कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

علم، تجربہ، بصیرت اور قربانی کا روشن استعارہ

خان نوید الحق انعام الحق صاحب کی علمی و تعلیمی خدمات کا ایک اجمالی مطالعہ

از قلم: راجو قریشی، بارسی ٹاکلی

قوموں کی تاریخ میں بعض افراد ایسے بھی پیدا ہوتے ہیں جو اپنے نام کی تشہیر، عہدوں کی نمائش اور شہرت کی خواہش سے بے نیاز ہو کر خاموشی کے ساتھ ایسے کارنامے انجام دیتے ہیں جن کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جاتے ہیں. یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو خود منظرنامے میں نمایاں نظر نہیں آتے، لیکن ان کی فکر، بصیرت اور محنت قوم کے مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے.
تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دینے والے ایسے اشخاص دراصل قوموں کے معمار ہوتے ہیں. وہ اینٹ اور پتھر کی عمارتیں نہیں بلکہ ذہن، کردار اور شعور کی عمارتیں تعمیر کرتے ہیں. مہاراشٹر میں اردوٗ زبان و ادب کی ترویج، درسی کتب کی تدوین و تالیف اور لاکھوں طلبہ تک معیاری تعلیمی مواد پہنچانے کے پسِ پردہ بھی ایک ایسا ہی شخص کارفرما رہا ہے جس کی زندگی علم، اخلاص، قربانی اور خدمت کا حسین مرقع ہے.
یہ شخص محترم خان نوید الحق انعام الحق ہے، جس نے اپنی ساری عملی زندگی تعلیم کی خدمت، زبانوں کے فروغ اور نئی نسلوں کی فکری آبیاری کے لیے وقف کر دی.
علم ایک نعمت ہے، قابلیت ایک صلاحیت، تجربہ ایک سرمایہ اور قربانی ایک اعلیٰ انسانی وصف؛ لیکن جب یہ چاروں اوصاف ایک ہی شخص میں جمع ہو جائیں تو وہ شخص معمولی نہیں رہتا بلکہ ایک ادارے کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے. خان نوید الحق صاحب انھی نادر اشخاص میں سے ہیں جن کی زندگی علم و عمل کی روشن مثال ہے. ان کے اندر موجود علمی گہرائی، انتظامی بصیرت، لسانی مہارت، تحقیقی ذوق اور تعلیمی فہم نے انھیں اپنے معاصرین میں ایک منفرد مقام عطا کیا ہے.
ان سے ملاقات کرنے والا ہر صاحبِ علم ان کی وسعتِ مطالعہ، علمی سنجیدگی اور فکری پختگی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا. یہی وجہ ہے کہ ان کی خدمات کا اعتراف صرف اردوٗ حلقوں تک محدوٗد نہیں بلکہ دیگر لسانی شعبوں اور تعلیمی اداروں کے ذمے داران بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں.
جب بال بھارتی، پوٗنہ میں اردوٗ درسی کتب کی تیاری کے عمل کو ان کی سرپرستی میسر آئی تو اس شعبے کی کارکردگی میں ایک نمایاں تبدیلی محسوٗس کی گئی. ان کی قیادت نے اردوٗ لسانی کمیٹی کو ایک نئی توانائی، نئی سمت اور نئی فکر عطا کی. وہ محض ایک افسر کی حیثیت سے کام نہیں کرتے بلکہ ایک ایسے معمارِ تعلیم کے طور پر سوچتے ہیں جو آنے والی نسلوں کی ذہنی اور فکری تعمیر کو اپنی ذمے داری سمجھتا ہے. یہی وجہ ہے کہ وہ ہر مرحلے پر معیار، افادیت اور تعلیمی ضرورت کو مقدم رکھتے ہیں. ان کے نزدیک درسی کتاب صرف نصاب کا حصّہ نہیں بلکہ ایک نسل کے فکری سفر کی بنیاد ہوتی ہے. مشکلات کے سامنے استقلال کی مثال ہیں خان صاحب. تعلیمی منصوبے ہمیشہ آسان نہیں ہوتے. محدوٗد وسائل، وقت کی پابندیاں، انتظامی پیچیدگیاں اور مختلف النوع چیلنجز اکثر بڑے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، لیکن خان نوید الحق کی شخصیت کا نمایاں وصف یہ ہے کہ مشکلات انھیں کمزور نہیں کرتیں بلکہ مزید مضبوٗط بنا دیتی ہیں. ان کی ثابت قدمی، حوصلہ مندی، دور اندیشی اور نظم و ضبط نے متعدد مواقع پر ایسے مسائل کو حل کیا جنھیں بظاہر حل کرنا دشوار دکھائی دیتا تھا. وہ مصلحتوں کے اسیر نہیں بلکہ مقصد کے وفادار ہیں، اسی لیے ان کے فیصلوں میں ہمیشہ تعلیمی مفاد اور اجتماعی بھلائی کو ترجیح حاصل رہی. تاریخی تعلیمی کامیابی
2026میں دوسری، تیسری، چوتھی اور چھٹی جماعت کی اردو درسی کتب کی تیاری، اشاعت اور بروقت دستیابی ایک تاریخی کامیابی کے طور پر یاد رکھی جائے گی. یہ محض چند کتابوں کی اشاعت نہیں بلکہ ایک ایسے جامع تعلیمی منصوبے کی تکمیل ہے جس کے ذریعے لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیمی مواد میسر آیا. اس کامیابی کے پسِ پردہ خان صاحب کی منظم منصوبہ بندی، مسلسل نگرانی، علمی بصیرت اور غیر معمولی محنت کارفرما رہی.
انھوں نے مختلف لسانی کمیٹیوں کے اراکین کو جس محبت، شفقت اور حکمت کے ساتھ ایک مشترکہ مقصد کے لیے یکجا کیا، وہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا روشن ثبوت ہے. موصوٗف کی علمی خدمات کا دائرہ نہایت وسیع ہے. خان نویدالحق کا علمی سفر صرف اردوٗ زبان تک محدوٗد نہیں رہا. انھوں نے اردوٗ ، عربی، فارسی اور سندھی زبانوں کی درسی کتب کی تیاری میں اہم خدمات انجام دیں. مزید برآں اردھ ماگدھی، سنسکرت، پالی، روسی، فرانسیسی اور جرمن زبانوں کے رابطہ کار کے طور پر بھی ذمے داریاں نبھائیں. یہ تنوع اس بات کا غماز ہے کہ ان کی دلچسپی صرف ایک زبان تک محدوٗد نہیں بلکہ علم اور زبان کے وسیع تر افقوں تک پھیلی ہوئی ہے.
ان کی نگرانی، تدوین اور رہنمائی میں تیار ہونے والی کتابوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے، جو ان کی علمی ریاضت اور مسلسل محنت کا زندہ ثبوت ہے.
سبکدوشی کے بعد بھی خان صاحب کا خدمت کا سفر جاری ہے. موصوٗف نے یکم اگست 1990ء کو اپنی خدمات کا آغاز کیا اور تقریباً بتیس برس تک انتہائی دیانت داری اور ذمے داری کے ساتھ اپنے فرائضِ منصبی انجام دیے. عام طور پر لوگ سبکدوشی کے بعد آرام کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن خان صاحب نے اسے اپنی علمی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئی ابتدا سمجھا. یہی وجہ ہے کہ سبکدوشی کے بعد بھی وہ مسلسل علمی منصوبوں میں مصروٗف رہے اور درسی کتب کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھا. ان کا یہ طرزِ عمل اس حقیقت کی بہترین مثال ہے کہ خدمت اگر اخلاص کے ساتھ ہو تو وہ ملازمت کے اختتام پر ختم نہیں ہوتی بلکہ زندگی بھر جاری رہتی ہے. روحانیت اور علم کا حسین امتزاج ہیں خان صاحب. موصوٗف کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کا روحانی رجحان بھی ہے. اللہ تعالیٰ نے انھیں اپنی والدۂ محترمہ اور اہلیہ کے ہمراہ حجِ بیت اللہ کی سعادت عطا فرمائی اور متعدد بار عمرے کی توفیق بھی نصیب فرمائی.
سبکدوشی کے بعد مدینہ منورہ میں قیام اور حفظِ قرآن کی آرزوٗ ان کے دینی شوق اور روحانی وابستگی کا آئینہ دار ہے. اگرچہ بعض ناگزیر حالات کے باعث یہ سفر مکمل نہ ہو سکا، لیکن اس خواہش کی عظمت ان کے قلبی تعلقِ قرآن کی گواہی دیتی ہے. خان صاحب ایک شخصیت نہیں، ایک اِدارہ ہیں، خان نویدالحق ان شخصیات میں سے ہیں جن کی شناخت عہدوں سے نہیں بلکہ کردار سے ہوتی ہے. ان کی اصل پہچان ان کا اخلاص، ان کی محنت، ان کی دیانت داری اور ان کی بے لوث خدمات ہیں.
انھوں نے اپنی ساری زندگی میں یہ ثابت کیا کہ اگر نیت خالص ہو، مقصد بلند ہو اور عزم مضبوٗط ہو تو ایک فرد بھی لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے. آج ریاستِ مہاراشٹر کے ہزاروں اسکولوں اور لاکھوں طلبہ کے ہاتھوں میں موجوٗد درسی کتابیں درحقیقت خان نویدالحق کی طویل علمی ریاضت، فکری بصیرت اور تعلیمی وابستگی کی روشن یادگار ہیں. اہلِ علم و ادب، اساتذہ، طلبہ اور اردوٗ زبان سے محبت رکھنے والے تمام افراد کے لیے خان نوید الحق انعام الحق صاحب کی شخصیت ایک روشن مثال اور قابلِ تقلید نمونہ ہے. ہم بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی علمی و تعلیمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی عمر، صحت، عزت اور وقار میں مزید برکتیں نازل فرمائے، ان کے علم و فیض کو آنے والی نسلوں تک جاری و ساری رکھے، اور انھیں دنیا و آخرت کی بے شمار سعادتوں سے نوازے.
آمین یا رب العالمین.

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے