कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ایڈووکیٹ شیخ بلال نے اُٹھائی آواز

ناندیڑ:4؍ستمبر ( نمائندہ اعتبار) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے پیدائش و اموات اندراج محکمہ میں شہریوں کو پیش آنے والی دشواریوں، آن لائن پورٹل کی تکنیکی خامیوں اور مبینہ طور پر ذہنی و مالی استحصال کے خلاف کارپوریٹر ایڈووکیٹ شیخ بلال شیخ رسول نے میونسپل کمشنر کو تفصیلی قانونی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ میمورنڈم میں پیدائش و اموات کے عدمِ اندراج سرٹیفکیٹ (فارم 10) کے حصول میں شہریوں کو درپیش مسائل اور محکمہ کی مبینہ کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ایڈووکیٹ شیخ بلال کے مطابق 2016 سے قبل کے پیدائش یا اموات کے اندراج کے لیے عدمِ دستیابی سرٹیفکیٹ کی درخواست دینے پر بعض شہریوں کو یہ کہہ کر واپس کیا جا رہا ہے کہ آن لائن پورٹل پرانا ڈیٹا قبول نہیں کر رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آن لائن پورٹل میں تکنیکی مسئلہ ہے تو میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پرانے دستی رجسٹروں کی جانچ کرکے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق آف لائن یا دستی طور پر فارم 10 جاری کرے۔
میمورنڈم میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ ترمیم شدہ قانون کا غلط مفہوم پیش کرکے شہریوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ ایڈووکیٹ شیخ بلال نے دعویٰ کیا کہ نئے ضابطے کے تحت ایک سے دو سال کے اندر کے معاملات کے لیے مجسٹریٹ اور دو سال سے زیادہ پرانے معاملات کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس سے رجوع کرنے کا طریقہ کار مقرر ہے، تاہم میونسپل سطح پر عدمِ اندراج سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بنیادی طریقۂ کار میں تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
میمورنڈم میں 18 سے 20 مختلف دستاویزات طلب کیے جانے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ شیخ بلال کے مطابق پیدائش و اموات کے اندراج سے متعلق قانون کے تحت مقررہ درخواست، سرچ فیس اور حلف نامہ درکار ہوتا ہے، اس لیے قانون سے زائد غیر ضروری دستاویزات طلب کرکے شہریوں کو پریشان نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے میونسپل انتظامیہ کی سابقہ مبینہ غفلت کا خمیازہ موجودہ شہریوں کو بھگتنے پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ماضی میں میونسپل عملے کی لاپروائی کے باعث ریکارڈ درج نہیں ہوا یا فائلیں گم ہوگئیں تو اس کی سزا عام شہریوں کو نہیں دی جانی چاہیے۔ میونسپل محکمہ کا کام دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اندراج کی موجودگی یا عدم موجودگی کی تصدیق کرنا ہے، جبکہ عدالتی کارروائی کا فیصلہ عدالت کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
میمورنڈم میں فارم 10 کے اجرا میں مبینہ غیر معمولی تاخیر اور بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض شہریوں کی درخواستیں چھ ماہ سے ایک سال تک زیرِ التوا ہیں، جبکہ مبینہ طور پر دلالوں کے ذریعے رقم ادا کرنے والوں کے کام فوری طور پر ہوجاتے ہیں۔ براہِ راست درخواست دینے والے شہریوں کی درخواستوں میں مختلف نقائص نکال کر انہیں طویل عرصے تک زیرِ التوا رکھنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جو مقررہ مدت میں پیدائش یا اموات کی اطلاع میونسپل کارپوریشن کو نہیں دیتے۔ میمورنڈم کے مطابق قانون کے تحت اسپتالوں کے لیے بروقت اطلاع دینا ضروری ہے اور اطلاع نہ دینے والے سرکاری و نجی اسپتالوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے بعد میں شہریوں کو قانونی و عدالتی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔
ایڈووکیٹ شیخ بلال نے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ریاستی سطح کے تکنیکی محکمہ، این آئی سی اور سی آر ایس پورٹل سے رابطہ کرکے 2016 سے قبل کے ریکارڈ سے متعلق تکنیکی مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اور مسئلہ حل ہونے تک آف لائن یا دستی طور پر فارم 10 جاری کرنے کے واضح احکامات دیے جائیں۔ اس کے علاوہ قانون سے زائد 18 سے 20 دستاویزات طلب کرنے کا سلسلہ بند کرکے مقررہ دستاویزات کی بنیاد پر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا سرکلر جاری کرنے، گزشتہ چھ ماہ سے ایک سال تک زیرِ التوا درخواستوں کے فوری نپٹارے کے لیے خصوصی مہم چلانے اور مقررہ وقت پر پیدائش و اموات کی اطلاع نہ دینے والے اسپتالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ میمورنڈم کی ایک نقل وزیرِ اعلیٰ، محکمہ شہری ترقی (UDD) وزارتِ ممبئی اور ڈویژنل کمشنر، چھترپتی سمبھاجی نگر کو بھی روانہ کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ شیخ بلال نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے