कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

عربی زبان اور ہمارا تعلیمی المیہ

نوک خامہ: فضیل اختر قاسمی بھیروی
ترجمان المعہد الاسلامی العربی العالمی و خادم التدریس دارالعلوم رحیمیہ پیلیر آندھراپردیش

حال ہی میں پڑوسی ملک کے ایک صاحبِ فکر عالم، حضرت مولانا ولی خان المظفر صاحب، سابق استاذ جامعہ فاروقیہ، کی ایک بصیرت افروز تحریر نظر سے گزری۔ اس میں انہوں نے نہایت درد مندی اور خیرخواہی کے ساتھ عربی زبان کی عملی مہارت اور ہمارے تعلیمی نظام کے بعض قابلِ غور پہلوؤں کی طرف توجہ دلائی ہے۔ یہ تحریر اعتراض و تنقیص کی نہیں، بلکہ احتسابِ ذات، تجدیدِ فکر اور تعمیری اصلاح کی ایک مخلصانہ دعوت ہے۔
انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ ایک طالبِ علم اپنی عمر کے قیمتی سال صرف و نحو، فقہ، حدیث، تفسیر اور دیگر علومِ اسلامیہ کے حصول میں صرف کرتا ہے، لیکن فراغت کے بعد عربی زبان میں رواں گفتگو، مؤثر تحریر اور جدید عربی علمی ذخیرے سے براہِ راست استفادے کی مطلوبہ صلاحیت اکثر حاصل نہیں کر پاتا۔ یہ صورتِ حال یقیناً غور و فکر، تأمل و تدبر اور سنجیدہ تعلیمی مکالمے کی متقاضی ہے۔
بلاشبہ برصغیر کے دینی مدارس نے علومِ نبوت کی حفاظت، اشاعتِ دین اور فکری رہنمائی میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں، مگر اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی اپنی جگہ مسلم ہے کہ عربی زبان، جو قرآنِ حکیم کی زبان، علومِ اسلامیہ کی اساس اور امت کی علمی شناخت ہے، اس کی عملی مہارت کو مزید استحکام بخشنا عصرِ حاضر کی ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔
آج دنیا زبان کو صرف قواعد و ضوابط کے قالب میں نہیں سکھاتی، بلکہ ممارست، مکالمہ، استماع، قراءت اور تحریر کے ذریعے اس میں ملکہ پیدا کیا جاتا ہے۔ لہٰذا عربی ماحول کی تشکیل، مکالماتی حلقوں کا قیام، زبانی امتحانات، لسانی مشقوں کا اہتمام اور جدید تدریسی وسائل سے استفادہ وقت کی ایک اہم آواز ہے، جسے سنجیدگی سے سننے کی ضرورت ہے۔
یہ تحریر دراصل اس حقیقت کی طرف رہنمائی کرتی ہے کہ اگر مدارس اپنی عظیم علمی روایت اور موروثی وقار کو برقرار رکھتے ہوئے عربی زبان کی عملی، تطبیقی اور ابلاغی مہارت کو بھی اپنی تعلیمی ترجیحات میں نمایاں مقام دیں، تو ایسے رجالِ علم تیار ہوسکتے ہیں جو نہ صرف علومِ دینیہ کے امین ہوں بلکہ عصرِ حاضر کے علمی و فکری میدانوں میں بھی پوری توانائی اور اعتماد کے ساتھ امت کی نمائندگی کرسکیں۔
اہلِ علم کے ہاں مخلصانہ سوالات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے؛ کیونکہ تعمیری گفتگو ہی سے فکر کو جِلا ملتی ہے، راستے کھلتے ہیں اور تعلیمی روایت مزید استحکام اور پختگی سے آگے بڑھتی ہے۔
فَضْلِ الٰہی اور عِنایتِ ربّانی سے یہ امر باعثِ مسرت و اطمینان ہے کہ المعہد الإسلامي العربي العالمي اپنے قیام ہی سے اسی فکر اور انہی مقاصدِ جلیلہ کو پیشِ نظر رکھے ہوئے ہے۔ طلبہ کے اندر عربی زبان کے تعلم کے ساتھ تکلم، تحریر اور عملی مہارت پیدا کرنے کے لیے اپنی تمام تر وسعت، صلاحیت اور وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے، تاکہ وہ علومِ دینیہ کے ساتھ عربی زبان پر بھی مضبوط دسترس حاصل کرکے دنیا بھر میں دینِ اسلام کے پیغام کو مؤثر، دل نشیں اور پُرحکمت انداز میں پیش کرسکیں۔ اللہ تعالیٰ اس ادارے کی ان مخلصانہ کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اسے علمی، فکری اور دعوتی میدانوں میں مزید ترقی، مقبولیت اور کامرانی سے نوازے۔ آمین۔

 

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے