कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بلوغت سے حفظانِ صحت تک، مویدالمسلمین ہائی اسکول میں شعور بیداری کی منفرد پہل

صحت مند عادات اور درست رہنمائی طلبہ کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں: ماہرینِ طب

پربھنی :10؍اگست ( ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف): میمن مرچنٹس اسوسی ایشن، پربھنی کے زیرِ انتظام چلنے والے ادارہ مؤید المسلمین ہائی اسکول، عثمانیہ کالونی، پربھنی میں طلبہ و طالبات کی صحت اور بہتر نشوونما کے پیشِ نظر بلوغت کے دوران ہونے والی جسمانی و جذباتی تبدیلیوں، صفائی اور حفظانِ صحت کے موضوعات پر خصوصی آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام میں ماہرینِ طب نے طلبہ و طالبات کو عمر کے اس اہم مرحلے میں صحت، صفائی اور مثبت طرزِ زندگی کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر جماعت ہشتم کی طالبات کے لیے معروف ماہرِ طب ڈاکٹر صبیحہ فرحت نصیر احمد خان (MBBS, DGO) نے "بلوغت کے دوران جذباتی تبدیلیاں (Emotional Changes – Puberty)” کے موضوع پر خصوصی رہنمائی کی۔ انہوں نے طالبات کو بلوغت کے مرحلے میں رونما ہونے والی مختلف تبدیلیوں کو سمجھنے اور ان سے مثبت انداز میں نمٹنے کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔
اسی طرح جماعت ہشتم کے طلبہ کے لیے ڈاکٹر شکیب صدیقی ججازالدین صدیقی (MD Unani, PGDEMS) نے بلوغت کے دوران ہونے والی اہم تبدیلیوں، صحت مند عادات اور بہتر طرزِ زندگی کے حوالے سے طلبہ کی رہنمائی کی۔
جماعت نہم کے طلبہ کے لیے "صفائی اور حفظانِ صحت (Hygiene and Cleanliness)” کے موضوع پر معروف ماہرِ اطفال ڈاکٹر شیخ توقیر احمد شیخ جیلانی (MBBS, DCH, DNB – Pediatric) نے خصوصی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے ذاتی صفائی، صحت مند عادات، بیماریوں سے تحفظ اور روزمرہ زندگی میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
جبکہ جماعت نہم کی طالبات کے لیے ڈاکٹر امرینہ کوثر مرزا مظفر بیگ (BDS) نے "صفائی اور حفظانِ صحت” کے موضوع پر مفید معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے طالبات کو ذاتی صفائی، صحت مند معمولات اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر باقاعدگی سے عمل کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات نے ماہرینِ طب سے مختلف سوالات بھی کیے، جن کے ڈاکٹروں نے نہایت سادہ، مفید اور اطمینان بخش انداز میں جوابات دیے۔ اس موقع پر طلبہ میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے اور انہیں اپنی صحت کے حوالے سے ذمہ دار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر میمن مرچنٹس اسوسی ایشن کے صدر افضل سیٹھ پاڈیلا، سیکریٹری خمیسہ غلام محمد مٹھو اور اسکول کمیٹی کے چیئرمین موسیٰ یوسف ناگانی نے اس نوعیت کے صحت و آگاہی پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما بھی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مستقبل میں بھی ایسے مفید پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اسکول کے صدرِ مدرس محمد عبدالباسط نے تمام معزز ڈاکٹروں اور ماہرینِ طب کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی قیمتی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ صحت مند، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ و طالبات، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی جانب سے فراہم کی گئی مفید رہنمائی کو سراہا اور اس پروگرام کو طلبہ کی صحت و تندرستی کے لیے ایک اہم اور قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے