कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مادرِ علمی؛ معہد کتاب وسنت کے بارے میں ہمارے تاثرات!!

بقلم: معاذ حیدر
٦/ ذو الحجۃ ١٤٤٧ھ
٢٤/ مئ ٢٠٢٦ء

معہد کتاب وسنت” ہمارے لیے اور ہمارے شہرِ کلکتہ کے لیے بڑی نعمت ہے، یہ ہمارا مادرِ علمی ہے، علمی اعتبار سے یہ اس شہر کا سب سے کامیاب ادارہ ہے، اس ادارے کی نسبت ہمارے لیے قابلِ فخر ہے، اس کے قیام سے کلکتہ کی علمی تاریخ کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے، اس کی تاسیس ایک تاریخی موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، میں بلا تکلف یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ "کلکتہ کی متدین علمی تاریخ کا مستحکم آغاز اسی ادارے سے ہوا ہے”۔
اس کا قیام ایسے زمانے میں ہوا جس زمانے میں اس شہر کی فضا کو عالمیت کے منافی سمجھا جاتا تھا، یہ بات زبان زد تھی کہ "اگر صلاحیت بنانی ہے تو یوپی کے مدارس میں سے کسی مدرسے کا رخ کرو”، اس ادارے نے اس تصور کو ختم کیا، شعبۂ حفظ ہی علمی نظام کی انتہا تھی، اس ادارے نے اس میں ترمیم کی، مادرِ علمی دارالعلوم دیوبند سے براہِ راست طالب علمانہ ربط کا کوئی تصور نہیں تھا، اس ادارے کی پیہم جدوجہد نے ہمیں عالمی علمی مرکز سے مربوط کیا۔
اس کے نظامِ عمل میں ہمیں خالص علمی مزاج ملا، اس نے دارالعلوم دیوبند کو اپنا نمونۂ عمل بنایا، بہت قلیل مدت میں اس کے دور رس اثرات مرتب ہوئے، مقاصد میں پوری کامیابی ملی، میں سمجھتا ہوں کہ اس کا راز بانئ محترم، حضرت الاستاذ، مولانا عبدالمتین صاحب قاسمی -دامت برکاتہم- کا اخلاص ہے، آپ اور آپ کے تعلیمی و انتظامی عملے کی مسلسل جدوجہد کے یہ اثرات ہیں۔
یہاں رجال سازی کا خاص اہتمام ہے، اساتذہ کی محنت اور بالخصوص حضرت الاستاذ، مفتی نذیر صاحب قاسمی -دامت برکاتہم- کی توجہات کی برکت سے ہم طلباء میں متقدمین کے علوم سے استفادہ کا شوق پیدا ہوجاتا ہے، اس بحر بے کنار میں غوطہ زنی کی جرأت پیدا ہوجاتی ہے۔
یہاں کے نظام کی اور اساتذہ کے ارشادات کی جو پابندی کرلیتا ہے علمی دنیا اس کے لیے مسخر ہوجاتی ہے، اس کی زبان، قلم اور قدم میں تاثیر پیدا ہوجاتی ہے، مؤثر بنتا ہے متاثر نہیں ہوتا، اکابر کی فکر پر جیتا ہے اور اسی فکر پر مرنا چاہتا ہے۔
‌ یقیناً اس ادارے کا ہمارے ذرے ذرے پر احسان ہے، ہماری نسلیں تا ابد اس کی احسان مند رہیں گے، یہاں کی فضا نے ہمارے اندر غیر معمولی تبدیلی پیدا کی ہے، پہلے پڑھائی ہمارے لیے مرض کا سبب محسوس ہوتی تھی، لیکن اب وہی ہمارے مرض کے لیے تریاق بن چکی ہے، کبھی مطالعہ اور درس کا نام سن کر طبیعت مکدر ہوجاتی تھی، مگر اس ادارے سے وابستگی اور مادرِ علمی دارالعلوم دیوبند کے چار سالہ قیام کے بعد، اساتذہ کی توجہات اور والدین کی آہِ سحر گاہی اور نالاۓ نیم شبی کی برکت سے اب صورت حال یہ ہے کہ "علمی مشغلہ ہماری صحت کا ذریعہ، نشاط کا سبب، تفریح کا وسیلہ، لطف اور دل بستگی کا سامان بن چکا ہے، اب ہمارا چین وسکون اسی وادی میں پنہاں ہے”
دعا ہے کہ اللہ اس ادارے کو باقی رکھے، مزید ترقیات سے نوازے، علمی وانتظامی ضروریات کی کفالت فرماۓ۔ آمین

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے