कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

نئی نسل کے ایمان و عقائد کی حفاظت کے لیے منظم مکاتب ناگزیر: مفتی محمد عفان منصورپوری

سوشل میڈیا کی غیر مستند دینی معلومات سے محتاط رہنے اور علماء سے مضبوط تعلق قائم رکھنے پر زور

میرٹھ سے محبوب الحسن محبوؔب مظفرنگری کی خصوصی رپورٹ

میرٹھ، 20 ستمبر: جمعیۃ علماء ضلع میرٹھ کے زیرِ نگرانی مسجد مصطفائی، موانہ اسٹینڈ، قلعہ پرکچھت گڑھ میں ’’اصلاحِ معاشرہ، تحفظِ عقائد اور دینی تعلیم کے فروغ‘‘ کے عنوان سے ایک اہم اور فکر انگیز پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں علماء و ائمہ کرام، مدارس کے ذمہ داران، جمعیۃ علماء کے رفقاء و محبین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت مولانا نبیل احمد صاحب نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مفتی محمد شاداب صاحب نے انجام دیے۔ خصوصی خطاب کے لیے حضرت مولانا مفتی سید محمد عفان صاحب دامت برکاتہم العالیہ، صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش و شیخ الحدیث جامع مسجد امروہہ تشریف لائے۔
پروگرام کا آغاز قاری محمد مہتاب صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں قاری محمد آصف صاحب نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ مکتب مصطفائی مسجد کے طلبہ محمد فضل اور محمد عاطف نے حضرت مفتی محمد عفان صاحب کی موجودگی میں عقائد کے موضوع پر ایک مؤثر مکالمہ پیش کیا، جسے حاضرین نے خصوصی دلچسپی سے سنا۔
دینی معلومات کے لیے مستند علماء سے رجوع ضروری:
اپنے خصوصی خطاب میں حضرت مفتی محمد عفان صاحب نے مسلمانوں کے بنیادی عقائد کے تحفظ، دینی تشخص کی بقا، علماء سے مضبوط تعلق اور نسلِ نو کی دینی تربیت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کا ایک طبقہ بنیادی عقائد اور ضروری دینی مسائل سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف دینی معلومات حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا، یوٹیوب اور دیگر آن لائن ذرائع پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ ایسے ماحول میں ضروری ہے کہ مسلمان دینی معلومات کے حصول میں غیر مستند ذرائع سے محتاط رہیں اور قرآن و حدیث، عقائد اور شرعی مسائل کے سلسلے میں مستند علماء اور اہلِ علم سے رجوع کریں۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ صرف کسی اسلامی نام یا دینی عنوان کے ساتھ پیش کی جانے والی ہر بات لازماً مستند نہیں ہوتی۔ سوشل میڈیا پر غیر مستند اور نامکمل معلومات بعض اوقات فکری انتشار اور دینی الجھن کا سبب بن جاتی ہیں۔ اس لیے علماء سے مضبوط تعلق قائم رکھنا اور ان سے مسلسل رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
منظم مکاتب نئی نسل کے ایمان کی مضبوط بنیاد:
حضرت مفتی محمد عفان صاحب نے منظم مکاتب کی ضرورت و اہمیت پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ مساجد میں مکاتب کا سلسلہ الحمدللہ جاری ہے، تاہم اگر انہیں باقاعدہ نظم، تعلیمی ترتیب، نگرانی اور تربیتی نظام کے تحت چلایا جائے تو ان کے اثرات زیادہ مؤثر اور دیرپا ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکتب محض ناظرہ قرآن پڑھانے کا مرکز نہیں بلکہ نئی نسل کے ایمان، عقائد، عبادات، اسلامی آداب اور اخلاق و کردار کی بنیاد مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ بچوں کو ناظرہ قرآن کے ساتھ بنیادی عقائد، ضروری مسائل، نماز، دعائیں، اسلامی آداب اور حسنِ اخلاق کی تعلیم بھی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے معاشرے کی اصلاح اور نئی نسل کے دینی مستقبل کے لیے مکاتب کے نظام کو مزید مضبوط، منظم اور مؤثر بنانے پر زور دیا۔
حسد، تکبر اور لالچ سے بچنے کی تلقین:
ناظمِ پروگرام مفتی محمد شاداب صاحب نے اپنے خطاب میں انسان کے اخلاق و کردار کو متاثر کرنے والی بعض بنیادی برائیوں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ حسد، تکبر اور لالچ ایسی خرابیاں ہیں جو انسان کی دینی و اخلاقی زندگی کو نقصان پہنچاتی ہیں، اس لیے ہر شخص کو ان سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے دنیاوی زندگی کی حقیقت اور موت کے انجام کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان زندگی بھر اپنے نام، لباس اور مکان کے حوالے سے مختلف خواہشات رکھتا ہے، لیکن موت کے بعد ان سب کی حیثیت بدل جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں انسان مختلف ناموں، عہدوں اور اعزازات سے پہچانا جاتا ہے، مگر موت کے بعد وہ ’’مرحوم‘‘ اور ’’میت‘‘ کہلاتا ہے۔ اسی طرح جس لباس پر انسان فخر کرتا ہے، موت کے بعد وہی کفن بن جاتا ہے، جبکہ جس مکان، کوٹھی یا بنگلے کی تعمیر اور آرائش میں انسان زندگی صرف کرتا ہے، آخرکار اسے چھوڑ کر قبر کے مختصر ٹھکانے کی طرف روانہ ہونا پڑتا ہے۔
مفتی محمد شاداب صاحب نے کہا کہ موت انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ دنیاوی نام، لباس، مکان اور دیگر ظاہری چیزیں عارضی ہیں۔ اس لیے انسان کو اپنی اصل اور دائمی زندگی کی تیاری کرنی چاہیے اور اپنے دل و کردار سے حسد، تکبر اور لالچ جیسی برائیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
علماء سے تعلق اور دینی رہنمائی وقت کی ضرورت:
پروگرام میں اس بات پر بھی خصوصی توجہ دلائی گئی کہ موجودہ دور میں معلومات کے ذرائع اگرچہ بے شمار ہیں، لیکن ہر معلومات قابلِ اعتماد نہیں۔ خصوصاً دینی معاملات میں صحیح رہنمائی کے لیے مستند علماء سے تعلق، ان کی مجالس میں شرکت اور ان سے مسلسل استفادہ ضروری ہے۔
پروگرام کے اختتام پر قاری محمد واصف صاحب، صدر دینی تعلیم بورڈ جمعیۃ علماء ضلع میرٹھ و امام مصطفائی مسجد نے حضرت مفتی محمد عفان صاحب، صدرِ اجلاس مولانا نبیل احمد صاحب، ناظمِ پروگرام مفتی محمد شاداب صاحب اور پروگرام میں شریک تمام علماء، ائمہ، مدارس کے ذمہ داران، جمعیۃ علماء کے رفقاء و محبین اور عوام الناس کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔
علماء و ذمہ داران کی بڑی تعداد میں شرکت:
پروگرام میں مولانا انیس احمد، حافظ محمد گلزار، مولانا محمد خالد، مولانا تصور، حافظ محمد سلیم، قاری مرتضیٰ، حافظ باقر علی، حاجی سعید احمد، مولانا نفیس احمد، قاضی تحصیل موانہ، مولانا مفتی اسلم، مولانا عبداللہ، مفتی ساجد، مولانا راغب، حافظ مسرور اور مولانا اسرار سمیت قرب و جوار کے مدارس کے ذمہ داران، ائمہ مساجد، علماء کرام، جمعیۃ علماء کے رفقاء و محبین اور بڑی تعداد میں عوام الناس شریک رہے۔
آخر میں حضرت مولانا مفتی سید محمد عفان صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے