कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ڈاکٹر نذیر فتح پوری کو مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی2022کا ’’ولی دکنی ریاستی ایوارڈ‘‘ تفویض کیا گیا

ممبئی کی ادبی فضا ان دنوں خوشبوئے اردو سے معطر ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے پچاسویں سالِ تاسیس کے موقع پر ڈوم ایس وی پی اسٹیڈیم میں منعقدہ تین روزہ گولڈن جوبلی جشن (6 تا 8 اکتوبر 2025ء) علم و ادب، فن و فکر، اور تہذیب و ثقافت کا حسین امتزاج بن گیا۔ یہ جشن اردو کی روح میں رچی ہوئی اس روایت کا تسلسل ہے جو سخن، شعور اور شائستگی کو یکجا کرتی ہے۔
اسی بامعنی محفل میں اردو ادب کی درخشاں شخصیت، شاعر، محقق، نقاد اور صاحبِ طرز ادیب ڈاکٹر نذیر فتح پوری کو ان کی نصف صدی پر محیط علمی و تخلیقی خدمات کے اعتراف میں باوقار "ولی دکنی ریاستی ایوارڈ 2022” بدست وزیر برائے اقلیتی امور اور ترقیات عزت مآب عالی جناب مانک راؤ کوکٹے تفویض کیا گیا۔ یہ اعزاز صرف ایک ادیب کی کامیابی نہیں، بلکہ اردو زبان کے فکری وقار اور اس کی تہذیبی عظمت کی روشن علامت ہے۔
ڈاکٹر نذیر فتح پوری کا نام اردو دنیا میں اعتبار کی علامت بن چکا ہے۔ ان کے الفاظ میں بصیرت کی چمک، تحریروں میں تہذیب کی لطافت، اور خیال میں فکر کی وسعت جھلکتی ہے۔ انہوں نے 1970ء میں اپنے تخلیقی سفر کا آغاز کیا، اور یہ قافلہ آج بھی مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کی ایک سو سولہ کتابیں اردو ادب کے مختلف جہانوں میں چراغ بن کر فروزاں ہیں۔ تحقیق ہو یا تنقید، شاعری ہو یا نثر، ان کا قلم ہر صنف میں ایک نیا زاویہ، ایک تازہ لہجہ عطا کرتا ہے۔
پونے سے شائع ہونے والا ان کا سہ ماہی جریدہ "اسباق” گزشتہ چار دہائیوں سے ادبی شعور کی آبیاری کر رہا ہے۔ یہ رسالہ ان کی بصیرت، محنت اور زبان سے محبت کا آئینہ ہے۔ ان کے فکر و فن پر اب تک پینتیس سے زیادہ کتابیں لکھی جا چکی ہیں، جو اس بات کا اعلان ہیں کہ نذیر فتح پوری ایک شخص نہیں، بلکہ ایک مکتبِ خیال، ایک روشن روایت ہیں۔
1992ء میں راجستھان اردو ساہتیہ اکادمی نے انہیں اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ بھیرو سنگھ شیخاوت کے ہاتھوں ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ 2017ء میں ان کی بچوں کے لیے لکھی گئی کتاب "میرا دیش مہان” کو قومی اردو ساہتیہ اکادمی، نئی دہلی نے قومی اعزاز سے نوازا۔ اور اب 6 اکتوبر 2025ء کی شام، جب مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کی سنہری محفل اپنے جوبن پر تھی، ان کے نام کا اعلان ہوا اور "ولی دکنی ریاستی ایوارڈ 2022” کی روشنی نے اردو ادب کے آسمان پر ایک نیا ستارہ روشن کر دیا۔
مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی ہر سال ان اصحابِ علم و فن کو اعزازات پیش کرتی ہے جنہوں نے اردو کے فروغ، تدریس، صحافت یا تخلیق کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہوں۔ اس برس اکادمی نے 2019 تا 2023 کے تمام ایوارڈز تقسیم کیے، جن میں مرزا غالب ایوارڈ، ولی دکنی ایوارڈ، خصوصی ایوارڈ، صحافتی ایوارڈ، نیو ٹیلنٹ ایوارڈ، لے آؤٹ ایوارڈ اور مثالی معلم ایوارڈ شامل ہیں۔ یہ ایوارڈز تحقیق و انتخاب کمیٹی کی سفارشات اور وزیرِ اعلیٰ مہاراشٹر و وزیرِ برائے اقلیتی امور کی منظوری کے بعد عطا کیے گئے، یوں اکادمی نے اپنی نصف صدی کی تکمیل پر اردو خدمت کا ایک نیا باب رقم کیا۔
ڈاکٹر نذیر فتح پوری اردو ادب کا وہ درخشاں چراغ ہیں جن کے الفاظ ذہنوں کو منور اور دلوں کو مہمیز کرتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں علم کی روشنی، احساس کی نرمی اور زبان کی لطافت گھلی ہوئی ہے۔ ان کے قلم کی تازگی، خیال کی وسعت اور بیان کی نزاکت اردو ادب کی پہچان بن چکی ہے۔
مزید برآں، ان کی ذات اردو ادب کے لیے محض ایک نام نہیں، بلکہ ایک عہد، ایک روایت اور ایک مسلسل سفر کی علامت ہے ۔ وہ سفر جو فکر کو رفعت، زبان کو لطافت، اور انسان کو شعور عطا کرتا ہے۔ اردو ادب ان کے وجود سے نہ صرف معتبر ہے بلکہ مزید نکھر گیا ہے۔
ہم ان کی اس شاندار کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ، اللہ سبحان و تعالٰی انہیں سلامت رکھے، ان کا قلم ہمیشہ حقیقت و حسن کے نئے باب رقم کرتا رہے، اور اردو ادب ان کی رہنمائی سے یونہی منور ہوتا رہے۔

عرب شبانہ رضوان
انچارج پرنسپل (ریسرچ اسکالر)
اردو ثانوی و اعلٰی ثانوی مدرسہ بوپوڑی پونے 411020
رابطہ: 9130023005

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے