कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اپنا اپنا ہی ہوتا ہے

خامہ بکف محمد عادل ارریاوی

ہمارے معاشرے میں رشتوں کی خوبصورتی بھی بہت نرالی ہے اور ان کی تلخیاں بھی بہت عجیب ہوتی ہیں۔ کبھی معمولی سی بات پر دلوں میں فاصلے پیدا ہو جاتے ہیں چھوٹی سی ناراضگی برسوں کی خاموشی میں بدل جاتی ہے اور انسان غصے میں آکر ایسی باتیں کہہ جاتا ہے جن کا شاید بعد میں خود بھی احساس ہوتا ہے۔ اکثر سننے کو ملتا ہے اب ہم سے کوئی تعلق نہ رکھنا ہم سے بات کرنے کی ضرورت نہیں ہمارے اور تمہارے درمیان اب کچھ باقی نہیں رہا۔ لیکن وقت ثابت کر دیتا ہے کہ رشتے صرف لفظوں سے ختم نہیں ہوتے۔
کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ اپنا تو آخر اپنا ہی ہوتا ہے۔
زندگی میں کئی مرتبہ ایسا دیکھنے کو ملتا ہے کہ رشتہ دار کسی بات پر اختلاف کر بیٹھتے ہیں۔ کبھی لین دین کبھی مزاج کا فرق کبھی جائیداد تو کبھی چھوٹی چھوٹی غلط فہمیاں دلوں میں دیواریں کھڑی کر دیتی ہیں۔ خاص طور پر بہن بھائیوں کے رشتے میں جب دنیاوی معاملات شامل ہو جائیں تو محبت آزمائش سے گزرنے لگتی ہے۔
کتنی عجیب بات ہے وہ بہن بھائی جو بچپن میں ایک ساتھ کھیلتے تھے ایک ہی دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا کھاتے تھے ایک دوسرے کے بغیر جن کا دن مکمل نہیں ہوتا تھا وقت گزرنے کے ساتھ کبھی معمولی باتوں پر ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات جائیداد کے معاملات میں اگر بہن اپنا حق مانگ لے تو کچھ بھائی ناراض ہو جاتے ہیں بات چیت ختم کر دیتے ہیں آنا جانا بند کر دیتے ہیں گویا برسوں کی محبت ایک لمحے میں ختم ہو گئی ہو۔ کیا سچ میں محبت ختم ہو جاتی ہے؟ نہیں دل کے کسی کونے میں اپنائیت باقی رہتی ہے۔
اسی لیے وقت کے ساتھ جب غصہ ٹھنڈا ہوتا ہے حالات بدلتے ہیں زندگی نئے موڑ لیتی ہے تو وہی لوگ کسی خوشی یا غم کے موقع پر دوبارہ ایک دوسرے کے سامنے کھڑے نظر آتے ہیں۔ کبھی کسی دعوت میں کبھی کسی شادی میں کبھی کسی بیماری یا مصیبت کے وقت اور پھر احساس ہوتا ہے کہ چاہے کتنی ہی دوریاں کیوں نہ آ جائیں خون کے رشتوں کی اپنی ایک الگ ہی پہچان ہوتی ہے۔
انسان چاہے کتنی ہی ترقی کر لے دنیا کے کسی بھی شہر یا ملک میں جا بسے کتنی ہی دولت یا شہرت حاصل کر لے لیکن زندگی کے کچھ لمحے ایسے آتے ہیں جب سب سے پہلے اپنے ہی یاد آتے ہیں مشکل وقت میں اکثر وہی بھائی وہی بہن وہی رشتہ دار انسان کے قریب کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہم وقتی ناراضگیوں کو مستقل دشمنی میں نہ بدلیں۔ رشتوں کو انا ضد اور دنیاوی معاملات کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ کیونکہ رشتے بڑی مشکل سے بنتے ہیں مگر ٹوٹنے میں ایک لمحہ لگتا ہے۔
اللہ ربّ العزت ہمارے دلوں میں محبت خلوص صبر اور معافی کا جذبہ پیدا فرمائے تمام رشتہ داروں کے درمیان اتفاق اور محبت قائم رکھے اور ہمیں اپنے رشتوں کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close