कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

دل آج پھر بچپن کی گلیوں میں بھٹک آیا

خامہ بکف محمد عادل ارریاوی

ہماری زندگی میں کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جو وقت گزر جانے کے باوجود دل کے نہایت قریب رہتے ہیں۔ وہ لمحے بے حد قیمتی اور یادگار ہوتے ہیں جب ماں باپ بھائی اور بہنیں سب ایک جگہ جمع ہو کر اپنی گزری ہوئی زندگی کی باتیں کرتے ہیں بچپن کی یادوں کو تازہ کرتے ہیں اور پرانے زمانے کے قصے دہراتے ہیں۔ جب گھر کے بزرگ یہ بتاتے ہیں کہ پہلے کے لوگ کس طرح سادہ زندگی گزارتے تھے کن مشکلات کا سامنا کرتے تھے اور محدود وسائل کے باوجود کتنے مطمئن اور خوش رہتے تھے تو دل ایک عجیب کیفیت سے بھر جاتا ہے۔
بچپن کی شرارتیں ننھی ننھی عادتیں ایک دوسرے سے چھینا جھپٹی کرنا مل جل کر کھانا کھیلنا کودنا اور معمولی باتوں پر روٹھ جانا پھر چند لمحوں بعد خود ہی مان جانا یہ سب یادیں جب زبان پر آتی ہیں تو محفل قہقہوں اور مسکراہٹوں سے بھر جاتی ہے۔ ہر شخص اپنی یادوں کا ایک خزانہ کھول دیتا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت نے ایک لمحے کے لیے پلٹ کر ماضی کا دروازہ کھول دیا ہو۔
آج جب والدین سب بھائی بہن ایک ساتھ بیٹھے تھے اور بچپن کے ان حسین دنوں کو یاد کر رہے تھے تو دل بے اختیار خوشی سے بھر گیا۔ سب کے چہروں پر بکھری ہوئی مسکراہٹیں دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی دولت یہی محبت اور اپنائیت ہے۔ واقعی کچھ خوشیاں ایسی ہوتی ہیں جو نہ مال سے خریدی جا سکتی ہیں اور نہ ہی دنیا کی کسی اور نعمت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
کبھی کبھی انسان سوچتا ہے کہ کاش یہ حسین لمحے کبھی ختم نہ ہوں۔ لیکن وقت کا اپنا ایک سفر ہے وہ کسی کے لیے نہیں رکتا۔ بچپن کی وہ معصوم زندگی وہ بے فکری کے دن وہ کھیل کود وہ ہنسی مذاق اور وہ بے شمار یادیں اب صرف ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔ آج جب ان دنوں کو یاد کرتا ہوں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کل ہی کی بات ہو حالانکہ زمانے گزر چکے ہیں۔
دنیا میں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں یہ خوبصورت لمحات نصیب نہیں ہوتے۔ کچھ لوگ والدین کی شفقت سے محروم ہوتے ہیں کچھ بہن بھائیوں کی محبت سے اور کچھ خاندان کی گرمجوشی سے۔ ایسے لوگوں کو دیکھ کر اپنی نعمتوں کا احساس اور بھی بڑھ جاتا ہے اور دل اللہ ربّ العزت کا شکر ادا کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
جب میں اپنے والدین کی زندگی پر نظر ڈالتا ہوں تو ان کی بے شمار قربانیاں یاد آتی ہیں۔ انہوں نے اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر ہماری تعلیم و تربیت کے لیے دن رات محنت کی بے شمار مشکلات برداشت کیں اور ہمیں زندگی میں آگے بڑھنے کے قابل بنایا۔ حقیقت یہ ہے کہ والدین کے احسانات کا بدلہ کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی محبت شفقت دعائیں اور قربانیاں انسان کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
اللہ رب العزت سے دل کی گہرائیوں کے ساتھ دعا ہے کہ ہمارے والدین کو صحت و عافیت عطا فرمائے انہیں ہمیشہ خوش و خرم رکھے ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے اور ان کا سایہ ہم پر ہمیشہ قائم رکھے۔ اللہ ربّ العزت ہمارے گھرانوں میں محبت اخوت اور خوشیوں کو ہمیشہ برقرار رکھے اور ہمیں اپنے پیاروں کے ساتھ ایسے ہی ہنستے مسکراتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے