कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

حسین فار جسٹس مہم کے تحت بابُ العلم لائبریری کی منفرد انسان دوستانہ کاوش

یومِ آزادی کے موقع پر گھاٹی اسپتال میں مفت کھانا، پانی اور جوس تقسیم — امام حسینؑ کی تعلیماتِ انسانیت کو عام کرنے کا عزم

رپورٹ (خان افراء تسکین)15 اگست:یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر بابُ العلم لائبریری کی جانب سے ’’Hussain for Justice‘‘ مہم کے تحت ایک منفرد اور انسان دوست خدمتِ خلق کا پروگرام منعقد کیا گیا، جس کے دوران گھاٹی سرکاری اسپتال میں مریضوں، ان کے تیمارداروں اور ضرورت مند افراد کے درمیان مفت کھانا، پینے کا پانی اور جوس تقسیم کیا گیا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد امام حسینؑ کی آفاقی تعلیماتِ حق، عدل، انسانیت، ایثار اور ضرورت مندوں کی مدد کو عام کرنا اور انہیں عملی زندگی کا حصہ بنانا تھا۔
اس موقع پر شیعہ یوتھ لیڈر سید محمد رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی پلانا اور بھوکے کو کھانا کھلانا محض ایک نیکی نہیں بلکہ انسانیت کی سب سے خوبصورت علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے اس مبارک موقع پر امام حسینؑ کے نام پر کھانا اور پانی تقسیم کرنا دراصل ان کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانے کی ایک ادنیٰ کوشش ہے۔ امام حسینؑ نے ہمیں صبر، حق، انسانیت اور ضرورت مندوں کی مدد کا پیغام دیا ہے۔ آج ہمیں چاہیے کہ ان تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، بھائی چارے، ہمدردی اور انسانیت کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مختصر خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ہمارے وطن میں امن، اتحاد، بھائی چارہ اور خوشیاں ہمیشہ قائم رکھے۔
اسی موقع پر ٹیم لیڈر سید قاسم جعفری نے امام حسینؑ کے پیغام کو انسانیت کے لیے ایک عالمگیر پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ، رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے نواسے ہیں، جنہوں نے میدانِ کربلا میں حق و صداقت، عدل و انصاف اور اصولوں کی سربلندی کے لیے اپنی جان، اپنے اہلِ خانہ اور اپنے باوفا اصحاب کی قربانی پیش کی، مگر ظلم و ناانصافی کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام کسی ایک مذہب یا برادری تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ امام حسینؑ نے ہمیں سچائی، انصاف، مہربانی، انسانی وقار اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیا۔ کربلا ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حق کے ساتھ کھڑے رہیں، ظلم و ناانصافی کو قبول نہ کریں، ضرورت مندوں کا سہارا بنیں اور مشکل ترین حالات میں بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت و عنایت پر یقین قائم رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امام حسینؑ کے پیغام کو صرف الفاظ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
اس موقع پر صحافی و سماجی کارکن ارباز انصاری نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابُ العلم لائبریری کی اس انسان دوست اور قابلِ تحسین کوشش کو سراہا اور کہا کہ معاشرے میں خدمتِ خلق کے ایسے اقدامات محبت، اخوت اور انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کی فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پروگرام میں آفاق الرحمن (جماعتِ اسلامی)، زرینہ جاوید قریشی (کارپوریٹر، VBA)، ایڈووکیٹ جنید قریشی (VBA)، ڈاکٹر صدف (چیف میڈیکل آفیسر، گورنمنٹ اسپتال)، مولانا مرزا مکرم علی بیگ، سید مزمل کاظمی اور سید اعجاز کاظمی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر تمام معزز مہمانان نے بابُ العلم لائبریری کی انتظامیہ اور پوری مینجمنٹ ٹیم کو ’’حسین فار جسٹس‘‘ مہم کے کامیاب انعقاد اور خدمتِ خلق کے اس خوبصورت اقدام پر دلی مبارکباد پیش کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امام حسینؑ کی تعلیماتِ انسانیت، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کے پیغام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ معاشرے میں محبت، امن، ہمدردی اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ حاصل ہو۔
سیدہ افشاں نقوی اور سیدہ عین زہرہ نقوی نے بھی اپنی صلاحیتوں کوتقریرکے ذریعے پیش کیا ۔الینا نقوی کسا جعفری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔معصومہ نقوی نے حاضرین کو حسینی کردار کےآینے میں اپنے ملک وقوم کے لئے ہر ممکن مدد ،صلاحیت، خدمت ، انسانوں سے محبت ، بھائی چارے کا عہد دلایا ۔
’’حسین فار جسٹس‘‘ مہم نے یومِ آزادی کے موقع پر یہ خوبصورت پیغام دیا کہ وطن سے محبت اور انسانیت کی خدمت ایک دوسرے سے جدا نہیں؛ بلکہ حقیقی آزادی کا حسن بھی اسی وقت نمایاں ہوتا ہے جب معاشرے کا ہر فرد دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے ان کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے