कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سن رہے ہو نا؟

از قلم :- محمد وسیم شیخ رحیم (لیکچرار)
آ کوٹ، ضلع آکولہ، مہاراشٹر
موبائل :8888333394

بشیر کو اپنے ابّا کی ایک عادت ہمیشہ کھٹکتی تھی۔ وہ فون پر بات کرتے کرتے اچانک پوچھ لیتے، ’’سن رہے ہو نا؟‘‘

بشیر کو یہ سوال اچھا نہیں لگتا تھا۔ وہ سوچتا، جب بات کر ہی رہا ہوں تو سن بھی تو رہا ہوں! ابّا کو آخر اس پر اعتبار کیوں نہیں تھا؟

اس روز دفتر میں کھانے کے وقفے کے دوران امجد نے اسے عمران پرتاب گڑھی کی نظم ’’ اے میرے والدِ محترم‘‘ سنائی۔ نظم ختم ہوئی تو بشیر کچھ دیر خاموش بیٹھا رہا۔

’’کیا خوب کہا ہے شاعر نے! باپ کی محبت اور قربانیوں کا حق ادا کر دیا۔‘‘

امجد نے مسکرا کر پوچھا، ’’تمہیں اپنے ابّا یاد آ گئے؟‘‘

’’بھئی، باپ کی محبت کون بھول سکتا ہے؟ وہ تو ساری عمر اولاد ہی کے لیے جیتا ہے۔‘‘

بشیر نے نظم اپنے فیس بک صفحے پر شیئر کی اور ساتھ لکھا:

باپ کی محبت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ جن کے والد حیات ہیں، وہ ان کی قدر کریں۔ وقت بہت تیزی سے گزر جاتا ہے۔

پوسٹ پر لائکز کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کسی نے اسے حساس بیٹا کہا، تو کسی نے لکھا کہ اس نے دل کی بات کہہ دی۔

اسی دوران موبائل بج اٹھا۔

اسکرین پر ابّا کا نام تھا۔

بشیر نے اسکرین پر نظر ڈالی اور کال کاٹ دی۔ وہ ایک ضروری ای میل لکھنے میں مصروف تھا۔

کچھ دیر بعد ابّا کا پیغام آیا:

’’بیٹا، گھر کی پرانی الماری خالی کر رہا ہوں۔ تمہاری کچھ کتابیں اور کاپیاں نکلی ہیں۔ فرصت ملے تو آ کر دیکھ لینا۔ اگر تمہارے کام آ جائیں تو لے جانا۔‘‘

بشیر نے پیغام پڑھا۔ جواب دینے کا سوچا، مگر اسی وقت میٹنگ کا نوٹیفکیشن آ گیا۔ اس نے موبائل میز پر رکھ دیا۔ بات پھر ذہن سے نکل گئی۔

اگلے دن اس کا بیٹا حارث اسکول سے لوٹا تو ہاتھ میں ایک کاغذ تھا۔

’’ابو، اس پر دستخط کر دیں۔‘‘

بشیر نے کاغذ پر سرسری نظر ڈالی۔ اسکول میں ’’میری پسندیدہ شخصیت‘‘ کے عنوان سے تحریری مقابلہ تھا۔ حارث نے اپنے والد کے بارے میں لکھا تھا۔

’’اچھا! میرے بارے میں لکھا ہے؟‘‘

’’جی۔ ٹیچر نے کہا ہے کہ گھر سے کسی بڑے کے دستخط بھی ضروری ہیں۔‘‘

بشیر نے تحریر پڑھے بغیر دستخط کر دیے۔

’’ابو، آپ پڑھیں گے نہیں؟‘‘

’’بعد میں پڑھ لوں گا، ابھی ذرا کام ہے۔‘‘

حارث نے کچھ کہنا چاہا، پھر خاموشی سے کاغذ موڑ کر بستے میں رکھ لیا۔

اتوار کو بشیر والدین کے گھر پہنچا تو ابّا صحن میں بیٹھے پرانے کاغذات چھانٹ رہے تھے۔ پاس ہی ایک گتے کا ڈبہ رکھا تھا۔ اس میں پرانی کتابیں، چند تصویریں اور اسکول کی کاپیاں پڑی تھیں۔

’’آ گئے؟‘‘ ابّا نے کاغذ سمیٹتے ہوئے پوچھا۔

’’جی ابّا، آپ نے بلایا تھا؟ کوئی کام تھا؟‘‘

’’کوئی خاص کام نہیں۔ یہ تمہاری پرانی چیزیں نکل آئی ہیں۔ سوچا، تم دیکھ لو۔‘‘

بشیر نے ڈبے میں جھانکا اور ایک کاپی اٹھا لی۔ پہلے صفحے پر اس کی بچپن کی لکھائی تھی:

میرے ابا بہت اچھے ہیں۔

نیچے استاد نے سرخ روشنائی سے لکھا تھا: شاباش!

بشیر ہنس دیا۔

’’یہ بھی سنبھال کر رکھی ہوئی ہے آپ نے؟‘‘

ابّا نے کاپی اس کے ہاتھ سے لی اور اس کے ورق درست کرنے لگے۔

’’تم نے پہلی بار میرے بارے میں لکھا تھا۔ پھینک دیتا؟‘‘

بشیر مسکرایا، مگر کچھ کہہ نہ سکا۔

ابّا نے ڈبے سے ایک اور کاغذ نکالا۔ اس پر بشیر کے بچپن کی ایک تصویر لگی ہوئی تھی۔ وہ اپنے باپ کی انگلی پکڑے کھڑا تھا۔ تصویر کے پیچھے تاریخ درج تھی اور نیچے ابّا کی لکھائی میں ایک جملہ تھا:

آج بشیر پہلی بار اسکول گیا۔

’’یہ آپ نے لکھا تھا؟‘‘ بشیر نے پوچھا۔

’’ہاں۔ تمہیں یاد نہیں ہوگا۔ اسکول کے دروازے پر خوب روئے تھے۔‘‘

’’آپ کو یاد ہے؟‘‘

’’تمہیں چھوڑ کر واپس آیا تو سارا دن یہی سوچتا رہا کہ وہاں تمہارا دل کیسے لگے گا۔‘‘

ابّا نے تصویر احتیاط سے واپس کاغذات میں رکھ دی۔

چائے آ گئی۔ دونوں خاموشی سے بیٹھے رہے۔ بشیر ابّا کو دیکھتا رہا۔ اسے محسوس ہوا کہ وہ پہلے جیسے نہیں رہے۔ نہ ہر تھوڑی دیر بعد کوئی سوال کرتے، نہ کسی بات پر اصرار۔ پہلے ابّا باتیں کرتے نہیں تھکتے تھے، اب اکثر خاموش رہتے تھے۔

چائے ختم ہوئی تو بشیر نے پوچھا:

’’ابّا، یہ سب کاغذات نکالنے کی کیا ضرورت پڑ گئی؟‘‘

’’الماری میں جگہ نہیں رہی تھی۔ کچھ پرانے کاغذ نکال رہا تھا۔ تمہاری چیزیں الگ رکھ دی ہیں۔‘‘

’’آپ رکھ لیجیے، میرے پاس کہاں جگہ ہے؟‘‘

ابّا نے ڈبے کا ڈھکن بند کر دیا۔

’’یہ تمہاری ہیں۔ میرے پاس کب تک رہیں گی؟‘‘

بشیر نے ان کی طرف دیکھا۔ اسے سمجھ نہیں آیا کہ کیا جواب دے۔

گھر سے نکلتے وقت ابّا نے حسبِ معمول کہا، ’’پہنچ کر فون کر دینا۔‘‘

’’جی ابّا۔‘‘

اس رات بشیر نے حارث کا بستہ کھولا۔ اسکول کے کاغذات میں اسے وہ مضمون مل گیا جس پر اس نے ایک روز پہلے دستخط کیے تھے۔ اس نے کاغذ کھولا اور پڑھنے لگا۔

پہلی سطر تھی:

میرے ابو بہت اچھے ہیں۔ وہ میرے لیے بہت محنت کرتے ہیں۔ کبھی کبھی میری بات نہیں سنتے، لیکن میں جانتا ہوں کہ وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔

بشیر نے کاغذ دوبارہ پڑھا۔ اس بار اس کی نظریں آخری جملے پر ٹھہر گئیں۔

اسے اپنا بچپن یاد آ گیا۔ ابّا کا بار بار پوچھنا، ’’سن رہے ہو نا؟‘‘ اب اسے پہلے جیسا برا نہیں لگ رہا تھا۔ شاید وہ بھی چاہتے تھے کہ بیٹا ان کی بات سنے، کچھ دیر ان کے پاس بیٹھے۔

اس نے کاغذ تہہ کیا اور دیر تک ہاتھ میں لیے بیٹھا رہا۔

اگلی صبح ناشتے کی میز پر حارث نے پوچھا:

’’ابو، آپ نے میرا مضمون پڑھا؟‘‘

’’ہاں۔‘‘

’’اچھا لکھا ہے نا؟‘‘

بشیر نے اس کی طرف دیکھا۔

’’ہاں، بہت اچھا لکھا ہے۔‘‘

کچھ لمحے خاموش رہنے کے بعد اس نے پوچھا:

’’حارث، جب تم مجھ سے کوئی بات کرتے ہو اور میں نہیں سنتا تو تمہیں برا لگتا ہے؟‘‘

حارث نے پراٹھے کا ٹکڑا توڑتے ہوئے کہا:

’’کبھی کبھی۔‘‘

بشیر نے کچھ کہنا چاہا، مگر اسی وقت موبائل بج اٹھا۔

اسکرین پر ابّا کا نام تھا۔

اس نے فوراً فون اٹھایا۔

’’جی ابّا؟‘‘

دوسری طرف سے آواز آئی:

’’کچھ نہیں بیٹا، بس ایسے ہی تمہاری یاد آ گئی۔‘‘

بشیر نے حارث کی طرف دیکھا۔ وہ اب بھی اپنی بات بتا رہا تھا۔ بشیر نے اسے ہاتھ کے اشارے سے قریب بلایا اور فون کا اسپیکر کھول دیا۔

’’ابّا، بات کیجیے۔ حارث بھی یہیں ہے۔‘‘

دوسری طرف سے باپ کی آواز آئی:

’’اچھا! حارث بھی ہے؟ اسے میری طرف سے پیار دینا۔‘‘

بشیر نے فون بیٹے کی طرف بڑھا دیا۔

حارث نے جھک کر موبائل میں کہا:

’’السلام علیکم، دادا جان!‘‘

بشیر خاموش بیٹھا رہا۔ اس کی نگاہ کبھی حارث پر پڑتی، کبھی موبائل پر۔ دوسری طرف ابّا پوتے کی باتیں بڑے شوق سے سن رہے تھے۔

بشیر کو پہلی بار ابّا کا وہ سوال بے وجہ نہیں لگا۔

اس روز ناشتے کی میز پر تین نسلیں ایک ہی گفتگو میں شریک تھیں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے