कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

شعبۂ اردو این ایس بی کالج ناندیڑ کے زیرِ اہتمام ’’غزل کا فن‘‘ پر توسیعی لیکچر

ناندیڑ: 28؍ستمبر ( راست) شعبۂ اردو، نیتاجی سبھاش چندر بوس کالج، ناندیڑ کے زیرِ اہتمام ’’غزل کا فن‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی توسیعی لیکچر کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت کالج ہٰذا کی وائس پرنسپل ڈاکٹر کلپنا کدم نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد انور الدین، صدر شعبۂ اردو، گورنمنٹ ڈگری کالج نسواں، حیدرآباد تھے۔
تقریب کے آغاز میں صدرِ شعبۂ اردو ڈاکٹر ارشاد احمد خان نے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد انور الدین کا شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدرِ مجلس ڈاکٹر کلپنا کدم اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد انور الدین کے ہاتھوں شعبۂ اردو کی جانب سے تیار کردہ اردو وال پیپرز کا اجرا بھی عمل میں آیا۔ بعد ازاں بزمِ اردو سے وابستہ تمام طلبہ و طالبات کی گل پوشی کی گئی۔
تقریب کے دوران شعبۂ اردو کی جانب سے منعقدہ تحریری مقابلہ ’’منشی پریم چند: شخصیت اور خدمات‘‘ کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ مقابلہ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اول، دوم اور سوم انعام کے علاوہ ترغیبی انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اسی موقع پر شعبۂ اردو کی دو طالبات ثانیہ سید یونس اور رفعت انجم کو بھی تہنیت پیش کی گئی، جنہوں نے گزشتہ سال بی اے سال سوم میں امتیازی کامیابی حاصل کی تھی۔
پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشاد احمد خان، صدر شعبۂ اردو نے کہا کہ ’’غزل کا فن‘‘ کے موضوع پر توسیعی لیکچر کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلبہ کو غزل کی فنی خصوصیات، اس کے موضوعات، اسلوب اور ارتقائی روایت سے واقف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ادبی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں اردو زبان و ادب کے مطالعے کا ذوق پیدا ہوتا ہے اور ان کے ادبی شعور میں وسعت آتی ہے۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد انور الدین نے اپنے توسیعی لیکچر میں غزل کی تعریف، اس کے فنی لوازم، موضوعات اور اسلوب پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے غزل کے مختلف فنی پہلوؤں کو شعری مثالوں کے ذریعے واضح کرتے ہوئے طلبہ کو غزل کی شعری روایت اور اس کے ارتقائی مراحل سے بھی واقف کرایا۔ ان کی گفتگو سے طلبہ نے غزل کے فن اور اس کی باریکیوں سے استفادہ کیا۔
تقریب کی صدر ڈاکٹر کلپنا کدم، وائس پرنسپل نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ حصولِ علم کے لیے مسلسل محنت، جدوجہد اور عزم و حوصلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو کامیابی کے حصول کے لیے انتھک محنت کرنے اور اپنے تعلیمی و ادبی سفر میں مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔
پروگرام کے اختتام پر نساء فاطمہ، بی اے سال سوم نے صدرِ مجلس، مہمانِ خصوصی، صدرِ شعبۂ اردو، اساتذہ اور تمام طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح یہ علمی و ادبی نشست خوش گوار اور ادبی فضا میں اختتام پذیر ہوئی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے