कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اکالی۔بھاجپا اتحاد۔۔۔ ضرورت یا مصلحت؟

از قلم: ڈاکٹر سید تابش امام
رابطہ۔۔۔۹۹۳۴۹۳۳۹۹۲

پنجاب کی سیاست میں تقریباً چھ برس کی دوری کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شرومنی اکالی دل کا دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آنا محض دو سیاسی جماعتوں کے درمیان انتخابی مفاہمت نہیں، بلکہ ریاست کے بدلتے سیاسی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ دونوں جماعتیں الگ الگ انتخابی میدان میں اتر کر اپنی سیاسی قوت آزما چکی ہیں، لیکن نتائج نے یہ واضح کردیا ہے کہ پنجاب کی سیاست میں ایک دوسرے کی حمایت کے بغیر ان کی راہ آسان نہیں۔ ایسے میں اتحاد کی بحالی کو سیاسی ضرورت بھی کہا جاسکتا ہے اور انتخابی مصلحت بھی۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ قربت ماضی کے اختلافات کو بھلا کر کسی مشترکہ سیاسی لائحہ عمل کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے یا دونوں جماعتیں محض اپنے انتخابی مفادات کے تحت ایک بار پھر ساتھ آنے پر مجبور ہوئی ہیں؟
شرومنی اکالی دل اور بی جے پی کا سیاسی تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دونوں جماعتیں طویل عرصے تک پنجاب میں اتحادی رہیں اور اس اشتراک کے نتیجے میں ریاست میں کئی بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ اکالی دل کو دیہی علاقوں، کسانوں اور سکھ ووٹروں میں اپنی سیاسی بنیاد مضبوط رکھنے میں مدد ملی، جبکہ بی جے پی نے شہری علاقوں میں اپنے روایتی ووٹ بینک کے سہارے اتحاد میں اہم مقام حاصل کیا۔ دونوں کی سیاسی قوت اور انتخابی دائرہ ایک دوسرے کے لیے کسی حد تک تکمیل کا ذریعہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ اتحاد محض انتخابی سمجھوتہ نہیں بلکہ پنجاب کی سیاست کا ایک اہم سیاسی تجربہ رہا ہے۔
لیکن 2020 میں مرکزی حکومت کے ذریعہ نافز تین زرعی قوانین کے خلاف شروع ہوئی کسان تحریک نے اس سیاسی رشتے کو شدید آزمائش سے دوچار کردیا۔ پنجاب میں کسانوں کی ناراضگی اور عوامی دباؤ اس قدر بڑھا کہ اکالی دل کے لیے بی جے پی کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنا سیاسی طور پر دشوار ہوگیا۔ بالآخر اس نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرلی۔ اس فیصلے میں سیاسی مصلحت کے ساتھ کسانوں کے مفادات اور اپنی روایتی سیاسی بنیاد کو محفوظ رکھنے کی فکر بھی شامل تھی۔ پنجاب میں کسان محض ایک انتخابی طبقہ نہیں بلکہ ریاست کی معیشت، سماجی ساخت اور سیاسی شناخت کا بنیادی حصہ ہیں۔ چنانچہ زرعی قوانین کے خلاف اٹھنے والی آواز کو نظرانداز کرنا اکالی دل کے لیے اپنے سیاسی وجود کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوسکتا تھا۔
تاہم اتحاد توڑنے کے بعد اکالی دل کو وہ سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوسکا جس کی توقع تھی۔ کسانوں کے حق میں موقف اختیار کرنے کے باوجود پارٹی اپنی کھوئی ہوئی مقبولیت بحال نہیں کرسکی۔ دوسری طرف بی جے پی بھی پنجاب میں اپنی سیاسی بنیاد کو مطلوبہ وسعت نہیں دے سکی۔ اس طرح دونوں جماعتوں کے سامنے یہ حقیقت واضح ہوتی گئی کہ علیحدہ انتخابی راستہ اختیار کرنے سے نہ اکالی دل اپنی سابقہ حیثیت واپس حاصل کرسکی اور نہ بی جے پی ریاست میں فیصلہ کن سیاسی قوت بن سکی۔
اب زرعی قوانین واپس لیے جاچکے ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی راہ ہموار ہوئی ہے، لیکن قوانین کی واپسی کو کسان تحریک کے تمام اثرات کے خاتمے سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ اس تحریک نے پنجاب کے سیاسی شعور اور عوامی رویوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ کسانوں کے مطالبات، زرعی معیشت کی مشکلات اور مرکز کے ساتھ ریاست کے تعلقات جیسے مسائل آج بھی سیاسی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس لیے قیادت کی سطح پر اتحاد کا اعلان اپنی جگہ، لیکن عوامی سطح پر اس کی قبولیت ایک الگ معاملہ ہے۔ اکالی دل کو اپنے حامیوں کے سامنے یہ وضاحت کرنی ہوگی کہ جن خدشات کی بنیاد پر اس نے اتحاد ختم کیا تھا، ان کے ازالے کے لیے اب کیا پیش رفت ہوئی ہے۔
موجودہ حالات میں اس اتحاد کی ضرورت اکالی دل کو نسبتاً زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ کبھی پنجاب کی سیاست میں فیصلہ کن حیثیت رکھنے والی یہ جماعت اب اپنے سیاسی وجود اور اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ 2017 اور 2022 کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج بھی اس کی کمزور ہوتی انتخابی پوزیشن کی نشاندہی کرتے ہیں۔ پارٹی کے لیے چیلنج صرف انتخابی نشستیں حاصل کرنا نہیں، بلکہ روایتی ووٹروں، کارکنوں اور دیہی علاقوں میں اپنی سابقہ سیاسی گرفت بحال کرنا بھی ہے۔ بی جے پی کے ساتھ دوبارہ اتحاد اسے اس مقصد کے حصول کا ایک راستہ فراہم کرسکتا ہے۔
دوسری طرف بی جے پی کے لیے بھی پنجاب میں سیاسی امکانات بڑھانے کا یہ ایک اہم موقع ہے۔ ملک کی متعدد ریاستوں میں اپنی تنظیمی قوت اور انتخابی اثر و رسوخ بڑھانے کے باوجود پنجاب میں اسے اب تک خاطرخواہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ اکالی دل کے ساتھ اتحاد اسے دیہی علاقوں اور سکھ ووٹروں کے ایک بڑے طبقے تک رسائی کا موقع دے سکتا ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں دونوں جماعتوں نے الگ الگ انتخاب لڑا تھا۔ بی جے پی ووٹوں کے تناسب میں اکالی دل سے آگے رہی، لیکن ایک بھی نشست حاصل نہیں کرسکی، جبکہ اکالی دل کو صرف ایک نشست پر کامیابی ملی۔ یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ووٹوں کا تناسب بہتر ہونے کے باوجود انتخابی کامیابی یقینی نہیں ہوتی۔ بی جے پی کے لیے اکالی دل کی علاقائی جڑیں اور سیاسی تجربہ اسی لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
البتہ اتحاد کی کامیابی کا انحصار صرف دونوں جماعتوں کی قیادت کے فیصلے پر نہیں ہوگا۔ نشستوں کی تقسیم، امیدواروں کا انتخاب اور انتخابی مہم کی قیادت جیسے معاملات میں باہمی اتفاق بھی ضروری ہے۔ اس سے کم اہم سوال کارکنوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کا نہیں ہے۔ چھ برس تک دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف انتخابی مہم چلاتے رہے اور ایک دوسرے کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے۔ اب انہیں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت میں میدان میں اترنا ہوگا۔ قیادت کے لیے اتحاد کا اعلان کرنا آسان ہے، لیکن زمینی سطح پر کارکنوں کو اس نئی سیاسی ہم آہنگی کے لیے آمادہ کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوگا۔ انتخابی اتحاد اسی وقت نتیجہ خیز ثابت ہوتا ہے جب کارکنوں اور ووٹروں دونوں کی سطح پر باہمی اعتماد پیدا ہو۔
پنجاب کی سیاست میں عام آدمی پارٹی کی موجودگی بھی اس نئے اتحاد کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں غیر معمولی کامیابی کے بعد اس جماعت نے ریاست میں اپنی سیاسی بنیاد مضبوط کی ہے۔ تاہم اقتدار میں رہتے ہوئے اسے اپنے انتخابی وعدوں اور انتظامی کارکردگی کا حساب بھی دینا ہوگا۔ روزگار، صحت، تعلیم، کسانوں کے مسائل اور منشیات کے خلاف کارروائی جیسے معاملات پر عوامی توقعات پوری کرنا اس کے لیے اہم امتحان ہوگا۔ دوسری جانب کانگریس بھی سیاسی مقابلے سے باہر نہیں ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بہتر کارکردگی کے باوجود اسے داخلی اختلافات اور گروہ بندی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ اس کے پاس تنظیمی ڈھانچہ اور روایتی ووٹروں کی موجودگی اب بھی اہم سیاسی سرمایہ ہے، لیکن قیادت کے درمیان اختلافات اس کی انتخابی قوت کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس طرح آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ صرف اتحاد اور حکمراں جماعت کے درمیان محدود نہیں رہے گا، بلکہ کانگریس بھی نتائج پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تاہم سیاسی جماعتوں کی انتخابی حکمت عملی سے زیادہ اہم یہ ہے کہ پنجاب کے عوام کیا چاہتے ہیں۔ ریاست کو اس وقت کئی سنگین معاشی اور سماجی مسائل کا سامنا ہے۔ کسانوں کی آمدنی، فصلوں کی مناسب قیمت، قرض کا بوجھ، منشیات کا پھیلاؤ، نوجوانوں کی بیرون ملک نقل مکانی اور روزگار کے محدود مواقع ایسے مسائل ہیں جن کا حل محض انتخابی نعروں سے ممکن نہیں۔ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے بغیر ریاست کی معیشت کو نئی سمت دینا بھی آسان نہیں ہوگا۔ اس لیے کسی بھی سیاسی اتحاد کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کتنا واضح اور قابل عمل پروگرام پیش کرتا ہے۔
اکالی دل کے لیے اپنی روایتی سیاسی شناخت اور خودمختار حیثیت برقرار رکھنا بھی ایک بڑا امتحان ہوگا۔ اس جماعت کی سیاست محض انتخابی مفادات تک محدود نہیں رہی، بلکہ پنجاب کی مذہبی، سماجی اور تاریخی شناخت سے بھی اس کا گہرا تعلق ہے۔ بی جے پی کے ساتھ نئے اتحاد میں اسے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ پنجاب کے مخصوص مسائل اور کسانوں کے مفادات پر اپنا موقف آزادانہ طور پر پیش کرسکتی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کو بھی یہ اعتماد بحال کرنا ہوگا کہ پنجاب کے کسانوں اور سکھ برادری کے خدشات اس کے لیے محض انتخابی ضرورت نہیں بلکہ سنجیدہ سیاسی معاملات ہیں۔ اگر دونوں جماعتیں ان حساس پہلوؤں کو نظرانداز کرتی ہیں تو اتحاد کی بنیاد کمزور پڑسکتی ہے۔
جمہوری سیاست میں جماعتوں کو بدلتے حالات کے مطابق اپنے سیاسی فیصلوں اور اتحادوں پر نظرثانی کا حق حاصل ہے۔ اس لیے اکالی دل اور بی جے پی کی قربت کو محض موقع پرستی قرار دینا مناسب نہیں، لیکن سیاسی مفاہمت کے ساتھ اصولی موقف اور عوامی جواب دہی بھی ضروری ہے۔ کل جن اختلافات کو بنیاد بناکر اتحاد ختم کیا گیا تھا، آج ان کے بارے میں وضاحت دیے بغیر دوبارہ ساتھ آنے کا فیصلہ عوام کے ذہنوں میں سوال پیدا کرے گا۔ سیاسی جماعتوں کے لیے یہ کافی نہیں کہ وہ انتخابی کامیابی کے امکانات دیکھ کر اتحاد کرلیں، بلکہ انہیں یہ بھی بتانا ہوگا کہ ان کا مشترکہ پروگرام ریاست کے بنیادی مسائل کا حل کیسے پیش کرے گا۔
حقیقت یہ ہے کہ سیاست میں اتحاد مستقل نہیں ہوتے اور نہ ہی اختلافات ناقابل حل ہوتے ہیں، لیکن ہر سیاسی مفاہمت کی ساکھ کا امتحان عوام کے درمیان ہی ہوتا ہے۔ بی جے پی اور اکالی دل نے دوبارہ ساتھ چلنے کا فیصلہ کرکے اپنے لیے ایک نیا سیاسی راستہ ضرور کھولا ہے، مگر اس کی منزل ابھی غیر یقینی ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اس اتحاد کو عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے ساتھ ساتھ کسانوں کی ناراضگی، مقامی مسائل اور عوامی توقعات کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔
آخرکار اکالی دل اور بی جے پی کے سامنے اصل چیلنج ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے سے زیادہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہے۔ اگر یہ اتحاد پنجاب کے مفادات، کسانوں کے مسائل اور ریاست کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ اور قابل اعتبار لائحہ عمل پیش کرتا ہے تو اس کی سیاسی افادیت ثابت ہوسکتی ہے۔ لیکن اگر اس کا محور صرف اقتدار اور نشستوں کی تقسیم تک محدود رہا تو چھ برس کی دوری کے بعد قائم ہونے والی یہ قربت بھی انتخابی مصلحت سے آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ پنجاب کے ووٹر ہی طے کریں گے کہ یہ اتحاد سیاسی ضرورت کا کامیاب جواب ہے یا اقتدار کی سیاست کا ایک عارضی سمجھوتہ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے