कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

آیۃٌ من آیاتِ اللہ: حضرت علامہ انور شاہ کشمیریؒ

تحریر: فضیل اختر قاسمی بھیروی
خادم التدریس دارالعلوم رحیمیہ پیلیر آندھراپردیش

تصوراتِ انسانی اور خرد کی تنگ نائیوں سے ماورا و برتر کچھ ایسی ذواتِ قدسیہ اور عبقری شخصیات صحنِ گیتی اور منصۂ شہود پر جلوہ گر ہوتی ہیں، جن کی وجودی ضیا پاشیوں اور باطنی و ظاہری انوار و تجلیات سے علم و فن، حکمت و معارف اور شریعت و طریقت کے تمام ایوان منور و تابناک ہو جاتے ہیں۔ تاریخِ اسلام کا سدا بہار اور زرخیز چمن ہمیشہ ایسے یگانۂ روزگار، نادرۂ روزگار اور یکتائے روزگار عباقرہ و فرزانے انسانوں سے سرفراز و ممتاز رہا ہے جن کے فضل و کمال، تبحرِ علمی اور بحرِ بے کنار بصیرت کے سامنے زمان و مکان کی عقلیں دنگ اور ششدر رہ جاتی ہیں۔ انہی سرآمدِ روزگار اور مایۂ ناز ہستیوں میں سرِ فہرست آفتابِ علم و فضل، امیر المؤمنین فی الحديث، جامعِ معقول و منقول، محدثِ اعظم حضرت علامہ انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ کی ذاتِ بابرکات و فیض سمات ہے۔
*عَلَيْهِ زَهَا الْعِلْمُ الشَّرِيفُ وَفَخْرُهُ*
*وَأَشْرَقَتِ الدُّنْيَا بِنُورِ عُلُومِهِ*
ترجمہ:”عزت و شرف والا علم انہی کی ذات پر نازاں و سرفراز ہوا اور اس کو انہی پر فخر ہوا، اور ان کے علوم و معارف کی روشنی سے پوری دنیا منور و تابناک ہو گئی۔”
آپ کی جامعیت، وسعتِ مطالعہ، ژرف نگاہی، حیرت انگیز و غیر معمولی حافظہ اور فقہی دقیق بصیرت تاریخِ علم میں ایک شاندار، ناقابلِ تسخیر اور زوال ناپذیر مینارِ نور کا درجہ رکھتی ہے۔ علمِ حدیث و درایت ہو یا تفسیر و قصص، فقہ و اصولِ فقہ ہو یا کلام و عقائد، ادب و بلاغت ہو یا فلسفہ و منطق آپ کی فکر کا متلاطم سمندر ہر میدانِ علم و ادب میں موج زن اور خروشاں دکھائی دیتا ہے۔
شاه صاحبؒ کی اس عظیم الشان، رفيع الشان اور بحرِ بے کنار عبقریت و جلالتِ قدر کی حقیقت کو وہی عالی مرتبت ذوات کما حقہٗ اور کما ینبغی سمجھ سکتی ہیں جنہوں نے آپ کے خوانِ کرم و علم سے موتی چنے، آپ کی مسندِ تدریس سے فیض اٹھایا اور آپ کے سرچشمۂ ہدایت و معرفت سے سیرابی حاصل کی؛ علمی و تحقیقی دنیا کی نہایت ممتاز و جلیل القدر شخصیت نے اس حقیقت کی ترجمانی اپنے گہر بار الفاظ میں نہایت بلیغ، دلفریب اور دلنشین انداز میں کی ہے۔
حضرت علامہ ‌ومولانا پروفیسر سعید احمد اکبر الہ آبادی رحمۃ اللہ علیہ حضرت علامہ انور شاہ صاحب کشمیری رحمۃ اللہ علیہ کے خاص شاگر دتھے مسلم یونیورسٹی‌کے شعبہ دینیات کے سابق سربراہ تھے عالمی شہرت یافتہ محقق تھے آپ نے فرمایا تھا۔ حضرت علامہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ آیۃ من آیات اللہ اور حجۃ من حجج الہیۃ تھے یعنی اللہ کی بے مثال قدرت و حکمت کی ایک واضح نشانی اور ایک مضبوط دلیل ہر علم و فن کے مباحث اور مسائل پر اجتہادی اور ناقدانہ و مبصرانہ نظر تھی وہ بیک وقت حافظ ابن حجر بھی تھے اور ابن جریر طبری بھی ابن دقیق العید بھی تھے اور شیخ ابن ھمام بھی ادب و بلاغت میں جاحظ بھی اور عبدالقاھر جرجانی بھی فارسی شعر و شاعری میں اگر وہ انوری اور خاقانی کے ہمرنگ تھے تو عربی شاعری میں ابو العتاھیۃاور بختری کے ہم پایہ نظر آتے تھے۔
حقیقت اور امرِ واقعہ یہ ہے کہ حضرت علامہ انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ کی ذاتِ گرامی و باکمال قرونِ اولیٰ کے اسلافِ صالحین اور قرونِ فاضلہ کے محدثین و فقہاء کی جیتی جاگتی یادگار اور علم و حکمت، تقویٰ و للہیت کا وہ تابندہ و روشن منار تھی جس کی نظیر و مثال قرونِ متأخرین میں صدیاں بیت جانے کے بعد بھی نایاب و نادیدہ ہے۔ آپ کا وجودِ مسعود، مبارک اور مسعود تر قدرتِ الٰہیہ کا ایسا نادر و بے بہا عطیہ اور تحفہ تھا جس پر ملتِ اسلامیہ اور اسلام کی پوری علمی و فکری تاریخ تا ابد نازاں، فرزاں اور مسرور رہے گی۔
آپ کی فکرِ ثاقب، تبحرِ علمی، ناقدانہ بصیرت اور حافظے کی بوقلمونی و نادرہ کاری نے ببانگِ دہل یہ ثابت کر دیا کہ امتِ مسلمہ کا علمی و فکری چمن ہر دور اور ہر عہد میں شاداب، تر و تازہ اور ثمر بار رہا ہے۔ اللہ رب العزت و الجلال نے آپ کے صدرِ مبارک اور قلبِ منور کو علوم و معارف، حقائق و دقائق کا وہ نہ ختم ہونے والا گنجینہ اور خزانہ بنایا تھا جو رہتی دنیا تک طالبانِ علم و حق اور سالکانِ راہِ ہدایت کو جادۂ مستقیم، صراطِ مستطاب اور مقصدِ حقیقی کی سمت رہنمائی کرتا رہے گا۔ آپ کی یاد، آپ کی علمی شاہکار تصانیف، مجالس اور علمی و تدریسی کارنامے تاریخِ انسانی کے صفحۂ ہستی و قرطاس پر سدا تابندہ، جاوید، درخشاں اور قائم و دائم رہیں گے۔
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
(مستفاد از حضرت مولانا مفتی محمد اسحاق نازکی صاحب قاسمی دامت برکاتہم استاذ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کشمیر)

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے