कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اورنگ آباد ڈویژن گریجویٹ حلقۂ انتخاب سے ڈاکٹر پرتاپ سنگھ پاٹل 18 ہزار 124 ووٹوں سے کامیاب

ڈاکٹر پرتاپ سنگھ پاٹل کو 85,876، جبکہ ستیش چوہان کو 67,752 ووٹ حاصل ہوئے۔ 39 امیدواروں کے اخراج اور ووٹوں کی منتقلی کے بعد حتمی نتیجہ کا اعلان

چھترپتی سمبھاجی نگر: 29 اکتوبر(نمائندہ اعتبار) مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے 05-اورنگ آباد ڈویژن گریجویٹ حلقۂ انتخاب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندرا پوار گروپ) کے امیدوار ڈاکٹر پرتاپسنگھ ویدپرکاش پاٹل نے 18,124 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں مجموعی طور پر 85,876 ووٹ ملے، جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے امیدوار ستیش بھانوداس راؤ چوہان کو 67,752 ووٹ حاصل ہوئے۔
39 امیدواروں کے اخراج اور ترجیحی ووٹوں کی منتقلی کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی نتیجہ کا اعلان کیا گیا۔ جمعرات، 29 اکتوبر کو صبح 5 بج کر 10 منٹ پر الیکشن رٹرننگ افسر اور ڈویژنل کمشنر جی۔ شری کانت نے ڈاکٹر پرتاپ سنگھ پاٹل کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہیں کامیابی کا سرٹیفکیٹ حوالے کیا۔ اس موقع پر انتخابی مبصر مادھوی کھوڑے چورے، متعلقہ اضلاع کے کلکٹر، ضلع پریشدوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران اور انتخابی عمل سے وابستہ دیگر افسران موجود تھے۔
آٹھ اضلاع کے 842 مراکز پر ہوئی پولنگ:
اورنگ آباد ڈویژن گریجویٹ حلقۂ انتخاب میں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو سمیت آٹھ اضلاع کے 842 پولنگ مراکز پر ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس انتخاب میں مجموعی طور پر 41 امیدوار میدان میں تھے۔ ووٹوں کی گنتی کے لیے 70 میزوں کا انتظام کیا گیا تھا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے چکل تھانہ ایم آئی ڈی سی علاقے میں واقع ریزونیٹ لاجسٹکس ایل ایل پی میں ڈویژنل کمشنر جی۔ شری کانت اور انتخابی مبصر مادھوی کھوڑے چورے کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی مکمل کی گئی۔
پہلی ترجیح کے ووٹوں میں بھی ڈاکٹر پاٹل آگے:
ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی مرحلے میں بیلٹ پیپروں کی جانچ اور درجہ بندی کی گئی، جس کے بعد پہلی ترجیح کے ووٹوں کی گنتی تین مرحلوں میں مکمل ہوئی۔
انتخابی حکام کے مطابق مجموعی طور پر 1,77,115 ووٹ درست قرار پائے، جبکہ 16,540 ووٹ ناقابلِ قبول تھے۔ درست ووٹوں کی بنیاد پر کامیابی کے لیے 88,558 ووٹوں کا کوٹا مقرر کیا گیا تھا۔
پہلی ترجیح کے ووٹوں کی گنتی کے بعد ڈاکٹر پرتاپسنگھ پاٹل کو 73,931 ووٹ، ستیش چوہان کو 60,768 ووٹ، آزاد امیدوار روی راج عرف انا صاحب ساولے پاٹل کو 19,835 ووٹ اور دلیپ گھوگے کو 8,439 ووٹ حاصل ہوئے۔
چونکہ کسی بھی امیدوار نے کامیابی کے لیے مقررہ کوٹا حاصل نہیں کیا تھا، اس لیے انتخابی قواعد کے مطابق کم ووٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کو مرحلہ وار مقابلے سے خارج کیا گیا اور ان کے بیلٹ پیپروں پر درج اگلی دستیاب ترجیحات کے مطابق ووٹ دوسرے امیدواروں کو منتقل کیے گئے۔
39 امیدواروں کے اخراج کے بعد حتمی فیصلہ:
ووٹوں کی منتقلی کے دوران دلیپ گھوگے کے بیلٹ پیپروں سے 2,285 ووٹ ڈاکٹر پاٹل اور 1,881 ووٹ ستیش چوہان کو منتقل ہوئے۔ بعد ازاں 39ویں مرحلے میں آزاد امیدوار روی راج ساولے پاٹل کے بیلٹ پیپروں سے 6,469 ووٹ ڈاکٹر پاٹل، جبکہ 3,241 ووٹ ستیش چوہان کو منتقل کیے گئے۔
اس طرح 41 امیدواروں میں سے 39 کے اخراج کے بعد ڈاکٹر پرتاپسنگھ پاٹل اور ستیش چوہان مقابلے میں باقی رہ گئے۔ تاہم اس مرحلے پر بھی کوئی امیدوار مقررہ کوٹا حاصل نہیں کرسکا۔ حتمی گنتی میں ڈاکٹر پاٹل کو 85,876 اور ستیش چوہان کو 67,752 ووٹ ملے۔ اس طرح ڈاکٹر پاٹل نے 18,124 ووٹوں کی برتری حاصل کرتے ہوئے کامیابی درج کی۔
45 گھنٹے سے زائد جاری رہی ووٹوں کی گنتی:
ووٹوں کی گنتی منگل، 27 اکتوبر کو صبح 8 بجے شروع ہوئی اور جمعرات، 29 اکتوبر کو صبح حتمی نتیجے کے اعلان تک مسلسل 45 گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔اس دوران بیلٹ پیپروں کی جانچ، درجہ بندی، پہلی ترجیح کے ووٹوں کی گنتی، امیدواروں کا اخراج، ترجیحی ووٹوں کی منتقلی اور حتمی اعداد و شمار کی تصدیق سمیت تمام مراحل مکمل کیے گئے۔ڈویژنل کمشنر جی۔ شری کانت کی رہنمائی میں گنتی کے نگرانوں، معاون افسران، سب ڈویژنل افسران، تحصیل داروں، نائب تحصیل داروں اور مختلف محکموں کے افسران و ملازمین نے باہمی تال میل کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ پولیس انتظامیہ نے گنتی مرکز اور اطراف میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات کیے تھے۔الیکشن رٹرننگ افسر جی۔ شری کانت نے انتخابی مبصر، گنتی کے عمل میں شریک تمام افسران، ملازمین، پولیس انتظامیہ اور معاون عملے کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے