कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

’’ہندوستان کی تاریخ میں مسلمانوں کا کردار‘‘:ایک تاریخی نمائش، جو ہندوستان کی تعمیر و تہذیب میں مسلمانوں کے علمی، سائنسی، معاشی اور ثقافتی کردار کی عکاسی کرتی ہے

از قلم: خان افراء تسکین (اورنگ آباد)
فون نمبر: 9545857089

تاریخ صرف ماضی کے واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ یہ ہماری شناخت، تہذیب اور ورثے کی پہچان بھی ہے۔ ہندوستان کی سرزمین ہمیشہ سے مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے باہمی میل جول کی گواہ رہی ہے۔ اس کی تعمیر و ترقی میں ہر قوم نے اپنا کردار ادا کیا ہے، جن میں مسلمانوں کی علمی، سائنسی، معاشی اور تہذیبی خدمات بھی ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
آخر ہندوستان کی تاریخ میں مسلمانوں کا کیا کردار رہا؟ انہوں نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں کیا حصہ ڈالا؟ علم و تحقیق، سائنس، طب، فنِ تعمیر، تجارت اور تہذیب کے میدان میں ان کی کیا خدمات رہیں اور ان خدمات کی تاریخی اہمیت کیا ہے؟ ایسے ہی متعدد سوالات کے جوابات جاننے اور تاریخ کے ان روشن گوشوں سے واقف ہونے کا موقع اس منفرد نمائش میں فراہم کیا گیا ہے۔
اسی تاریخی ورثے کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک قابلِ تحسین کوشش کے تحت انڈین ہسٹری فورم، شعبۂ تاریخ مولانا آزاد کالج اور اورنگ آبادی مسافر کے اشتراک سے 22 تا 29 نومبر مولانا آزاد کالج کے نیول ٹاٹا اسٹیڈیم میں ’’ہندوستان کی تعمیر و تہذیب میں مسلمانوں کا حصہ‘‘ کے عنوان سے ایک تاریخی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
یہ نمائش محض تاریخی تصاویر اور معلومات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ماضی کے ان روشن دریچوں کو کھولنے کی ایک دلکش کوشش ہے، جن سے ہماری نئی نسل شاید پوری طرح واقف نہیں۔
نمائش میں ہندوستان میں اسلام کی آمد، پہلی مساجد کی تعمیر، کیرالا کی تاریخی چیرامن جامع مسجد، قدیم مساجد اور اسلامی فنِ تعمیر کے خوبصورت نمونوں کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلکیات، ریاضی، طب، تعلیم اور تحقیق کے میدان میں مسلمانوں کی خدمات کو بھی مختلف ماڈلز اور تاریخی حوالوں کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔
نمائش کا ایک خاص اور قابلِ توجہ حصہ اورنگ آباد کی تاریخ پر مشتمل ہے، جسے اورنگ آبادی مسافر کے مدثر ندیم نے نہایت دلچسپ انداز میں پیش کیا ہے۔ ملک عنبر کے بسائے ہوئے اس تاریخی شہر کے ماضی کو مختلف تاریخی حوالوں کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔ بالخصوص محمد بن تغلق کے دورِ حکومت سے وابستہ دولت آباد قلعے کا خوبصورت ماڈل دیکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرتا ہے۔ یہ پیشکش مقامی تاریخ سے نئی نسل کو جوڑنے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے۔
حیدرآباد اور شاہجہان آباد جیسے تاریخی شہروں کی تعمیر و منصوبہ بندی، باغات، شاہراہوں، نہروں، پلوں، تجارت اور دستکاری کے فروغ میں مسلمانوں کے کردار کو بھی نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ مختلف تہذیبوں کے درمیان علمی و ادبی تبادلے کی مثالیں اس نمائش کو مزید دلچسپ اور معلوماتی بناتی ہیں۔
اس نمائش کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ یہ ہندوستانی تاریخ کو کسی ایک مذہب یا طبقے کی داستان کے طور پر نہیں، بلکہ تہذیب، باہمی تعاون اور علمی تبادلے کے سفر کے طور پر پیش کرتی ہے۔ یہ ہمیں احساس دلاتی ہے کہ ہندوستان کی اصل خوبصورتی اس کے تنوع، رواداری اور مشترکہ ثقافتی ورثے میں پوشیدہ ہے۔
آج کے دور میں جب نئی نسل کا بڑا حصہ موبائل اسکرین کی دنیا میں مصروف ہے اور تاریخ اکثر ادھوری یا مسخ شدہ معلومات کی صورت میں ان تک پہنچتی ہے، ایسے میں مستند تاریخی حقائق کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس نمائش کے ذریعے نوجوانوں کو تاریخ کو اس کی اصل روح اور تاریخی شواہد کے ساتھ سمجھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
کیونکہ اگر ہم اپنی تاریخ خود نہیں جانیں گے تو دوسروں کے بیان کردہ ادھورے تصورات ہی ہماری نئی نسل کی سوچ کا حصہ بنتے رہیں گے۔ ایسی نمائشیں طلبہ کے لیے محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں، بلکہ اپنے ماضی کو دیکھنے، سمجھنے اور اس سے جڑنے کا ایک زندہ تجربہ ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے ماضی کو تعصب کی نگاہ سے نہیں، بلکہ علم، تحقیق اور تاریخی شواہد کی روشنی میں دیکھیں۔ تاریخ کسی ایک قوم کی میراث نہیں، بلکہ ان تمام لوگوں کی امانت ہے جنہوں نے اس ملک کی تعمیر و تہذیب میں اپنا کردار ادا ہے۔
انڈین ہسٹری فورم، شعبۂ تاریخ مولانا آزاد کالج اور اورنگ آبادی مسافر کی یہ مشترکہ کاوش یقیناً قابلِ تحسین ہے۔ عوام الناس، بالخصوص طلبہ، اساتذہ، نوجوانوں اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد سے اپیل ہے کہ وہ 22 تا 29 نومبر مولانا آزاد کالج کے نیول ٹاٹا اسٹیڈیم میں اس نمائش کا ضرور دورہ کریں۔
کیونکہ تاریخ کو جاننا صرف ماضی سے واقف ہونا نہیں، بلکہ سچائی کو سمجھنا، اپنے ورثے کی حفاظت کرنا اور آنے والی نسلوں کو اپنی اصل تاریخ سے روشناس کرانا بھی ہے۔ جو نسل اپنے ماضی سے واقف ہوتی ہے، وہی اپنے مستقبل کی بنیاد زیادہ شعور اور اعتماد کے ساتھ رکھ سکتی ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے