कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ڈاکٹر رضوان کشفی کی شاعری: احساسات کی ترجمانی اور اردو کے روشن مستقبل کی امید

از قلم: پروفیسر ڈاکٹر انجم ناہید عبدالکلیم
صدر شعبۂ اردو – یشونت راؤ چوہان آرٹس اینڈ سائنس کالج،
منگرول پیر، مہاراشٹر

ڈاکٹر رضوان کشفی سے میری پہلی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ ملازمت کے سلسلے میں انٹرویو دینے آئے تھے۔ دورانِ انٹرویو انہوں نے گفتگو کے ضمن میں چند اشعار کا حوالہ دیا، جو مجھے خاصے پسند آئے۔ ان کے اندازِ گفتگو اور شعر فہمی نے اسی وقت میری توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
انٹرویو کے بعد میں نے ذاتی طور پر ان سے ملاقات کی تو معلوم ہوا کہ درس و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ شاعری بھی کرتے ہیں۔ بطورِ نذرانۂ انہوں نے اپنی ایک کتاب "جذبات "مجھے پیش کی۔ اُس وقت مصروفیات اس قدر حائل رہیں کہ کتاب کا مطالعہ نہ کر سکی، مگر کتاب میرے پاس محفوظ رہی۔
وقت گزرتا گیا۔ چند برس بعد اچانک ان کا ایک شعر میری نظر سے گزرا جو نہ صرف ہندوستان میں بلکہ ہندوستان کے باہر بھی خاصا مقبول ہوا اور یوٹیوب پر بھی متعدد لوگوں کی زبان سے سنا۔ مختلف اہلِ ذوق اس شعر کا حوالہ دیتے دکھائی دیے:
"ہر ایک شخص کو دھوکے میں ڈال رکھا ہے
تمہارے لہجے میں کتنا کمال رکھا ہے”
یہ شعر اپنی سادگی، برجستگی اور لہجے کی تاثیر کے باعث دیر تک ذہن میں گونجتا رہا۔ تب اندازہ ہوا کہ اُس انٹرویو میں ملنے والا شخص محض ایک استاد نہیں بلکہ اپنے اندر ایک شاعر بھی رکھتا ہے، جس کے لفظ قاری کے دل تک پہنچنے کا ہنر جانتے ہیں۔
آج جب ان کی پانچویں کتاب "لہجے کا کمال” میرے ہاتھوں میں آئی اور اس مرتبہ فرصت کے ساتھ اس کا مطالعہ شروع کیا تو نہ جانے کیوں قلم خودبخود زیبِ قرطاس ہونے لگا۔ صفحات پلٹتے ہوئے یوں محسوس ہوا جیسے ان کی شاعری میں فکر کی تازگی، جذبے کی صداقت، احساس کی گہرائی اور اظہار کی سادگی باہم مل کر ایک دل آویز شعری فضا تشکیل دیتے ہیں۔ ان کے اشعار میں جہاں ذاتی احساسات اور انسانی جذبات کی ترجمانی ملتی ہے، وہیں عصری زندگی کے مختلف پہلو بھی شعری پیکر میں ڈھلتے نظر آتے ہیں۔ ان کا لب و لہجہ سادہ، رواں اور اثر انگیز ہے، جو قاری کو شعر کے ظاہری حسن سے آگے اس کے باطنی مفہوم تک پہنچنے پر آمادہ کرتا ہے۔ جیسے یہ شعر ملاحظہ ہو۔
تمہیں مبارک گلوں کی رنگت، تمہیں مبارک چمن کی زینت
میں خارزارِ زمیں کا تنکا، مجھے بہاروں سے واسطہ کیا!
اردو شعر و ادب کے جدید منظرنامے میں ڈاکٹر رضوان کشفی ایک ایسی ابھرتی ہوئی شعری آواز ہے جنہوں نے اپنے منفرد طرزِ اظہار، شگفتہ اسلوب اور دل نشیں لب و لہجے سے اہلِ ادب کی توجہ اپنی جانب مبذول کی ہے۔ ایوتمحل، مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کشفی نے کم عمری ہی میں شعر و سخن سے اپنا رشتہ قائم کر لیا تھا۔ تقریباً چودہ پندرہ برس کی عمر میں شعری سفر کا آغاز کرنے والے اس شاعر نے وقت کے ساتھ اپنے ذوقِ سخن کو فکری پختگی اور تخلیقی وسعت عطا کی۔
ڈاکٹر رضوان کشفی کی شاعری میں احساس کی صداقت، فکر کی تازگی، جذبے کی حرارت اور اظہار کی شگفتگی ایک حسین امتزاج کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے۔ ان کا لب و لہجہ نہایت سادہ، رواں اور دل آویز ہے، مگر اسی سادگی میں معنی کی گہرائی اور احساس کی شدت پوشیدہ ہے۔ وہ اپنے اشعار کے ذریعے زندگی، محبت، انسانی جذبات اور معاشرتی و عصری احساسات و حالاتِ حاضرہ کے کرب کو اس انداز سے پیش کرتے ہیں کہ قاری خود کو ان کے شعری تجربے سے وابستہ محسوس کرتا ہے۔ یہی ان کی شاعری کا وہ وصف ہے جو قاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور دیر تک اپنے حصار میں رکھنے کا ہنر عطا کرتا ہے۔
رضوان کشفی کے شعری مجموعے ’’لہجے کا کمال‘‘ کا مطالعہ کرتے ہوئے بارہا یہ احساس ہوتا ہے کہ شاعری کا اصل کمال محض خوب صورت الفاظ اور دل کش تراکیب میں نہیں، بلکہ اپنے احساس کو اس انداز میں بیان کرنے میں ہے کہ وہ شاعر کی ذات کی حدود سے نکل کر ہر حساس دل کی آواز بن جائے۔شاعری کا ایک بڑا وصف یہی ہے کہ شاعر اپنی آپ بیتی بیان کرے اور وہ جگ بیتی بن جائے۔ رضوان کشفی کے اکثر اشعار میں یہی خوبی نمایاں نظر آتی ہے۔ وہ جس کیفیت، جذبے اور احساس کو لفظوں کا پیرہن عطا کرتے ہیں، قاری بھی خود کو اسی کیفیت میں محسوس کرنے لگتا ہے۔ ان کے لہجے کی سادگی، اظہار کی بے ساختگی اور احساس کی گہرائی قاری کے دل پر اسی طرح اثر انداز ہوتی ہے، جس طرح ایک اچھے شعر سے توقع کی جاتی ہے۔
آج کے ماحول میں جو باتیں ہم دیکھتے ہیں اس پر بھی ایک طنز کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ
جو منہ سے میٹھا کہیں، دل میں نفرتیں رکھیں
وہی قبیلے کے سردار بن کے رہتے ہیں
دنیا نمود و نمائش کی ہے آج کا انسان وہی ترقی کے راہ پر گامزن ہیں جو جھو ٹ کاسہارا لیکر لوگ ترقی کر رہے ہیں اور اس دوڑ میں سچا انسان پیچھے رہ جاتا ہے۔ اس سچائی کو رضوان کشفی نے کس سادگی سے بیان کیا دیکھیں،
فریب و مکر کا دریا ہے یہ دنیا سدا اس میں
کہ جھوٹا تیر ہی جاتا ہے سچا ڈوب جاتا ہے
آج کے ماحول پر نظر ڈالیں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں سانس لے رہے ہیں جہاں انسان کی پہچان اس کے کردار، اس کی سچائی اور اس کے اخلاق سے کم، اور اس کی ظاہری شخصیت، خوش گفتاری اور جی حضوری سے زیادہ ہونے لگی ہے۔ اس کرب کو بھی کشفی نے یوں ادا کیا، وہ کہتے ہیں۔۔
نہیں ہیں اہل جو سر پر سوار ہوتے ہیں
ستم تو یہ ہے کہ قابل شمار ہوتے ہیں
الغرض رضوان کشفی کے یہاں حالاتِ حاضرہ کا کرب جابجا محسوس ہوتا ہے۔ چند اشعار دیکھئے،
اسے میں چارہ گر سمجھوں کہ سمجھوں جان کا دشمن
وہی مرہم لگاتا ہے اسی سے چوٹ لگتی ہے
جو جینا ہے تو اوروں کی طرح سینے پہ رکھ پتھر
نہ کر احساس کچھ احساس ہی سے چوٹ لگتی ہے
بڑے ہوتے ہی اپنا گھر بھی دشمن ہو گیا کشفی
جہاں کھیلے تھے بچپن میں وہی انگنائی ڈستی ہے۔
سر پہ جب ہاتھ ترا ہو تو مری بات بڑی
جیسے وہ حرف کے جس حرف پہ مد ہوتی ہے
اکھڑتی سانس بھی ہموار ہوگئی کشفی
کسی کے ذکر کی تاثیر رنگ لائی ہے
…….
ان کی روحِ رواں میں رہتا ہوں
عشق ہوں جسم و جاں میں رہتا ہوں
خارزارِ زمیں کا تنکا ہوں
دیدۂ آسماں میں رہتا ہوں
ان اشعار میں زندگی کی تلخ حقیقتوں اور انسانی احساسات کی بدلتی ہوئی کیفیت کا ایک گہرا نفسیاتی پہلو سامنے آتا ہے۔ غمِ جاناں سے غمِ دوراں تک کا سفر انسان کو اندر سے کتنا بدل دیتا ہے، اس کا اندازہ ان اشعار کو پڑھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ کبھی کسی کی یاد دل کی سب سے قیمتی متاع ہوا کرتی ہے، اس کی یاد کے سہارے زندگی کی دشواریوں کو برداشت کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، لیکن جب مصائب چاروں طرف سے گھیر لیتے ہیں تو یہی یادیں رفتہ رفتہ ذہن کے کسی گوشے میں دھندلانے لگتی ہیں۔
جیسے یہ اشعار دیکھیں،
کچھ اس طرح سے مصائب نے گھیر رکھا ہے
تمہاری یاد سے محروم ہوتے جاتے ہیں
ایسا الجھا دیا زندگی نے مجھے
تجھ کو سوچا نہیں کتنے دن ہوگئے
شاعری کے ساتھ ڈاکٹر کشفی کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کی علمی، تحقیقی، تدریسی اور تصنیفی سرگرمیاں ہیں۔ ان کا علمی سفر مختلف مضامین اور زبانوں کے مطالعے سے عبارت ہے، جبکہ تدریس سے وابستگی نے ان کے فکری دائرے کو مزید وسعت دی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی علمی ضرورتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تعلیمی نوعیت کی کتابیں بھی تصنیف کیں۔ ان کی اہم تصانیف میں“Kashfi’s English Dictionary & Some Important Items for 12th”(2007) قابلِ ذکر ہے، جب کہ ان کے شعری مجموعوں میں“جذبات”(2020)،“احساس”(2021)،“کلامِ افق براری”(مرتب کردہ, 2022) اور“لہجے کا کمال”(2024) شامل ہیں۔
ان کی ادبی تخلیقات کو مختلف ادبی و صحافتی پلیٹ فارموں پر بھی جگہ ملی ہے۔ ان کے اشعار میں موجود سلاست، ندرتِ خیال اور جذبے کی تاثیر انہیں معاصر شعری منظرنامے میں ایک الگ شناخت عطا کرتی ہے۔ ان کی شعری و علمی خدمات کو مختلف تعلیمی و ادبی حلقوں کی جانب سے پذیرائی اور اعزازات بھی حاصل ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر رضوان کشفی کی شخصیت میں شاعر، مصنف، معلم اور صاحبِ علم کے مختلف رنگ ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ ان کی شاعری محض الفاظ کی خوب صورت ترتیب نہیں بلکہ احساس اور فکر کو شعری پیکر عطا کرنے کی ایک مسلسل کوشش ہے۔
رضوان کشفی کی شاعری کے حوالے سے ان کے لہجے اور اظہار پر گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بھی اہم ہے کہ شاعر کی انفرادیت کو سمجھنے کے لیے اس کے کلام کا وسیع مطالعہ ضروری ہے۔ چند اشعار کسی شاعر کی مکمل تخلیقی شخصیت کا احاطہ نہیں کر سکتے۔ ان کے مختلف موضوعات، لفظیات، شعری پیکروں اور فکری رجحانات کا مطالعہ ہی یہ واضح کر سکتا ہے کہ ان کا شعری سفر کن جہتوں میں آگے بڑھتا ہے۔ ان کے کلام پر گفتگو کا مقصد محض تعریف کرنا نہیں، بلکہ ان کے شعری تجربے کو سمجھنا اور اس کے ادبی امکانات کو سامنے لانا بھی ہونا چاہیے۔
ایوتمحل کی ادبی فضا سے ابھرنے والی یہ آواز آج جدید اردو شاعری کے افق پر اپنی جگہ بنانے کی سمت گامزن ہے۔ ان کے تخلیقی سفر میں امکانات کی ایک وسیع دنیا موجود ہے اور یہی امکانات انہیں جدید اردو ادب میں قابلِ توجہ بناتے ہوئے ایک شاعر کے طور پر نمایاں مقام عطا کرتے ہیں۔ اور میری رائے میں ڈاکٹر رضوان کشفی اردو کے روشن مستقبل کی امید بھی کہے جاسکتے ہیں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے