कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

جدید دور میں خواتین کی ناگزیر مہارتیں

تحریر: نکہت انجم ناظم الدین
معلمہ ضلع پریشد اردو بوائز اسکول بودوڈ ضلع جلگاوں
بذریعہ نمائندہ اعتبار نیوز محمد سرور شریف

عصر حاضر میں خواتین تعلیم، معاشرت اور معیشت سمیت کئی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ تعلیم، معیشت، سماج اور تہذیبی شعور کی تشکیل میں فعال طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ایسے میں چند بنیادی اور عصری مہارتیں ان کی شخصیت کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ ذیل میں انہی مہارتوں کی تفصیل پیش کر رہی ہوں۔جس میں ہر مہارت کے تحت راقمہ نے اس کی معنویت اور عملی پہلو کو واضح انداز میں بیان کیا ہے۔
۱۔مالی خودمختاری اور معاشی شعور:
مالی خودمختاری ہر خاتون کے وقار اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔ اس کا مفہوم یہ ہے کہ خواتین کو اپنی آمدنی، اخراجات، بچت اور سرمایہ کاری کے اصولوں کا واضح ادراک ہو۔ گھر کی سطح پر بجٹ ترتیب دینا، ضروری اور غیر ضروری اخراجات میں فرق کرنا، ہنگامی حالات کے لیے رقم محفوظ رکھنا اور بینک کے معاملات سے واقف ہونا اس مہارت کا حصہ ہیں۔معاشی آگہی انھیں محتاط اور بااعتماد بناتی ہے۔ وہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں خود کو بے بس محسوس نہیں کرتیں۔ مالی نظم و ضبط انھیں خودداری سے جینے کا حوصلہ عطا کرتا ہے اور زندگی کے بڑے فیصلوں میں ان کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔ اسی طرح معاشی بصیرت مستقبل کی منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
۲۔مؤثر ترسیل اور گفتگو کا سلیقہ:
ابلاغ انسانی تعلقات کی بنیاد ہے۔ واضح، مہذب اور مدلل گفتگو خواتین کی شخصیت کو وقار عطا کرتی ہے۔ خیالات کو ترتیب سے پیش کرنا، اختلاف کو شائستگی کے ساتھ بیان کرنا اور دوسروں کی بات پوری توجہ سے سننا مؤثر ترسیل کے عناصر ہیں۔گفتگو میں اعتماد اور سنجیدگی پیشہ ورانہ میدان میں کامیابی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ گھریلو زندگی میں یہی مہارت باہمی احترام کو مضبوط کرتی ہے۔ جب خواتین اپنے مؤقف کو متوازن انداز میں اوروں کے روبرو رکھتی ہیں تو ان کی بات وزن رکھتی ہے اور ان کی موجودگی نمایاں محسوس ہوتی ہے۔
۳۔فیصلہ سازی اور معاملہ فہمی کی صلاحیت:
زندگی کے مختلف مراحل میں ہمیں کئی اہم فیصلے لینے پڑتے ہیں۔ تعلیم حاصل کرنے کا انتخاب، پیشہ ورانہ سمت، گھریلو معاملات یا بچوں کی تربیت ہو ہر جگہ فہم و فراست درکار ہوتی ہے۔ درست فیصلہ کرنے کے لیے معلومات کا جائزہ، ممکنہ نتائج پر غور اور جذباتی توازن ضروری ہیں۔معاملہ فہمی خواتین کو عجلت سے بچاتی ہے۔ وہ حقائق کی روشنی میں رائے قائم کرتی ہیں اور نتائج کی ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔ یہی وصف شخصیت میں پختگی پیدا کرتا ہے اور انھیں دوسروں کے سہارے کے بجائے اپنی بصیرت پر اعتماد کرنا سکھاتا ہے۔
۴۔ وقت کا نظم اور ترجیحات کی ترتیب:
وقت ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ گھریلو ذمہ داریاں، پیشہ ورانہ تقاضے اور ذاتی اہداف ان سب کو متوازن رکھنے کے لیے نظم و ضبط درکار ہوتا ہے۔ روزمرہ کے کاموں کی فہرست بنانا، ترجیحات متعین کرنا اور غیر ضروری مشاغل سے اجتناب کرنا کارکردگی میں بہتری لاتا ہے۔ وقت کا بہتر استعمال ذہنی دباؤ کم کرتا ہے اور کامیابی کی رفتار میں اضافہ کرتا ہے۔ جب خواتین اپنے وقت کو منظم کرتی ہیں تو وہ اپنی توانائی کو مثبت سمت میں صرف کر پاتی ہیں اور اپنی ذات کے لیے بھی وقت نکال لیتی ہیں۔
۵۔ڈیجیٹل آگہی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی:
موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ اسمارٹ فون، کمپیوٹر، آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل ادائیگی اور سوشل میڈیا زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان ذرائع کا شعوری اور محفوظ استعمال خواتین کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ رکھتا ہے۔ ڈیجیٹل مہارت معلومات تک فوری رسائی فراہم کرتی ہے اور روزگار کے نئے امکانات پیدا کرتی ہے۔ آن لائن کاروبار اور تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع اسی آگہی سے وابستہ ہیں۔ ڈیجیٹل تحفظ کے اصول جاننا بھی ضروری ہے تاکہ ذاتی معلومات محفوظ رہیں۔
۶۔جذباتی ذہانت اور ذہنی توازن:
جذباتی پختگی شخصیت کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ اپنے احساسات کو پہچاننا، انہیں مناسب انداز میں ظاہر کرنا اور دوسروں کے جذبات کا احترام کرنا زندگی میں توازن کو برقرار رکھتا ہے۔گھریلو ماحول میں ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر تعلقات اسی صلاحیت سے فروغ پاتے ہیں۔ جذباتی توازن انھیں منفی رویوں اور غیر ضروری تناؤ سے محفوظ رکھتا ہے۔ وہ حالات کا سامنا صبر اور حکمت کے ساتھ کرسکتی ہیں۔
۷۔خود اعتمادی اور خود احتسابی:
خود اعتمادی عورت کی اندرونی طاقت ہے۔ اپنی صلاحیتوں پر یقین اور اپنی کمزوریوں کا ادراک ان کی شخصیت کو متوازن رکھتا ہے۔ تنقید کو برداشت کرنا اور اس سے بہتری کی راہ نکالنا پختگی کی علامت ہے۔
خود احتسابی ترقی کی سمت واضح کرتی ہے۔ جب خواتین اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہیں تو اس میں نکھار آتا ہے۔ یہی شعور انھیں مستقل سیکھنے اور آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے۔
۸۔صحت کا شعور اور جسمانی و ذہنی نگہداشت:
صحت زندگی میں ملنے والی کامیابیوں کی بنیاد میں سے ایک بنیاد ہے۔ متوازن غذا، مناسب آرام، باقاعدہ ورزش اور ذہنی سکون کی کوشش خواتین کو توانا رکھتی ہے۔ اپنی صحت کو نظر انداز کرنا طویل مدت میں مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
ذہنی سکون کے لیے مثبت سرگرمیوں کا انتخاب اور ضرورت پڑنے پر مشاورت اختیار کرنا مفید ہوتا ہے۔ صحت مند جسم اور پُرسکون ذہن عورت کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں فرق پیدا کرتے ہیں۔
۹۔قانونی آگہی اور حقوق کا شعور:
خاندانی، معاشی اور سماجی معاملات میں بنیادی قانونی معلومات ہمیں باخبر رکھتی ہیں۔ وراثت، جائیداد اور ملازمت سے متعلق اصولوں کا علم استحصال کے امکانات کم کرتا ہے۔حقوق کا شعور اعتماد میں اضافہ کرتا ہے اور خواتین کو اپنے موقف پر مضبوطی سے قائم رہنے کی ہمت دیتا ہے۔ باخبر ہونا تحفظ کی پہلی شرط ہے۔
۱۰۔تخلیقی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی مہارت:
زندگی میں چیلنجز کا سامنا ہر فرد کو رہتا ہے۔ تخلیقی سوچ نئے زاویے تلاش کرتی ہے اور محدود دائرے سے باہر نکلنے کی ہمت دیتی ہے۔ مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت حالات کو سنبھالنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
یہ مہارت خواتین کو مثبت مواقع کی تلاش میں سرگرم رکھتی ہے اور رکاوٹوں کو سیکھنے کے مرحلے میں بدل دیتی ہے۔ مثبت فکر اور حکمت عملی کامیابی کی راہیں ہموار کرتی ہیں۔
ان تمام مہارتوں کا مقصد خواتین کی شخصیت کو ہمہ جہت بنانا ہے۔ جب وہ مالی، فکری، جذباتی اور سماجی طور پر مضبوط ہوتی ہیں تو اس کا اثر خاندان اور معاشرے پر نمایاں ہوتا ہے۔ سیکھنے کا عمل جاری رکھنا اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے رہنا ہی کامیاب اور باوقار زندگی کی ضمانت ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے