कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ میں اگست 2027 تک بلا تعطل پانی سربراہی کا منصوبہ

قحط سالی کے پیش نظر پانی کا محتاط استعمال کرنے اور غیر قانونی پانی کے حصول پر روک لگانے کی ہدایت، رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان کی صدارت میں میونسپل کارپوریشن میں اہم جائزہ اجلاس

ناندیڑ:18 نومبر (نمائندہ اعتبار) ناندیڑ ضلع میں اس سال اوسط سے انتہائی کم بارش اور قحط سالی جیسی صورتحال کے پیش نظر ناندیڑ شہر کو اگست 2027 تک بلا تعطل پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ اسی سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ اور رکن پارلیمنٹ اشوک راؤ چوہان کی صدارت میں بدھ 18 نومبر کو ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پانی کی قلت، شہر کے زیر التوا ترقیاتی کاموں، سڑکوں، صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے مسائل سمیت مختلف عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے متعلقہ افسران کو ضروری کام فوری طور پر مکمل کرنے اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کی سخت ہدایات دیں۔
اجلاس میں میئر کویتا سنتوش مولے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے، ڈپٹی میئر دیپک سنگھ راوت، شعبہ خواتین و اطفال کی چیئرپرسن سدچھا سونی پاٹل، ڈپٹی چیئرپرسن نرنجنا لانڈگے، ایوان کے قائد ایڈوکیٹ مہیش کنک ڈنڈے، سابق چیئرمین کشور سوامی، سنتوش مولے، مختلف محکموں کے افسران، انجینئرز، مختلف وارڈوں کے کارپوریٹرس اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ اجلاس کے دوران شہریوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل براہ راست عوامی نمائندوں اور افسران کے سامنے پیش کیے۔
اجلاس کے آغاز میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے وشنو پوری ڈیم اور دیگر مقامات پر ناندیڑ شہر کے لیے محفوظ پینے کے پانی کے ذخیرے کی موجودہ صورتحال سے واقف کروایا۔ اس کے علاوہ محکمہ آبرسانی کی جانب سے گزشتہ ایک تا دو ماہ کے دوران کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
محکمہ آبرسانی کے مطابق پانی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے 187 غیر مجاز نل کنکشن منقطع کیے گئے، جبکہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے 286 مقامات پر پائپ لائن کی رساؤ کی مرمت کی گئی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات اور دیگر جگہوں پر پانی کے بے جا استعمال کو روکنے کے لیے 87 نئی ٹوٹیاں نصب کی گئیں اور 236 غیر مجاز نل کنکشن بھی منقطع کیے گئے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈنکین کے گندے پانی کی صفائی کے مرکز سے یومیہ 2 ایم ایل ڈی صاف شدہ پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے شہر میں 21 ریچارج پٹ تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔
رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہا کہ رواں سال انتہائی کم بارش کے باعث آبی ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں شہر کو آئندہ موسم گرما اور اگلے مانسون تک، یعنی اگست 2027 تک، مسلسل پانی فراہم کرنا انتظامیہ کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے دستیاب پانی کا انتہائی احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے مستقبل میں پانی کی کٹوتی کا لائحہ عمل وضع کرنے اور غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس انتظامیہ کی مدد لینے کی تجویز بھی پیش کی۔
زیر التوا ترقیاتی کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت:
اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے 100 روزہ عملی منصوبے کے تحت باقی رہ جانے والے ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان میں گوردھن گھاٹ، سڈکو اور ترواڈا میں گیس پر مبنی شمشان گھاٹ، اہلیہ دیوی ہولکر یادگار، اٹل بہاری واجپائی کا مجسمہ، اسمارٹ ٹریفک سگنل، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس، خطرناک برقی تاروں کو زیر زمین منتقل کرنے، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے، کستوربا ماتر سیوا کیندر شیواجی نگر میں بی پی کیئر یونٹ قائم کرنے اور سرکاری اراضی پر موجود تجاوزات کو قانونی دائرے میں لانے جیسے اہم کام شامل ہیں۔
اشوک چوہان نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان تمام زیر التوا کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور انجام دی گئی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کریں۔
شہریوں اور کارپوریٹرس نے براہ راست مسائل پیش کیے:
اجلاس کے دوران مختلف وارڈوں کے کارپوریٹرس نے اپنے اپنے علاقوں میں زیر التوا ترقیاتی کاموں کی تفصیلات رکن پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیں۔ شہریوں نے بھی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ڈرینیج لائن، اراضی کی ملکیت اور غیر قانونی تجاوزات سے متعلق شکایات براہ راست پیش کیں۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے موقع پر ہی ان شکایات کا جواب دیا اور مقررہ مدت میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے