कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

تبصرۂ کتاب اسلام کا فلسفۂ نصرت و آزمائش

مصنف: ڈاکٹر محمد طارق ایوبی
مرتب : محمد طارق بدایونی
تبصرہ نگار: محمد عادل ارریاوی
صفحات : ۴۸
ناشر : مرکز ثقافت و تحقیق علی گڑھ

آج امتِ مسلمہ جس زبوں حالی ظلم و ستم اور آزمائشوں کے دور سے گزر رہی ہے، وہ ہر صاحبِ ایمان کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ایسے حالات میں ہر درد مند مسلمان کے ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ آخر نصرتِ الٰہی کا نزول کب ہوگا؟ کب مسلمانوں کے حالات بدلیں گے؟ کب ظلم و ستم کی یہ سیاہ رات ختم ہوگی اور اسلام کا پرچم سربلند ہوگا؟ لیکن ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے سے پہلے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا اور اپنی موجودہ حالت کا جائزہ لینا ہوگا۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم نصرتِ الٰہی کے خواہش مند تو ہیں، مگر ان اسباب کو اختیار کرنے کے لیے تیار نہیں جن کے نتیجے میں نصرت کا وعدہ پورا ہوتا ہے؟
اللہ ربّ العزت کا قانون تبدیل نہیں ہوتا۔ جب تک کوئی قوم اپنے اندر فکری، عملی اور اخلاقی تبدیلی پیدا نہیں کرتی، اس کے حالات میں حقیقی انقلاب نہیں آتا۔ صرف دعووں نعروں اور تمناؤں سے حالات نہیں بدلتے بلکہ اس کے لیے ایمان کی پختگی، یقین کی مضبوطی، اعمال کی اصلاح، تقویٰ کی زندگی اور اللہ ربّ العزت سے سچا تعلق ضروری ہے۔ ہمیں دوسروں کے بدلنے کا انتظار کرنے کے بجائے خود کو بدلنے کی فکر کرنی ہوگی، کیونکہ نصرت کے منتظر رہنے کے ساتھ ساتھ نصرت کے اہل بننے کی کوشش بھی ناگزیر ہے
انہی اہم سوالات اور فکری الجھنوں کو سمجھنے کے لیے ڈاکٹر محمد طارق ایوبی صاحب کی ۴۸ صفحات پر مشتمل کتاب اسلام کا فلسفۂ نصرت و آزمائش میرے مطالعے میں آئی۔ جب اس کا مطالعہ شروع کیا تو ایک صفحے کے بعد دوسرا صفحہ پڑھتا ہی چلا گیا، یہاں تک کہ پوری کتاب مکمل ہوگئی۔ دورانِ مطالعہ کئی ایسے مقامات آئے جنہوں نے دل و دماغ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور ایک نئی فکر و جذبہ پیدا کیا۔ یہ کتاب دراصل دو اہم مضامین کا مجموعہ ہے۔
۱۔ اسلام کا فلسفۂ نصرت و آزمائش۔
۲۔ قصۂ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم۔
ان دونوں مضامین میں مصنف نے امتِ مسلمہ کے موجودہ حالات، اس کی آزمائشوں اور اس کے فکری مسائل خصوصاً اہل غزہ کو نہایت اہمیت کے ساتھ موضوعِ بحث بنایا ہے۔
ڈاکٹر محمد طارق ایوبی صاحب ان اہلِ قلم میں سے ہیں جنہیں فکرِ اسلامی اور عالمِ اسلام کے حالات سے گہری دل چسپی ہے۔ وہ مسلسل ان موضوعات پر قلم اٹھاتے اور اپنی تحریروں کے ذریعے امت کی فکری رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔ غزہ جنگ کے آغاز ہی سے انہوں نے قلمی محاذ سنبھال رکھا ہے اور روزانہ کسی نہ کسی اہم موضوع پر اپنی فکر انگیز تحریریں پیش کرتے رہے ہیں۔
غزہ جنگ نے جب طول پکڑا اور آزمائشوں کا سلسلہ دراز ہوتا گیا تو بعض خام ذہنوں میں یہ سوال پیدا ہونے لگا کہ اگر اہلِ غزہ برسرِ حق ہیں تو پھر نصرتِ الٰہی کیوں نہیں آتی؟ اللہ کی مدد میں تاخیر کیوں ہے؟ آخر مظلوم مسلمانوں کو اتنی طویل آزمائشوں سے کیوں گزرنا پڑ رہا ہے؟ مصنف نے اپنے پہلے مضمون اسلام کا فلسفۂ نصرت و آزمائش میں انہی سوالات کو موضوع بنایا ہے اور نہایت تشفی بخش انداز میں ان کے جوابات پیش کیے ہیں۔ ان کے اندازِ استدلال کی خصوصیت یہ ہے کہ دیگر حوالوں اور اقوال کے بجائے براہِ راست قرآنِ مجید سے رہنمائی لیتے ہیں اور اسی کی روشنی میں نصرت و آزمائش کے فلسفے کو واضح کرتے ہیں، تاکہ قاری کلامِ الٰہی کی روشنی میں ان حقائق کو سمجھ سکے۔
اسی طرح دوسرے مضمون قصۂ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم میں بھی امتِ مسلمہ کے درد، اس کے حالات اور موجودہ مسائل کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس مضمون کے ذریعے مصنف نے امت کے اجتماعی درد اور اس کی بے بسی کو قلم بند کرنے کی کوشش کی ہے۔ بلاشبہ ان کا مطالعہ انسان کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے اور یہ احساس دلاتا ہے کہ حالات کی تبدیلی کے لیے صرف انتظار کافی نہیں، بلکہ اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
دعا ہے کہ اللہ ربّ العزت مصنف محترم ڈاکٹر محمد طارق ایوبی صاحب کی ان علمی و قلمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے قلم میں مزید اثر و برکت عطا کرے اور اہلِ غزہ کو ظلم و ستم سے نجات، نصرتِ الٰہی اور فتح و کامرانی نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے