कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اٹھائیس

تحریر:ڈاکٹر سراج انور، امراؤتی ، مہاراشٹر
موبائل : 8668323359

اذان کی آواز بلند ہوئی تو شہناز نے مشین بند کی اور صحن میں نکل آئی۔ اندھیرا ابھی پوری طرح چھٹا نہیں تھا۔ تلسی کے گملے پر اوس کی ہلکی ہلکی بوندیں جمی ہوئی تھیں۔ اسی دوران سامنے والے کمرے کا دروازہ چرچرایا اور کامران باہر نکلا۔ اس کے کندھے پر کالے رنگ کا بیگ تھا اور ہاتھ میں جوتے تھے۔ اس نے جوتے پہنے اور آہستہ سے کنڈی کھولی، جیسے کسی کی نیند کا لحاظ کر رہا ہو۔ صحن کے بیچ سے گزرتے ہوئے اس کی نظر شہناز پر نہیں ٹھہری۔ شہناز پانی کے مٹکے کے پاس خاموش کھڑی رہی۔ اس نے ایک بار کامران کی طرف دیکھا، مگر کچھ پوچھا نہیں۔ بڑا دروازہ کھلا، پھر بند ہوا اور گلی میں اس کے قدموں کی آواز دور ہوتی چلی گئی۔
شہناز ابھی صحن ہی میں کھڑی تھی کہ کمرے سے ساس کی کھانسی سنائی دی۔ پہلے کھنکھار کی آواز آئی، پھر ان کی تھکی ہوئی آواز ابھری۔
’’بہو… میری دوا دے دے۔‘‘
شہناز نے ایک نظر مشین پر ڈالی۔ سوئی کپڑے میں پھنسی ہوئی تھی۔ وہ کچھ کہے بغیر کمرے کی طرف بڑھ گئی۔
کمرے میں ابھی نیم اندھیرا تھا۔ باہر فجر کی ہلکی سی روشنی کھڑکی کے پردوں سے چھن کر اندر آ رہی تھی۔ اس نے پانی کا گلاس بھرا اور صبح نہار منہ لینے والی گولی ہتھیلی پر رکھ کر ساس کے بستر کے پاس پہنچی۔
’’یہ لیجیے، اماں۔‘‘
ساس نے آنکھیں کھولنے کی کوشش کی، مگر پلکیں پوری طرح نہ اٹھ سکیں۔ شہناز نے گلاس ان کے قریب کیا اور گولی ان کے ہاتھ پر رکھ دی۔ انہوں نے آہستہ سے گولی نگل لی۔
’’پانی اور چاہیے؟‘‘ شہناز نے پوچھا۔
ساس نے نفی میں سر ہلا دیا۔
وہ گلاس وہیں رکھ کر اپنی جگہ واپس آ گئی۔ مشین کے سامنے بیٹھتے ہی اس کی نگاہ سوئی پر پڑی، جو ٹھیک اسی جگہ رکی ہوئی تھی جہاں وہ اسے چھوڑ گئی تھی۔

صبح کے دس بج چکے تھے۔ تبھی دیشمکھ میڈم کی گاڑی گلی کے موڑ پر آ کر رکی۔ وہ دوپٹے کا پلو سنبھالتی ہوئی اتریں اور دروازے سے جھانک کر بولیں:
’’شہناز، میرا بلاؤز تیار ہوا؟‘‘
شہناز نے مشین سے نظر اٹھائی اور ہاتھ روک لیا۔
’’کل شام تک ہو جائے گا، میڈم۔‘‘
’’کل شام!‘‘ میڈم نے ذرا حیرت سے اسے دیکھا۔ ’’پچھلی بار بھی یہی کہا تھا تم نے۔‘‘
شہناز نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ ان کی طرف دیکھا۔
’’اس بار دیر نہیں ہوگی۔ پکا دے دوں گی۔‘‘
میڈم ہنس پڑیں۔ وہ شہناز کی پرانی گاہک تھیں اور انہیں اس پر اعتماد تھا۔
’’اچھا، دیکھتی ہوں۔ بس اس بار دیر مت کرنا۔‘‘
جاتے جاتے انہوں نے پیشگی رقم کے طور پر سو روپے کا نوٹ تھما دیا۔ شہناز نے نوٹ کو انگلیوں سے سیدھا کیا۔
’’یہ ابھی کیوں دے رہی ہیں، میڈم؟‘‘
’’رکھو، کام آ جائے گا۔‘‘
شہناز نے شکریے میں سر ہلایا اور نوٹ بسکٹ کے ڈبے میں رکھ دیا۔ ڈبے میں سال بھر کے نوٹ تہہ در تہہ ایک دوسرے سے لگے پڑے تھے۔ اس نے ڈھکن بند کیا تو اس پر لگا گھسا ہوا لیبل پھر دکھائی دینے لگا۔
دوپہر کو رخسانہ اپنے کمرے سے نکل کر آنگن میں آ گئی، جہاں شہناز بیٹھی تھی۔ رخسانہ اس کی نند تھی اور اس کی شادی میں صرف دو مہینے باقی رہ گئے تھے۔ کامران اور اس کی بیوی سلمیٰ بھی اسی گھر میں رہتے تھے۔ گھر کے دونوں بیٹوں، نعمان اور کامران، کے درمیان کسی بات کو لے کر گزشتہ دو برس سے ناراضگی چلی آ رہی تھی۔ گھر کی عورتوں کے درمیان بھی اس کے اثرات محسوس ہونے لگے تھے۔
چوکی پر بیٹھتے ہی رخسانہ دوپٹے کا کونا انگلی پر لپیٹنے لگی۔
’’بھابھی، ایک بات کہوں؟‘‘
’’ہاں، بولو۔‘‘ شہناز نے کپڑے سے نظر اٹھائی۔
’’لہنگے کی کلیاں ذرا چوڑی رکھیے گا۔‘‘
شہناز نے کپڑے پر ہاتھ پھیرا۔
’’چوڑی کریں گے تو گھیر کم پڑ جائے گا۔ پھر لہنگا اتنا اچھا نہیں لگے گا۔‘‘
’’تو کم پڑنے دیں۔‘‘ رخسانہ نے بے پروائی دکھانے کی کوشش کی، پھر ایک لمحے بعد ادھر ادھر دیکھ کر آواز دھیمی کر لی۔ ’’اور ایک بات… سلمیٰ بھابھی کو مت بتائیے گا کہ میں نے کون سا رنگ لیا ہے۔‘‘
شہناز نے گلے سے ناپ کا فیتہ اتارا اور رخسانہ کی کمر کے گرد لپیٹ دیا۔
’’اب تم دونوں کے بیچ میں، میں کیا کیا چھپاؤں؟‘‘ اس نے ہلکے سے کہا۔
رخسانہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ فیتہ کمر پر پہنچا تو اس کی سانس ایک لمحے کے لیے رک گئی۔ اس نے نظریں فرش پر جمائے ہوئے کہا:
’’دو سال ہو گئے، بھابھی! دونوں بھائی ایک دوسرے کی شکل تک نہیں دیکھتے، اور کپڑے… کپڑے دونوں کے آپ ہی کے پاس آتے ہیں۔‘‘
شہناز کے ہاتھ ایک لمحے کو ٹھہر گئے۔ اس نے کچھ نہ کہا۔ نعمان تو اس کا اپنا شوہر تھا، اس کے کپڑے سینے میں کوئی حرج نہ تھا، مگر کامران اس کا جیٹھ تھا۔ نعمان سے شدید ناراضگی اور قطع تعلق کے باوجود کامران کے کپڑے سلنے کے لیے اب بھی اسی کے پاس آتے تھے۔
’’چھوڑو، تم اپنے کپڑوں کی فکر کرو۔ شادی میں اتنے دن رہ گئے ہیں۔‘‘
’’آپ کو تو سب پتا ہے۔‘‘ رخسانہ نے آہستہ سے کہا۔ ’’کبھی کبھی سمجھ نہیں آتا کہ کس سے کیا بات کریں۔‘‘
شہناز نے فیتے پر نظر جمائے رکھی۔ اچانک اسے پچھلے ہفتے کا واقعہ یاد آ گیا۔ نعمان نے اپنے کرتے کی سلائی میں معمولی سی کمی پر اسے کتنی باتیں سنائی تھیں، حالانکہ کپڑا خود اسی نے دیر سے لا کر دیا تھا۔ سلمیٰ کے کپڑوں کے معاملے میں بھی ایسی ہی جلد بازی رہی تھی اور اب رخسانہ کے لہنگے کے لیے بھی دن گنے جا رہے تھے۔ سب کو اپنا کام وقت پر چاہیے تھا۔ کسی کو کبھی یہ خیال نہیں آتا تھا کہ آخر دو ہاتھوں سے کتنا کام ہو سکتا ہے۔
اس نے فیتے کو کپڑے پر دوبارہ سیدھا کیا۔ عدد دیکھتے ہوئے آہستہ سے بولی:
’’چھبیس۔‘‘
رخسانہ نے سر ہلایا۔ شہناز نے کاپی کھولی اور وہ عدد لکھ لیا۔
رخسانہ کچھ دیر اس کے پاس بیٹھی رہی۔ پھر اٹھتے ہوئے اس نے شہناز کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ دیا۔
’’بھابھی، آپ نہ ہوتیں تو پتا نہیں میرا کیا ہوتا۔‘‘
شہناز نے اس کی طرف دیکھا۔
’’ایسی بات نہیں کرتے۔ جو بن پڑے گا، کر دوں گی۔‘‘
رخسانہ نے ہاتھ ہٹا لیا۔ دروازے کی طرف جاتے ہوئے ایک بار پلٹ کر اسے دیکھا، پھر چلی گئی۔
شہناز کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ آئی، مگر رخسانہ کے جاتے ہی وہ بھی بجھ گئی۔ اس نے کاپی بند کی اور دوبارہ کپڑے کی طرف متوجہ ہو گئی۔
رخسانہ کے جانے کے کچھ دیر بعد سلمیٰ بھی اس کے پاس آ کر چوکی پر بیٹھ گئی۔ وہ دیر تک دوپٹے کے کنارے کو انگلیوں میں مروڑتی رہی۔ شہناز نے کپڑے سے نظر ہٹائے بغیر، جیسے یونہی خیال آیا ہو، پوچھا:
’’کامران بھائی آج صبح صبح کہاں نکل گئے؟‘‘
سلمیٰ کے ہاتھ ایک لمحے کو رک گئے۔ اس نے دوپٹہ سر پر ٹکایا۔
’’کچھ ضروری کام سے گئے ہیں… شہر کے باہر۔‘‘
پھر کچھ توقف کے بعد بولی، ’’دو دن میں آ جائیں گے۔‘‘
شہناز نے اس کی طرف دیکھا۔ سلمیٰ کی نظریں ابھی بھی دوپٹے کے کنارے پر جمی ہوئی تھیں۔
’’اچھا، بتا کر گئے تھے؟‘‘
’’ہاں… بس، جلدی میں نکل گئے۔‘‘
شہناز نے بات وہیں چھوڑ دی۔ کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد سلمیٰ نے اچانک پوچھا:
’’شہناز! رخسانہ کا لہنگا کس رنگ کا ہے؟ بس… ایسے ہی پوچھ رہی ہوں۔‘‘
شہناز نے کپڑوں کی تہہ پر ہاتھ رکھتے ہوئے نظریں چرائیں۔
’’ابھی تو کھول کر دیکھا بھی نہیں، بھابھی۔ کپڑا کٹا کہاں ہے جو رنگ کا اندازہ ہو۔‘‘
یہ بات پوری طرح جھوٹ بھی نہیں تھی۔ کپڑا میز کے نیچے بند رکھا تھا اور قینچی ابھی اس تک نہیں پہنچی تھی۔
سلمیٰ نے اس کی طرف دیکھا، جیسے مزید کچھ پوچھنا چاہتی ہو۔
’’اچھا…‘‘
اس نے دوپٹے کا کونا درست کیا اور خاموشی سے اٹھ گئی۔
شہناز کچھ دیر اسے جاتے ہوئے دیکھتی رہی۔ وہ جانتی تھی کہ رخسانہ اور سلمیٰ کے درمیان بات بڑھ گئی تو گھر میں کئی دن تک سکون نہیں رہے گا۔ اسے کسی کی طرفداری تو نہیں کرنی تھی، لیکن ہر ایک کو ناراض ہونے سے بچانے کی ذمہ داری بھی جیسے خودبخود اسی کے حصے میں آ گئی تھی۔
رات کے کھانے پر سب ایک ہی کمرے میں بیٹھے تھے۔ شہناز روٹیوں کی ٹوکری لیے سب کو روٹیاں دے رہی تھی۔ نعمان نے پہلا لقمہ لیا تو ساس نے رخسانہ کی کسی سہیلی کا ذکر چھیڑ دیا۔ بات ہنسی تک پہنچنے ہی والی تھی کہ شہناز روٹیاں بانٹ کر ان کے درمیان آ بیٹھی۔ اس کے بیٹھتے ہی سب کی ہنسی اچانک تھم گئی۔
شہناز نے ایک نظر سب کی طرف دیکھا، پھر اپنی تھالی میں روٹی کا ٹکڑا توڑنے لگی۔
نعمان کی نظریں اپنی تھالی پر جمی رہیں۔ کچھ دیر بعد اس نے پوچھا:
’’سلائی کا کام کیسا چل رہا ہے تمہارا؟‘‘
’’چل رہا ہے۔‘‘
’’کام تو چلنا چاہیے۔ خرچ بھی تو بہت بڑھ گیا ہے۔‘‘
شہناز نے اس کی طرف دیکھا۔ نعمان ابھی بھی کھانے میں مصروف تھا۔
’’کوشش تو کرتی ہوں کہ سب کام وقت پر ہو جائے۔‘‘
’’کوشش سے گھر نہیں چلتا، شہناز۔‘‘ نعمان نے نوالہ چباتے ہوئے کہا۔ ’’خرچے تو دیکھنے ہی پڑتے ہیں۔‘‘
شہناز کو نعمان کی بات بری نہیں لگی، شاید اس لیے کہ وہ اس کی مجبوری بھی سمجھتی تھی۔ مگر وہ یہ بھی جانتی تھی کہ اس کے سمجھنے سے کچھ بدلنے والا نہیں۔ انسان کا سب سے بڑا درد شاید یہی ہے کہ وہ بہت کچھ سمجھے، مگر کچھ بدل نہ سکے۔
شہناز کے ہاتھ میں روٹی کا ٹکڑا ذرا سا مڑ گیا۔ وہ بتانا چاہتی تھی کہ آج دو گاہکوں کے کپڑے وقت پر دینے کے لیے اس نے دوپہر کا کھانا بھی ٹھیک سے نہیں کھایا تھا۔ یہ بھی کہ ساس کی دوا، گھر کے راشن اور بجلی کے بل کے بعد اس کے پاس کتنے پیسے بچتے ہیں۔ مگر اس نے بات وہیں روک لی۔
’’کل دیشمکھ میڈم کا بلاؤز دینا ہے۔ اس کے بعد رخسانہ کا لہنگا شروع کروں گی۔‘‘
نعمان نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس نے تھالی میں سالن کا آخری ٹکڑا روٹی سے اٹھایا۔
ساس نے گلاس کی طرف ہاتھ بڑھایا۔
’’بہو، ذرا پانی دینا۔‘‘
شہناز فوراً اٹھ گئی۔ پانی کا گلاس ان کے ہاتھ میں دیتے ہوئے اس نے دیکھا کہ نعمان اب کسی اور بات میں مشغول تھا۔ کھانے کے دوران گفتگو دوبارہ شروع ہو چکی تھی، جیسے ابھی کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
رات کے ساڑھے گیارہ بجے تک سب سو گئے۔ شہناز نے مشین کے پاس بلب جلایا۔ پیلی روشنی میں کمرے کی دیواروں پر پڑے پرانے داغ نمایاں ہو گئے۔ اس نے رخسانہ کے لہنگے کا کپڑا میز پر پھیلا دیا۔ رنگ گہرا زمردی ہرا تھا۔ اس نے کپڑے کو دونوں ہاتھوں سے سیدھا کیا، پھر قینچی اٹھا لی۔
پہلی کلی کی لکیر کھینچتے ہوئے اسے رخسانہ کی آواز یاد آئی:
’’آپ نہ ہوتیں تو پتا نہیں میرا کیا ہوتا۔‘‘
شہناز کے ہاتھ رک گئے۔
وہ کچھ دیر کپڑے کو دیکھتی رہی۔ پھر اس کی نگاہ اپنے ہاتھوں پر پڑی۔ انگلیوں کے کناروں پر سوئی کے باریک نشان تھے۔ ناخنوں میں دھاگے کے چھوٹے چھوٹے ریشے پھنسے ہوئے تھے۔
اسے اچانک خیال آیا کہ اس گھر میں سب کو اس کی ضرورت تھی، لیکن کسی نے کبھی یہ نہیں پوچھا تھا کہ شہناز کو کس چیز کی ضرورت ہے۔
یہ خیال کوئی نیا نہیں تھا۔ کئی بار رات کو کام ختم کرتے ہوئے اسے محسوس ہوتا کہ دن بھر وہ سب کے لیے کچھ نہ کچھ کرتی رہی، مگر اپنے لیے کچھ کرنے کا وقت پھر بھی نہیں نکال سکی۔ پھر صبح ہو جاتی، کوئی دوا مانگتا، کوئی کپڑے لینے آ جاتا، کوئی خرچ کا حساب پوچھ لیتا۔ وہ دوبارہ مشین کے سامنے بیٹھ جاتی۔
اس رات بھی اس نے قینچی کپڑے پر رکھی، مگر ہاتھ آگے نہ بڑھا۔
ناپ کا فیتہ اب تک اس کی گردن میں پڑا تھا۔ اس نے اسے اتار کر میز پر رکھ دیا۔ کچھ دیر وہ فیتے کو دیکھتی رہی، پھر نہ جانے کس خیال سے اسے اٹھا کر اپنی کمر کے گرد لپیٹ لیا۔
اٹھائیس۔
اس نے فیتے کو دوبارہ دیکھا۔ کہیں ناپ غلط تو نہیں لیا؟ اس نے فیتہ کھولا اور دوبارہ ناپ لیا۔
عدد وہی تھا۔
اس کے لبوں پر بے اختیار ہلکی سی ہنسی آ گئی۔ اس نے فیتہ ہاتھ میں لیے کچھ دیر اپنی کمر کی طرف دیکھا۔
سات برس سے وہ دوسروں کے ناپ لیتی آ رہی تھی۔ کسی کے بلاؤز میں ذرا سی کمی رہ جائے تو اسے رات بھر بے چینی رہتی، کسی کے لباس کا گھیر کم ہو جائے تو وہ کپڑا دوبارہ کھول کر سلائی کرتی۔ لیکن اپنی کمر کا ناپ لینے میں اسے سات برس لگ گئے تھے۔
اس نے گاہکوں والی کاپی کھولی۔ پہلے صفحے سے لے کر آخری صفحے تک بس نام ہی نام تھے۔ سلمیٰ، رخسانہ، دیشمکھ میڈم، پڑوس کی دو عورتیں، محلے کی ایک اسکول ٹیچر۔ ہر نام کے سامنے ایک عدد، کہیں لباس کی قسم، کہیں بقایا رقم اور کہیں کپڑا ملنے کی تاریخ درج تھی۔
اس نے کاپی کا آخری صفحہ کھولا۔
وہ بالکل خالی تھا۔
شہناز نے قلم اٹھایا اور صفحے کے اوپر اٹھائیس لکھ دیا۔ پھر قلم روک کر اس عدد کو دیکھنے لگی۔
نام کی جگہ اب بھی خالی تھی۔
اس نے قلم کی نوک کاغذ پر رکھی، مگر لکھ نہ سکی۔ اس کا نام تو اسے معلوم تھا۔ پھر بھی اس خالی جگہ کو دیکھ کر اسے لگا، جیسے کسی ایسے شخص کا نام لکھنا ہو جسے وہ جانتی تو ہے، مگر پہچانتی بالکل نہیں۔
اس نے قلم ذرا سا اٹھایا، پھر دوبارہ کاغذ پر رکھ دیا۔
شہناز…
نام ذہن میں آیا، مگر ہاتھ آگے نہیں بڑھا۔
وہ اسی الجھن میں گم تھی کہ برابر کے کمرے سے ساس کی آواز آئی۔ آواز نیند میں ڈوبی ہوئی اور بوجھل تھی۔
’’بہو… لائٹ بند کر دے۔‘‘
شہناز نے دروازے کی طرف دیکھا۔ کچھ لمحے وہ یوں ہی خاموش بیٹھی رہی۔ پھر کاپی کی طرف نگاہ ڈالی۔
ساس کی آواز دوبارہ نہیں آئی۔
اس نے قلم مضبوطی سے پکڑا اور خالی جگہ پر اپنا نام لکھ دیا۔
شہناز۔
لکھنے کے بعد وہ کچھ دیر اسے دیکھتی رہی۔ انگلی سے نام کے نیچے کاغذ کو چھوا، جیسے یقین کر رہی ہو کہ واقعی اس نے اپنا نام لکھا ہے۔
اس نے نام کے نیچے دوسرے گاہکوں کی طرح لکیر نہیں کھینچی، نہ کوئی اور بات لکھی۔ بس کاپی بند کر کے اسے بسکٹ کے ڈبے کے پاس رکھ دیا۔
اس کے بعد رخسانہ کے لہنگے کا کپڑا دوبارہ میز پر پھیلایا اور قینچی اٹھا لی۔
اس بار اس نے پہلی کلی کاٹنے سے پہلے کپڑے کے کنارے کو ذرا دیر تک دیکھا۔ پھر ہاتھ آگے بڑھایا۔
کمرے میں مشین کی آواز دوبارہ گونجنے لگی۔ بلب اب بھی جل رہا تھا۔ ساس نے دوسری بار آواز نہیں دی۔
اچانک ایک کھٹکے کے ساتھ دھاگا ٹوٹ گیا۔
شہناز نے سوئی میں دھاگا پرویا۔ دھاگا پہلی بار میں نہیں پڑا۔ اس نے دھاگے کے سرے کو انگلیوں کے درمیان ذرا سا بل دیا اور دوبارہ کوشش کی۔ دوسری بار بھی دھاگا نہیں پڑا۔
اس نے ایک لمحے کے لیے آنکھیں بند کیں، پھر دھاگے کو سوئی کے قریب لے گئی۔
تیسری بار جب دھاگا سوئی میں پڑا تو اس کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ آئی، جو فوراً ہی غائب ہو گئی۔
اس نے پاؤں سے مشین کے پیڈل پر دباؤ ڈالا۔
اور مشین پھر سے چل پڑی۔
٭٭٭

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے