कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ایک ہی زرعی زمین کے جعلی کاغذات بنا کر 35 شہریوں سے 11 کروڑ 85 لاکھ روپئے کی مبینہ دھوکہ دہی

ناندیڑ پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا

ناندیڑ: 16 ؍ستمبر(نمائندہ اعتبار) ایک ہی زرعی زمین کے جعلی دستاویزات اور سات بارہ اتارے تیار کرکے اسے متعدد افراد کو فروخت کرنے کے ذریعے کروڑوں روپئے کی مبینہ دھوکہ دہی کرنے والے منظم گروہ کا ناندیڑ پولیس نے پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس کی اب تک کی تفتیش میں 35 شہریوں سے مجموعی طور پر 11 کروڑ 85 لاکھ روپئے کی رقم ہڑپ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس پریس نوٹ کے مطابق، ملزم راہل ناگوراؤ گائیکواڑ نے شکایت کنندہ دیویندر شرما سے دوستانہ تعلقات قائم کرکے ان کا اعتماد حاصل کیا۔ اس کے بعد موضع مینڈھلا خورد، تعلقہ اردھا پور، ضلع ناندیڑ میں واقع گٹ نمبر 73 کی زرعی زمین کو اپنی ملکیت ظاہر کرتے ہوئے اس کے جعلی سات بارہ اتارے اور دیگر دستاویزات تیار کیے گئے۔ ملزمان نے مذکورہ زمین کی خرید و فروخت کے نام پر مختلف افراد سے مالی رقم وصول کی۔پولیس کے مطابق، اس معاملے میں زمین کا مجموعی سودا ایک کروڑ 26 لاکھ روپئے میں طے کیے جانے کی اطلاع ہے۔ 18 فروری 2026 ءکو مالیگاؤں روڈ، ناندیڑ کے ایک ہوٹل میں شکایت کنندہ سے 30 لاکھ روپئے نقد وصول کیے گئے، جبکہ دیگر رقم بھی مختلف طریقوں سے لیے جانے کا ذکر پولیس کی کارروائی میں سامنے آیا ہے۔ بعد ازاں جب شکایت کنندہ کو معلوم ہوا کہ زمین کے کاغذات جعلی ہیں اور اسی زمین کو دوسرے افراد کو بھی فروخت کیا جا رہا ہے، تو معاملہ پولیس تک پہنچا۔
اس سلسلے میں وزیرآباد پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 318(4)، 316(2) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ناندیڑ شہر کے سب ڈویژنل پولیس افسر رامیشور وینجنے کو تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی۔ تفصیلی تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ایک ہی جائیداد کے جعلی دستاویزات بار بار تیار کرکے مختلف شہریوں کو مبینہ طور پر دھوکہ دیا گیا ہے۔پولیس کی تفتیش میں اب تک 35 شہریوں کے ساتھ 11 کروڑ 85 لاکھ روپئے کی مبینہ دھوکہ دہی سامنے آئی ہے۔ اس معاملے میں 16 شہریوں کے بیانات درج کیے گئے ہیں، جبکہ 14 دستاویزات بھی پولیس نے تحویل میں لیے ہیں۔ ابتدائی پوچھ گچھ سے اس ریکٹ کی وسعت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مختلف معاملات میں مقامی پراپرٹی ڈیلروں اور بروکروں کی شمولیت بھی سامنے آئی ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف تقریباً 12 دیوانی اور فوجداری مقدمات عدالت میں درج ہونے کی اطلاع تفتیش کے دوران ملی ہے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہل ناگوراؤ گائیکواڑ (38 سال)، جکھاجی عرف بندو دھونڈجی پاوڈے (43 سال) اور امول اشوک راؤ مالیگاؤںکر (42 سال) کو گرفتار کیا ہے۔ راہل گائیکواڑ کو 13 ستمبر، جکھاجی پاوڈے کو 14 ستمبر اور امول مالیگاؤںکر کو 15 ستمبر 2026 ءکو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے۔ پریس نوٹ کے مطابق، راہل گائیکواڑ اور امول مالیگاؤںکر پولیس تحویل میں ہیں، جبکہ جکھاجی پاوڈے کو عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔یہ کارروائی ناندیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن کی ہدایت پر، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گورَو کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ تفتیشی افسر رامیشور وینجنے اور ان کی ٹیم کے علاوہ لوکل کرائم برانچ اور بھاگیہ نگر کرائم انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی میں حصہ لیا۔پولیس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ زرعی زمین، پلاٹ یا دیگر غیر منقولہ جائیداد خریدنے سے قبل محکمۂ محصول سے اصل ملکیت، سات بارہ اتارہ، فردِ تبدیلی اور دیگر قانونی دستاویزات کی مکمل تصدیق ضرور کریں۔ پولیس نے غیر مجاز بروکروں کے جھانسے میں آکر بڑی مقدار میں نقد رقم دینے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔پولیس کے مطابق اگر کسی شہری کے ساتھ مذکورہ ملزمان کے ذریعے دھوکہ دہی ہوئی ہے تو وہ فوری طور پر ناندیڑ شہر کے سب ڈویژنل پولیس افسر کے دفتر یا وزیرآباد پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے