कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

حسنین عاقب کی نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ کا تقابلی جائزہ

از: محسن ساحلؔ، ممبئی

اردو شاعری میں دو طرح کے نقطہ ہائے نظر پائے جاتے ہیں۔ ہم انھیں دو گروہوں میں بھی تقسیم کرتے ہیں۔ پہلا گروہ شاعرِ دبیر الملک مرزا غالبؔ کے طرف داروں کا اور دوسرا شاعرِ مشرق علامہ اقبالؔ کے شیدائیوں کا ہے۔ کئی لوگ جو غالبؔ کے طرف دار ہیں، اقبالؔ کو ایک عظیم شاعر بھی تسلیم کرنے سے پرہیز کرتے ہیں، جبکہ اقبالؔ کے شیدائی اقبالؔ کو مفکرِ اعظم اور امتِ مسلمہ کا سچا ہمدرد و ترجمان ثابت کرتے ہیں۔ بحث کہیں سے بھی شروع ہو، لیکن اختتام دونوں شعرا کی عظمت اور انفرادیت پر ہی ہوتا ہے۔ میری نظر میں دونوں باکمال شاعر ہیں اور دونوں کا اپنا منفرد اسلوب ہے۔ البتہ اقبالؔ کی شاعری میں قوم و ملت کا کرب اور مسلمانوں کے حالات کی عکاسی اتنی شدید اور عیاں ہے کہ وہ ان کے شاہین کو فکر و تخیل کے نئے آسمان عطا کرتی ہے۔ اقبالؔ نے اپنے آپ کو بطورِ عظیم شاعر ثابت کرنے سے زیادہ اپنی شاعری کے ذریعے قوم کو بیدار کرنے کی طرف توجہ دی۔ ان کی شاعری میں ملت کا درد اور بحالیِ قوم کی ان تمام پستیوں اور چیلنجز کا ذکر موجود ہے جن سے ہماری قوم ہمیشہ گزرتی رہی ہے۔ اقبالؔ نہ صرف قوم کے زوال پر ماتم زدہ ہیں بلکہ اپنے اشعار کے ذریعے نوجوانوں میں جوش اور ولولہ پیدا کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی نظموں میں ملت کے احساس کی وہ تابانی ہے جسے تخلیق کرنا اردو کے کسی دوسرے شاعر کے نصیب میں نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اقبالؔ کو اردو ادب کے حوالے سے بہت پڑھا اور لکھا گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی شاعری پر تحقیق کے نئے زاویے اجاگر ہوتے ہیں۔
اقبالؔ کو پڑھنا، سمجھنا اور ان کے نظریات سے متعلق اپنی رائے قائم کرنا ہر کس و ناکس کے بس کا روگ نہیں۔ یہ کام صرف وہی شخص کر سکتا ہے جس میں اقبالؔ کی طرح قوم کے درد کو سمجھنے کا عنصر موجود ہو۔ ہر دور میں اس طرح کے قارئین اور قلم کار پیدا ہوئے ہیں جنھیں ماہرینِ اقبالیات تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ ہم آگے اسی تناظر میں معاصرین کی بات کریں تو ہمیں اپنے اطراف دور دور تک حسنین عاقب کے علاوہ کوئی اور شاعر یا ادیب دکھائی نہیں دیتا جس کا پسندیدہ موضوع اقبالیات ہو۔
حسنین عاقب ایک شاعر، ادیب اور مترجم ہونے کے ساتھ ساتھ مستند ماہرِ اقبالیات بھی ہیں۔ انھوں نے عمر کے ابتدائی دور سے ہی اقبالیات کا مطالعہ شروع کر دیا تھا۔ اقبالؔ کی شعری و نثری تخلیقات کے طویل مطالعے کی بنیاد پر انھیں اقبالؔ سے اس قدر چاہت ہو گئی کہ انھوں نے اقبالیات پر نہ صرف طویل تبصرے پیش کیے بلکہ ’اقبال بچشمِ دل‘ کے عنوان سے ایک کتاب بھی تحریر کی۔ حسنین عاقب کی شاعری میں اقبالؔ کا رنگ ظاہر ہوتا ہے۔ یہ امر ان کے مطالعے کی مرہونِ منت ہے۔ ان کی کئی نظمیں اقبالیاتی مزاج کی حامل ہیں۔ حسنین عاقب نے اپنی شاعری اور نثر میں گاہے بگاہے اقبالؔ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ بموقعِ جشنِ یومِ اردو، نیازمند حسنین عاقب کی ایک شاہکار نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ کا تقابلی جائزہ پیش کرنے کی سعی کر رہا ہوں، جس میں انھوں نے پیغامِ اقبال کو عام کرنے کی کامیاب اور قابلِ تعریف کوشش کی ہے۔ قبل از گفتگو نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ ملاحظہ فرمائیں۔
جشنِ یوم اقبالؔ
(۱)
چلو!قلم کو عبادتوں کا مزہ چکھائیں
جدید لہجے کے شاعروں کو
روایتوں کا مزہ چکھائیں
انھیں بتائیں اسی افق پر
شہِ سخن بھی براجماں تھا
وہ اپنا اقبالؔ جو کہ ملت کا ترجماں تھا
مگر نہ جانے وہ کتنے لوگوں سے مختلف تھا
وہ عہدِ رفتہ کی عظمتوں کا بھی معترف تھا
وہ عہدِ حاضر کی ساری چالاکیوں کا شاکی
تھا اس کا ایماں کہ اصلِ انساں تو بس ہے خاکی
نظر میں اس کی تھا عشق و مستی کا سلسلہ بھی
اسے مسلماں کی کورذوقی سے تھا گلہ بھی
سکھائے اس نے قلم کو اپنے
طریقے رقصِ متاعِ جاں کے
اسی نے سمجھائے راز ہم کو
خودی کے خود کے خداکے اسرارِدو جہاں کے
اسے جمیعت کا والہانہ خیال بھی تھا
اسے مسلماں کی پارہ پارہ عقیدتوں کا ملال بھی تھا
اسے پتا تھا خیال کیا ہے
اسے پتا تھا کہ حال کیا ہے
اسے زمانوں کی پیش بینی کاشوق بھی تھا
اسے تو احیائے عظمتِ رفتہ کی تلاش اور جستجو کا
یقین بھی اور ذوق بھی تھا
زمیں کو اس نے فلک کی آغوش میں بٹھایا
نوائے اقبال نے مسلماں کو گہری نیندوں سے پھر جگایا
(۲)
بہت محبت ہے دل میں اس کی
بہت عقیدت ہے دل میں اس کی
چلو ہم اس کا کلام گائیں
چلو کہ اس بار بھی ہمیشہ کی طرح
اقبال ڈے منائیں
چلو، ادیبوں کی ایک مجلس
اسی کو منسوب کیون نہ کردیں؟
اگر ہو ممکن، مشاعروں کا کوئی تماشہ بھی
نذرِ محبوب کیوں نہ کردیں؟
اگر ہو ممکن حیات پر اس کی فلم ہی
کیوں نہ ہم بنادیں؟
چلو تقاضہ کریں یہ دنیا سے
اس کو بخشے یہ نوبل انعام
اسے دلائیں زمانے بھر سے ہزار اکرام
اسی کے دم پر معلموں کے گروہ روزی کما رہے ہیں
ہزارہا اس کے نام پرکاروباراپنے چلا رہے ہیں
تو جمع کرلیں انھیں،دکھا کر نئی امیدوں کے وا دریچے؟
کہ ساتھ لے کر انھیں لگائیں نئے رواجوں کے اونچے نعرے؟
(۳)
مگر اسے اس سے کوئی شائد خوشی نہ ہوگی
نہیں!کہ ہر گز خوشی نہ ہوگی،کبھی نہ ہوگی
وہ شخص تو تھا عمل کا جویا
عمل کی خاطر وہ کتنا رویا
اسے مسلماں کی خستہ حالی پہ تھی کڑھن بھی
شعور جس پر تھا اس کا غمگیں،ملول من بھی
وہ ایک بندہ تھی منکشف جس پہ رمزِ’کُن‘ کی ہراک حقیقت
وہ ایک شاعر جسے خودی کے نگار خانوں سے تھی عقیدت
جہاں مسلماں کی، پستیوں پر ہی بس نظر تھی
اسے بلندی یقینِ دل کی عزیز تر تھی
تھا جب مسلماں کے فکر وایماں پہ کابلوں سا جمود طاری
عصائے شعروہنر نے اس کے لگائی ذہنوں پہ ضربِ کاری
اسے یقینا تکلف و رسمِ دل ناگوار ہوگی
(۴)
سنو بزرگو، سنو جوانو!
چلو ہم ایسا کریں کہ اس کے
ہراک تصور کو عام کر دیں
نظر میں اس کے تھی جو حقیقت
اسی حقیقت کا ہم بھی قائم نظام کر دیں
اسے شریعت کی جستجو تھی
چلو ہم ایسا کریں کہ اس دم
خود اپنے اعمال کی خبر لیں
خدا کی رہی کو کس کے دھر لیں
خودا پنی فکروں کو چست کر لیں
صفیں جو اپنی ہیں منتشر
ان صفوں کو ہم سب درست کر لیں
ہمارا ایماں رہے سلامت
ہمیں ہو حاصل نبی کی چاہت
چلو کہ تبدیلیوں کی ایسی ہوا چلائیں
کہ عشق بیزوخیال آور ہوں یہ فضا ئیں
ہر ایک مسلم جوان اقبال ؔکا اگر ہم مزاج ہوگا
اسے ہمارا یہی حقیقی خراج ہوگا
(حسنین عاقبؔ)
نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ حسنین عاقب کی منفرد اور شاہکار نظم ہے۔ عاقبؔ نے اس نظم کو چار حصوں میں منقسم کیا ہے۔
حصہ اول:
پہلے حصے میں عاقبؔ نے معاصر قلم کاروں سے مخاطب ہو کر انھیں اقبالؔ کی فکر و سخن سے واقف کرانے کی کوشش کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اقبالؔ بھی ہماری طرح ایک شاعر تھا، لیکن اس کا نقطۂ نظر ہم سب سے منفرد تھا۔ اسے شاعری کی اہمیت سے اچھی طرح واقفیت تھی۔ وہ غمِ دوراں اور غمِ جاناں کا تفرق سمجھتا تھا۔ اس نے شاعری کو اپنی شہرت اور شناخت بنانے کی کوشش نہیں کی، بلکہ شاعری کا سہارا لے کر قوم کو تابندگی عطا کرنے کی کوشش کی۔ اس نے خودی کے تصور کو پیش کیا۔ اسی خودی کی بنیاد پر خدا اور بندے کے باہمی تعلقات کو سمجھایا۔ قوم کے مستقبل کی فکر کرتے ہوئے درپیش مسائل کا حل پیش کیا۔ ایسا نہیں ہے کہ اقبال کے دل میں صرف قوم کا درد اور ملی پستی کا گہرا اندھیرا تھا، بلکہ وہ شاعرانہ مستی اور خوش طبعی کا بھی حامل تھا۔ لیکن اسے معلوم تھا کہ عشقِ حقیقی کے نشے کے آگے دنیا کے تمام نشے بے معنی اور پھیکے ہیں۔ اسی لیے اقبالؔ نے یہ راستہ چنا، جس میں اس نے حوصلۂ شاہین، تصورِ خودی اور خدا کی تابعداری کو رختِ سفر بنایا۔ اقبالؔ اپنے قلم کار دوستوں کو بھی اسی راستے پر چلنے کی دعوت دیتا ہے۔ یہی وقت کا تقاضا اور قوم کی ضرورت ہے۔
حصہ دوم:
نظم کے دوسرے حصے میں حسنین عاقبؔ کہتے ہیں کہ ہم اقبالؔ کے تئیں اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کیا کرتے ہیں؟ اس کے یومِ ولادت پر اقبال ڈے مناتے ہیں، اس کا کلام گاتے ہیں، شعری و ادبی مجلسوں کا انعقاد کرکے اسے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، مشاعرے سجاتے ہیں اور اس طرح کے تماشوں کو اقبالؔ کے نام سے منسوب کرتے ہیں، یا ان تمام سے بڑھ کر اقبالؔ کو نوبل انعام اور دیگر اعزازات سے سرفراز کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ بہت سے اربابِ ادب (اصلیت میں بے ادب) اقبالؔ کے نام پر مختلف ادبی پروجیکٹس کا اعلان کرکے روزی روٹی حاصل کرتے ہیں اور اردو کے ہمدرد ہونے کے نعرے لگاتے ہیں۔ دراصل انھیں نہ اقبالؔ سے سروکار ہوتا ہے اور نہ اردو سے۔ وہ صرف اپنے مفادات کے لیے اقبالؔ کے فن اور شخصیت پر فلم بناتے ہیں اور تقاضائے وقت کے مطابق اپنا الو سیدھا کرنا جانتے ہیں۔ لیکن کیا ان تمام افعال سے اقبالؔ کی روح کو ذرّہ برابر بھی تسکین پہنچتی ہوگی؟ ہرگز نہیں، کیوں کہ اقبالؔ کردار کا غازی تھا۔ اسے اپنی قوتِ گفتار سے دلچسپی تھی، نہ ہی کسی طرح کی دعوے داری سے۔ وہ اپنے قلم اور کردار میں توازن برقرار رکھتا تھا، یعنی اس کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہ تھا۔ وہ قوم و ملت کا سچا ہمدرد تھا۔ اسے رسمی تعلقات یا ملی ہمدردی کے کھوکھلے دعووں سے نفرت تھی۔
حصہ سوم:
نظم کے تیسرے حصے میں عاقبؔ رقم طراز ہیں کہ اقبالؔ کو محبت و عقیدت کے مذکورہ رواجوں سے ہرگز خوشی نہیں تھی، کیوں کہ وہ اپنی تمام جدوجہد کو عملی طور پر انجام دینے کا قائل تھا۔ اقبالؔ کو مسلمانوں کی خستہ حالی کا اس قدر احساس تھا کہ اس کی تخلیقات میں گاہے بگاہے یہ کربِ حسن محسوس کیا جا سکتا ہے۔ اسے قوم کی بدحالی کا افسوس تھا اور یہ افسوس صرف افسوس کرنے یا رنجور ہو کر مایوس ہو جانے تک محدود نہ تھا، بلکہ وہ جانتا تھا کہ اس قوم کو بیداری کی ضرورت ہے۔ اس ٹھنڈی آگ کو چنگاری کی ضرورت ہے۔ اسے یہ چنگاری خود میں محسوس ہوئی۔ اس لیے اس نے خودی کا فلسفہ پیش کر دیا۔ اقبالؔ نے اس خودی کو اپنا موضوعِ سخن بنایا۔ وہ جانتا تھا کہ قومِ مسلم اس دنیا کا عظیم ترین سرمایہ ہے، جو وقت اور حالات کے سفر میں گرد آلود ہو چکی ہے اور جسے اپنی اہمیت کا اندازہ نہیں۔ اس قوم کو بدحالی کی پستیوں سے نکال کر ترقی کی بلندیاں عطا کرنا اقبالؔ کی شاعری کا اہم مقصد تھا۔ اس کی خواہش تھی کہ مسلمانوں کے قول و فعل میں طاری جمود کو ختم کرنا بے حد ضروری ہے۔ اس کے بغیر ترقی کی روانی حاصل کرنا ممکن نہیں۔ اس لیے اقبالؔ نے اپنی شاعری کا سہارا لیتے ہوئے ولولہ انگیز گفتگو کا آغاز کیا۔ پھر اس نے مسلمانوں کے ذہنوں پر ضربِ کاری لگائی اور تمام عالمِ اسلام کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
حصہ چہارم:
نظم کے چوتھے اور آخری حصے میں حسنین عاقب نے اقبالؔ کی شخصیت کے بے پناہ پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔ عاقبؔ اپنی قوم کے بزرگوں اور جوانوں سے کہتے ہیں کہ اگر ہم اقبالؔ کے شیدائی ہیں اور اس کے تئیں اپنے دل میں محبت اور عقیدت رکھتے ہیں تو ہمیں اقبالؔ کے ہر تصور کو عام کرنا ہوگا۔ اقبالؔ جن نظریات کا حامل تھا، ان تمام نظریات کو حقیقت تسلیم کرتے ہوئے ان کے اصولوں کا نظام قائم کرنا ہوگا۔ اقبالؔ شریعتِ محمدی کا پاس دار تھا، لہٰذا ہمیں بھی اپنے اعمال کا احتساب کرتے ہوئے نیک عملی کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ خدا کے احکامات کو ترجیح دے کر انھیں قبول کرنا ہوگا۔ اپنی فکر کو فضول رسم و رواج اور سستی شہرت کے لیے نہیں، بلکہ اسلام کے فلسفے کو عام کرنے کے لیے استعمال کرنا ہوگا۔ عبادتوں کا اہتمام کرتے ہوئے صفیں درست کرنی ہوں گی۔ کسی بھی طرح کے نامساعد حالات میں اپنے ایمان کی حفاظت کرنا ہوگی اور دلوں کو عشقِ رسولؐ سے منور کرنا ہوگا۔ ہمیں شریعت پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہوگا۔ تب کہیں جا کر تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ تب کہیں جا کر فضاؤں میں بدلاؤ محسوس کیا جا سکے گا۔ پھر ایک دن ایسا آئے گا کہ ساری دنیا بدل چکی ہوگی اور مشرق سے مغرب تک مسلمانوں کی حکمرانی ہوگی۔ اگر ہم ان تمام تبدیلیوں کے لیے کوشش کریں، تب کہیں جا کر اقبالؔ کو حقیقی معنوں میں خراج پیش کیا جا سکے گا۔ اس طرح روحِ اقبال بھی قوم کے وقار پر رشک کرے گی۔
”حسنین عاقب کی نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ اسلامی تاریخ کے طویل دور کا احاطہ کرتی ہے، جس میں اقبالؔ کے نظریات کے تحت قوم کے تاریخی حالات کا تذکرہ ملتا ہے۔ عاقبؔ کی اس نظم سے متعلق اہلِ نظر حضرات کے چند تاثرات پیشِ خدمت ہیں۔
علامہ اقبالؔ کی شاعرانہ عظمت سے متاثر ہو کر اشعار یا نثر میں خراجِ عقیدت پیش کرنا اہلِ قلم حضرات کا محبوب موضوع رہا ہے۔ کچھ لوگ اقبال مرحوم کو کچھ پڑھ کر لکھتے ہیں تو دوسرے وہ لوگ ہیں جو ان کے کلام کو پی کر قلم اٹھاتے ہیں۔ علامہ اقبالؔ سے متعلق آپ کی نظم پڑھ کر ایسا محسوس ہوا کہ آپ دوسرے گروپ سے قریب ہیں۔“
محمد یعقوب الرحمٰن صاحب
(محقق و ادیب، ایوت محل)
”علامہ کی فکر اتنی ہمہ گیر اور ان کا فن اتنا بلند ہے کہ اس پر کچھ کہنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ غالباً یہی وجہ ہے کہ شاعرِ محترم جناب خان حسنین عاقب صاحب نے چار حصوں پر مشتمل طویل نظم تخلیق کی ہے۔ نظم کے پہلے حصے میں وہ علامہ کی شعری عظمتوں کا بیان کرتے ہیں۔ جہاں وہ علامہ کی شاعری کے عنوانات، عشق و مستی، احساسِ خودی اور احیائے عظمتِ رفتہ پر طائرانہ نظر ڈالتے ہیں، وہیں ان کی شاعری کی اصل روح، فکرِ ملت کو نمایاں کرتے ہیں۔ دوسرے حصے میں موصوف ملت کی طرف سے کرنی پڑی۔ عاقب صاحب نے کتنی حسین و دلکش نظم کے ذریعے اقبال کی بارگاہ میں خراجِ تحسین اور اظہارِ تشکر کے راستے کھوجنے کی کوشش کی ہے۔ وہ اس کے لیے مروجہ طریقوں کو اپنانے کی بات کرتے ہیں، لیکن اقبال کے افکار کی روشنی میں خود ہی اس کی تردید کر دیتے ہیں۔ یہ نظم کا بڑا دلچسپ موڑ ہے۔ نظم کے تیسرے حصے میں موصوف اس کی وجہ بتاتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ وہ تو عمل کا جویا تھا۔ ملت کے ذہنوں پر کاری ضرب لگاتا تھا۔ اس کے دل میں زمانے کے تکلفات اور رسم و راہ کی کوئی جگہ نہ تھی۔ چوتھا حصہ تو نظم کی جان ہے اور موصوف کی اقبال شناسی کی بڑی دلیل ہے۔ موصوف نے اس فلسفے کو، جسے سمجھنے اور سمجھانے کے لیے اقبال پر بڑی بڑی کتابیں اور مضامین لکھے گئے ہیں، زبردست چابک دستی اور فن کارانہ مہارت سے محض چند مصرعوں میں نظم کر دیا ہے۔ ہم اتنی وقیع نظم کی تخلیق پر موصوف کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔“
محمد محسن خان
(جی بی مرار کالج، شیگاؤں، ضلع بلڈانہ، مہاراشٹر)
”عاقبؔ حسنین صاحب! آپ کی شخصی اور فنی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے عرض ہے کہ گروپ کے سب احباب آپ سے بہت محبت کرتے ہیں اور یہ کہ آپ نے اس نظم کو اپنی فکر، اپنی ریاضت اور فنی تکمیلیت سے ایک خاص وقار بخشا ہے۔ یہ بھی کہ آپ کی شاعری کسی توصیف یا کسی اعتراف کی محتاج نہیں، یہ کسی مضمون یا کسی نقد سے بہت بلند ہے۔ آپ آئندہ آنے والوں کے لیے ایک آئیڈیل ہیں اور ان کے لیے ایک کریٹیو جینیس کا درجہ رکھتے ہیں۔“
خان نوید الحق
(بال بھارتی، پونے)
راقم الحروف کے ذریعے پیش کیے گئے تجزیے اور اہلِ نظر حضرات کی آرا کی بنیاد پر یہ رائے قائم کی جا سکتی ہے کہ حسنین عاقبؔ کی نظم ’جشنِ یومِ اقبال‘ اقبالؔ کو خراج پیش کرنے کا عمدہ شعری نمونہ ہے۔ امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں حسنین عاقب کی شاعری پر اقبالؔ کے حوالوں سے تحقیق کے نئے در وا ہوتے رہیں گے۔
محسن ساحلؔ، ممبئی

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے