوری طرح منتقل ہو سکی۔
شعبِ ابی طالب کی سختیاں، طائف کی سنگ باری، اپنے جاں نثار رفقاء کی تکالیف، اور قوم کی مسلسل بے رخی کے باوجود آپﷺ کے قلبِ مبارک میں انتقام کا جذبہ نہیں بلکہ ہدایت کی آرزو موجزن رہی۔ ان آزمائشوں کے دوران آپﷺ کی اپنے ربّ سے سرگوشیاں، اُمّت کے لیے بے چین دعائیں اور انسانیت کی فلاح کے لیے مسلسل تڑپ کا بڑا حصّہ صرف اللہ تعالیٰ ہی کے علم میں محفوظ ہے۔ تاریخ نے ان واقعات کے نمایاں نقوش تو محفوظ کر لیے، لیکن ان کے پس منظر میں چھپی روحانی کیفیات، قلبی واردات اور عشقِ الٰہی سے لبریز لمحات کی پوری تصویر آج بھی انسانی نگاہ سے اوجھل ہے۔
مدینۂ منورہ کا دور بھی اسی حقیقت کا آئینہ دار ہے۔ یہاں آپﷺ ایک عظیم اسلامی ریاست کے قائد، عادل منصف، سپہ سالار، معلم، مربی اور رہبر تھے، لیکن ان تمام عظیم ذمّہ داریوں کے باوجود آپﷺ کی عاجزی، انکساری، رحمت اور شفقت اپنی مثال آپ تھی۔ آپﷺ کتنی ہی مرتبہ خاموشی سے غرباء کے گھروں میں تشریف لے گئے، کتنے یتیموں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھا، کتنے بیماروں کی عیادت فرمائی، کتنے غلاموں، مسکینوں اور کمزوروں کو عزّت و محبت بخشی، کتنے دلوں کے زخم اپنے حسنِ اخلاق سے بھر دیے، اور کتنے رنجیدہ انسانوں کے غم بانٹے۔ ان میں سے صرف چند واقعات ہی تاریخ اور حدیث کی کتابوں میں محفوظ ہو سکے، جب کہ بے شمار ایسے مواقع زمانے کی گردش میں اوجھل ہو گئے جن کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے۔
درحقیقت رسول اللہﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ رحمت، محبت، خیر خواہی اور ایثار کا ایسا بحرِ بے کراں تھی جس کے چند قطرے ہی روایتوں میں محفوظ ہو سکے ہیں۔ جو کچھ ہم تک پہنچا، وہ ہدایت کے لیے کافی اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، لیکن یہ احساس بھی دل کو جھنجھوڑتا ہے کہ آپﷺ کے حسنِ اخلاق، عبادت، شفقت، دعا اور انسانیت نوازی کے کتنے ہی درخشاں پہلو ایسے ہیں جو تاریخ کے اوراق میں مکمل طور پر محفوظ نہ ہو سکے، بلکہ ہمیشہ کے لیے علمِ الٰہی کے خزانے میں محفوظ رہ گئے۔
رسول اللہﷺ کا اپنی ازواجِ مطہرات، اہلِ بیتِ اطہار اور صحابۂ کرامؓ کے ساتھ روزمرّہ کا طرزِ زندگی بھی یقیناً اس سے کہیں زیادہ وسیع، حسین اور تربیت آموز تھا جتنا ہمیں روایاتِ سیرت میں محفوظ نظر آتا ہے۔ احادیث اور آثار نے اس مبارک زندگی کی بے شمار روشن جھلکیاں ہمارے سامنے رکھی ہیں، مگر یہ تصور کرنا بعید نہیں کہ ان کے علاؤہ بھی محبت، شفقت، حلم، حسنِ معاشرت اور اخلاقِ نبویﷺ کے بے شمار ایسے مناظر تھے جو کسی راوی کی نگاہ میں نہ آ سکے یا روایت کا حصّہ نہ بن سکے۔ گھریلو زندگی کے وہ خاموش اور پُرمحبت لمحے، اہلِ خانہ کی دلجوئی، ازواجِ مطہرات کے ساتھ حسنِ معاشرت، بچّوں کے ساتھ کھیل، ان کی تعلیم و تربیت، گھر کے کاموں میں معاونت، مسکراہٹوں سے دل جیت لینا، اور محبت و شفقت کے وہ بے ساختہ انداز جو روزمرّہ کی زندگی کا حصّہ تھے، ان میں سے صرف چند نقوش ہی تاریخ نے محفوظ کیے ہیں، جب کہ ان کی اصل وسعت اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔
اسی طرح مسجدِ نبوی میں صحابۂ کرامؓ کی تعلیم و تربیت، انفرادی رہنمائی، ہر ایک کے مزاج اور استعداد کے مطابق نصیحت، کمزوروں کی حوصلہ افزائی، خطاکاروں کی اصلاح، اور دل شکستہ انسانوں کی دلجوئی کے بے شمار واقعات بھی یقیناً وقت کی گرد میں اوجھل ہو گئے۔ جن چند مثالوں کو احادیث نے محفوظ کیا، وہی اس بات کی گواہی کے لیے کافی ہیں کہ آپﷺ کی پوری زندگی سراپا رحمت، حکمت اور تربیت تھی، لیکن اس مبارک سیرت کے بے شمار گوشے ایسے بھی ہیں جنہیں نہ قلم محفوظ کر سکا اور نہ ہی حافظۂ تاریخ۔
غزوات اور معرکوں کے دوران بھی رسول اللہﷺ کے قلبِ مبارک کی کیفیات کا مکمل ادراک انسانی عقل و بیان سے ماورا ہے۔ جب آپﷺ اپنے جانثار صحابۂ کرامؓ کی شہادت پر اشکبار ہوتے، زخمی مجاہدین کی دلجوئی فرماتے، یتیم ہونے والے بچّوں اور بیوہ ہونے والی خواتین کے مستقبل کی فکر کرتے، یا میدانِ جنگ میں بھی اپنے دشمنوں کے لیے ہدایت کی دعا کرتے، تو ان لمحات میں آپﷺ کے قلبِ رحمت کی وسعت کو الفاظ مکمل طور پر بیان نہیں کر سکتے۔ سیرت کی کتابیں ہمیں ان واقعات کا ظاہری نقشہ ضرور دکھاتی ہیں، لیکن ایک نبیِ رحمتﷺ کے دل میں موجزن محبت، درد، شفقت، خیر خواہی اور احساسِ ذمّہ داری کی وہ گہرائیاں، جن کا حقیقی علم صرف اللہ تعالیٰ کو تھا، تاریخ کی گرفت سے کہیں زیادہ وسیع ہیں۔
یہی وہ حقیقت ہے جو ہمیں اس احساس تک پہنچاتی ہے کہ سیرتِ نبویﷺ محض محفوظ روایات کا نام نہیں، بلکہ وہ ایک ایسی زندہ، متحرک اور نورانی زندگی ہے جس کے بے شمار درخشاں پہلو اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمت کے تحت اپنے علم میں محفوظ رکھے۔ جو کچھ اُمّت تک پہنچا، وہ ہدایت، تربیت اور نجات کے لیے کافی ہے، لیکن جو کچھ محفوظ نہ ہو سکا، وہ بھی اسی مقدّس زندگی کا حصّہ تھا، جس کی ہر ادا رحمت، ہر لمحہ عبادت، ہر عمل ہدایت اور ہر کیفیت ربِّ کریم کی رضا سے معمور تھی۔
پھر وہ مبارک راتیں بھی تاریخ کی اُن خاموش مگر نورانی وادیوں میں شامل ہیں جن کی مکمل کیفیت انسانی قلم محفوظ نہ کر سکا۔ رسول اللہﷺ راتوں کے اندھیروں میں اپنے ربّ کے حضور اس قدر طویل قیام فرماتے کہ قدمِ مبارک متورم ہو جاتے۔ آپﷺ کے سجدے بندگی، خشوع اور محبتِ الٰہی کی معراج ہوتے، لب ہائے مبارک سے ایسی دعائیں جاری ہوتیں جن میں صرف اپنی ذات نہیں بلکہ پوری اُمّت کی مغفرت، ہدایت، رحمت اور نجات کی التجا شامل ہوتی۔ کتنی ہی راتیں ایسی گزری ہوں گی جن میں آپﷺ کی آنکھوں سے اشکِ محبت و خشیت جاری ہوئے، کتنی آہیں بارگاہِ الٰہی میں پیش ہوئیں، اور کتنی دعائیں ایسی تھیں جنہیں صرف ربِّ ذوالجلال نے سنا۔ ان روح پرور لمحات کی اصل گہرائی، قلبِ نبویﷺ کی کیفیات، محبتِ الٰہی کی شدّت اور بندگی کے ان بلند ترین مدارج کا کامل علم صرف اللہ ربّ العزّت ہی کو ہے۔
یہی وہ پہلو ہے جو ہمیں احساس دلاتا ہے کہ سیرتِ طیبہ صرف ظاہری اعمال اور تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ وہ ربّ اور اس کے محبوبﷺ کے درمیان محبت، قرب، راز و نیاز اور عبدیت کی ایسی داستان ہے جس کا ایک حصّہ اُمّت کی ہدایت کے لیے محفوظ کر دیا گیا، جب کہ اس کا ایک وسیع اور نورانی جہان علمِ الٰہی میں مستور رہا۔
حجۃ الوداع کے بعد کے آخری ایام بھی اسی حقیقت کا نہایت رقت انگیز اور ایمان افروز مظہر ہیں۔ نبوت و رسالت کا عظیم مشن اپنی تکمیل کو پہنچ چکا تھا، دینِ اسلام کامل کر دیا گیا، اور رسولِ اکرمﷺ اپنی اُمّت کے لیے اتمامِ حجت فرما چکے تھے۔ اس کے باوجود آپﷺ کی فکر کا مرکز اپنی ذات نہیں بلکہ اپنی اُمّت ہی رہی۔ آپﷺ مسلسل نصیحتیں فرماتے، باہمی اخوت، عدل، حقوق العباد، تقویٰ اور کتاب و سنّت سے مضبوط وابستگی کی تلقین کرتے رہے، گویا رخصت ہوتے ہوئے بھی پوری اُمّت کو خیر، ہدایت اور کامیابی کی امانت سپرد کر رہے تھے۔
پھر جب وصالِ مبارک کا وقت قریب آیا تو ان آخری لمحات میں بھی آپﷺ کے قلبِ اطہر میں اپنی اُمّت ہی کی محبت موجزن تھی۔ اس وقت آپﷺ کے دل میں اُمّت کے لیے کتنی شفقت، کتنی دعا، کتنی خیر خواہی اور کتنی فکری ذمّہ داری تھی، اس کی مکمل حقیقت کسی انسان کے لیے جاننا ممکن نہیں۔ تاریخ نے ان مبارک ایام کی چند جھلکیاں ضرور محفوظ کر لی ہیں، لیکن قلبِ نبویﷺ کے وہ جذبات، وہ خاموش دعائیں، وہ روحانی کیفیات اور اُمّت کے لیے وہ بے پایاں محبت، جنہیں صرف اللہ تعالیٰ جانتا تھا، انسانی روایت کی حدود سے کہیں زیادہ وسیع ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپﷺ کی آخری نصیحتوں، ارشادات اور دعاؤں میں بھی اُمّت کی خیر خواہی، آسانی، اتحاد اور فلاح کی فکر نمایاں نظر آتی ہے، اور یہی وہ دائمی پیغام ہے جو قیامت تک اہلِ ایمان کے دلوں کو منور کرتا رہے گا۔
درحقیقت رسول اللہﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ ایک ایسے بحرِ بے کراں کی مانند ہے جس کی وسعتوں کا احاطہ انسانی عقل، حافظے اور قلم کے لیے ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمتِ کاملہ کے تحت آپﷺ کی زندگی کا وہ حصّہ محفوظ فرما دیا جو قیامت تک انسانیت کی ہدایت، تعلیم اور رہنمائی کے لیے ضروری تھا، لیکن اس مبارک زندگی کے بے شمار نورانی پہلو، روحانی کیفیات، دعائیں، عبادتیں، اخلاقی جلوے اور محبت و رحمت کے مظاہر ایسے بھی ہیں جو صرف علمِ الٰہی میں محفوظ ہیں۔ اگر دنیا کے تمام درخت قلم بن جائیں، تمام سمندر روشنائی میں بدل جائیں، اور تمام انسان لکھنے میں مصروف ہو جائیں، تب بھی رسولِ اکرمﷺ کے حسنِ اخلاق، کمالِ عبادت، عدل و انصاف، حلم و بردباری، شفقت و رحمت، حکمت و بصیرت اور اسوۂ حسنہ کے تمام پہلو مکمل طور پر قلم بند نہیں کیے جا سکتے۔ آپﷺ کی شخصیت انسانی تاریخ کی حدود سے کہیں زیادہ وسیع، گہری اور آفاقی حقیقت ہے۔
اسی حقیقت کے پیشِ نظر ایک صاحبِ ایمان کا تعلق رسول اللہﷺ سے محض اُن تاریخی واقعات تک محدود نہیں رہتا جو کتابوں میں محفوظ ہیں، بلکہ اس کا دل اُن نورانی لمحات سے بھی عقیدت و محبت کا رشتہ قائم رکھتا ہے جنہیں کسی راوی نے نقل نہیں کیا، کسی مؤرخ نے قلم بند نہیں کیا، اور جو اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوبﷺ کے درمیان رازِ محبت بن کر محفوظ رہے۔ وہ خاموش سجدے، وہ بے زبان دعائیں، وہ اشکِ خشیت، وہ لمحاتِ قربِ الٰہی، اور اُمّت کے لیے وہ بے شمار تمنائیں جن کی مکمل تفصیل دنیا میں محفوظ نہ ہو سکی، اہلِ ایمان کے لیے ایمان افروز تصور اور محبتِ رسولﷺ کا سرچشمہ ہیں۔ یہ لمحات اگرچہ تاریخ کے صفحات میں پوری طرح محفوظ نہیں، لیکن اہلِ محبت کے دلوں میں نور، عقیدت اور شوقِ اتباع بن کر ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
یہی احساس انسان کو اس حقیقت تک بھی پہنچاتا ہے کہ سیرتِ نبویﷺ کا مطالعہ صرف معلومات حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ محبت، معرفت، اتباع اور تعلقِ رسولﷺ کو اپنے وجود کا حصّہ بنانے کا سفر ہے۔ جس قدر انسان آپﷺ کی سیرت میں غور کرتا ہے، اسی قدر اسے اپنی محدودیت اور رسولِ رحمتﷺ کی عظمت کا زیادہ گہرا احساس ہوتا ہے، اور وہ اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ آپﷺ کی ذاتِ اقدس اللہ تعالیٰ کی سب سے کامل نعمت، سب سے عظیم رحمت اور انسانیت کے لیے کامل ترین نمونہ ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں رسولِ اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ کو صحیح معنوں میں سمجھنے، اس کے ظاہر و باطن سے فیض یاب ہونے، آپﷺ کی سنّتِ مبارکہ کو اپنی زندگی کا عملی دستور بنانے، اور آپﷺ کی سچی محبت و کامل اتباع کو اپنا سب سے قیمتی سرمایہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں کو عشقِ رسولﷺ کے نور سے منور فرمائے، ہمیں دنیا و آخرت میں آپﷺ کی شفاعتِ عظمیٰ نصیب فرمائے، اور قیامت کے دن ہمیں آپﷺ کے مبارک جھنڈے تلے جمع فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین۔
📧masood.media4040@gmail.com

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے