कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

نو سالہ حافظ محمد خضر نے حفظِ قرآن مکمل کرکے خاندان کا خواب شرمندۂ تعبیر کردیا

چند ماہ میں حفظِ قرآن کی سعادت، اسکول کی تعلیم میں بھی نمایاں کامیابی؛ آبائی وطن کانشی میں دعوتِ عشائیہ، چچا نے سائیکل تحفے میں دی

میرٹھ: 25 نومبر(محبوب الحسن مظفرنگری )قرآنِ کریم کو سینے میں محفوظ کرنا اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور سعادت ہے۔ کانشی میرٹھ کے نو سالہ ہونہار بچے محمد خضر نے کم عمری میں چند ماہ کی مختصر مدت کے اندر حفظِ قرآن کریم مکمل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے خاندان کا دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر کردیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ دینی تعلیم کے ساتھ اسکول کی تعلیم میں بھی انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
حافظ محمد خضر کے دادا مرحوم مولانا انیس الرحمن صاحب کی دلی خواہش تھی کہ ان کے خاندان کے افراد عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم میں بھی امتیاز حاصل کریں اور قرآنِ کریم کے حافظ و عالم بنیں۔ ان کے صاحبزادے قاری محمد اسعد صاحب، امام و خطیب جامع مسجد اسلام آباد، میرٹھ نے اپنے والد مرحوم کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے خصوصی محنت اور توجہ کے ساتھ اپنے فرزند کی تعلیم و تربیت کی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ محمد خضر نے کم عمری ہی میں حفظِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرلی۔
حفظ مکمل ہونے کے بعد میرٹھ سے ہمارے نمائندے قاری محبوب الحسن محبوؔب مظفرنگری نے حافظ محمد خضر سے قرآنِ کریم سنا اور ان کا امتحان بھی لیا۔ اس موقع پر ان کی غیر معمولی ذہانت، مضبوط یادداشت اور درست مخارج کے ساتھ تلاوت نے متاثر کیا۔ قرآنِ کریم میں کسی بھی مقام سے پڑھنے کے لیے کہا جاتا تو وہ نہایت عمدگی سے تلاوت کرتے۔
اس عظیم کامیابی پر قاری محمد اسعد صاحب نے اپنے آبائی وطن کانشی میں بچے کی دستاربندی اور تکمیلِ حفظ کی خوشی میں دعوتِ عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں علماء، حفاظ، اہلِ خاندان اور معززین نے شرکت کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر حافظ شبیر، مولانا حفظ الرحمن کانشی، مفتی ارشد قاسمی، مولانا سیف اللہ، مفتی فاروق قاسمی، مولانا ثاقب، قاری امجد، دلشاد مظفرنگری، نعیم موانہ اور قاری عتیق الرحمن رشیدی سمیت دیگر حضرات کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ بچے کے چچا قاری محمد اظہر نے بھی اس خوشی کے موقع پر اپنے بھتیجے کو سائیکل تحفے میں پیش کی۔
حافظ محمد خضر نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کا خصوصی فضل و کرم ہے کہ اس نے انہیں حفظِ قرآن کی عظیم دولت سے نوازا۔ انہوں نے دیگر بچوں کو پیغام دیا کہ وقت کی قدر کریں اور اسے پڑھائی اور اچھی چیزیں سیکھنے میں صرف کریں۔
ان کی والدہ محترمہ شاہین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر تمام رشتہ دار اور احباب بے حد خوش ہیں۔ ان کے مطابق محمد خضر نہایت صابر اور ذہین ہیں اور تعلیم کے دوران انہوں نے کبھی کھیل کود کے لیے ضد نہیں کی۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر آج ان کے سسر مرحوم زندہ ہوتے تو پوتے کی اس کامیابی کو دیکھ کر بے حد خوش ہوتے۔
بچے کے چچا قاری محمد اظہر نے بھی اسے پورے خاندان کے لیے باعثِ سعادت اور فخر قرار دیا۔
واضح رہے کہ حافظ محمد خضر مرحوم مولانا انیس الرحمن صاحب کے پوتے، مولانا محمد انس صاحب (امام و خطیب مسجد ابوبکر، دادری) کے بھتیجے اور قاری محمد اسعد صاحب کے فرزند ہیں۔
بلاشبہ حافظ محمد خضر کی یہ کامیابی ان والدین کے لیے ایک روشن مثال ہے جو اپنی اولاد کو دینی و عصری دونوں تعلیمات سے آراستہ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں قرآنِ کریم کا سچا خادم بنائے اور علم و عمل میں مزید ترقی عطا فرمائے۔ آمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے