कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

آیٔٹا مہاراشٹر کا دو روزہ تربیتی و تنظیمی کیمپ خلدآباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

تنظیمی استحکام، فکری و نظریاتی تربیت، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور تعلیمی چیلنجز پر سنجیدہ غور و خوض؛ ریاست بھر سے ضلعی و مقامی ذمہ داران کی شرکت

خلدآباد، 9 نومبر (راست): آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (آیٔٹا) مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام 7 و 8 نومبر کو العرفان اسکول کیمپس، خلدآباد میں منعقدہ دو روزہ تربیتی و تنظیمی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ کیمپ میں ریاست کے مختلف اضلاع سے ضلعی و مقامی ذمہ داران، ریاستی عہدیداران اور مدعو مقررین نے شرکت کی۔ کیمپ کا مقصد تنظیمی استحکام، فکری و نظریاتی تربیت، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے تناظر میں اساتذہ کی ذمہ داریوں پر غور و خوض کرنا تھا۔
کیمپ کے پہلے دن رجسٹریشن کے بعد افتتاحی سیشن کا آغاز عبدالقادر صاحب، سابق امیر مقامی خلدآباد کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ محمد عتیق شیخ، صدر آیٔٹا مہاراشٹر نے افتتاحی خطاب میں کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے تنظیمی وابستگی، فکری یکسوئی اور عملی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلم فیروز صاحب، مرکزی سیکریٹری آیٔٹا نے ’’اجتماعیت کے لیے فکری و نظریاتی بنیادوں کی اہمیت اور آیٔٹا‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا، جبکہ شیخ عبدالرحیم صاحب، قومی صدر آیٔٹا نے ’’آیٔٹا: ملکی سطح پر جدوجہد، تنظیمی سفر کے آئینے میں‘‘ کے موضوع پر تنظیم کے قومی سفر اور جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ پٹھان شریف خان، سیکریٹری آیٔٹا مہاراشٹر نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ’’آیٔٹا مہاراشٹر: میقاتِ رواں کے نقوش‘‘ پیش کرتے ہوئے ریاستی سطح کی تنظیمی و تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔
پہلے سیشن میں ’’آیٔٹا کی مقامی و ضلعی شاخیں: امکانات اور دشواریاں‘‘ کے عنوان سے پینل ڈسکشن منعقد ہوا، جس کی نظامت محمد عتیق شیخ نے کی۔ ریاض الخالق، شیخ طیب، شیخ واجد، ساجد اختر، ساجد خان اور شیخ عبداللہ نے پینلسٹ کی حیثیت سے شرکت کی۔ گفتگو میں شاخوں کو فعال بنانے، نئے افراد کو تنظیم سے جوڑنے اور تنظیمی استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محمد عبدالجلیل صاحب، سابق صدر آیٔٹا مہاراشٹر و رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے ’’ٹیم اسپرٹ: اجتماعی جدوجہد کا لازمی خاصہ‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے اجتماعی مزاج، باہمی اعتماد اور مشترکہ ذمہ داری کی اہمیت واضح کی۔ اسی موقع پر آیٔٹا مہاراشٹر کے پالیسی پروگرام اور سید اسماعیل گوہر، نائب صدر آیٔٹا مہاراشٹر کے افسانچوں کے مجموعے ’’ترکش‘‘ کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔
دوسرے سیشن میں ’’اساتذہ پر محکمہ، انتظامیہ، والدین اور سماج کی بے جا توقعات کا بوجھ‘‘ کے عنوان سے اوپن ڈسکشن منعقد ہوا، جس کے کوآرڈینیٹر خان نعیم صاحب، جوائنٹ سیکریٹری آیٔٹا مہاراشٹر تھے۔ اس میں اساتذہ کو درپیش انتظامی دباؤ، غیر تدریسی ذمہ داریوں اور تدریسی فرائض کی انجام دہی میں پیش آنے والی دشواریوں پر گفتگو ہوئی۔ اسلم فیروز صاحب نے تنظیمی امور پر رہنمائی کی، جبکہ شیخ عبدالرحیم صاحب نے ’’وابستگانِ آیٔٹا: ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا۔ پہلے دن رات کے سیشن میں ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوا۔
تعلیم کے بدلتے تقاضوں اور قائدانہ صلاحیتوں پر رہنمائی:
کیمپ کے دوسرے دن عبداللہ جاوید صاحب، سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے ’’دنیائے تدریس: نئے زاویے، نئے تقاضے‘‘ کے عنوان سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے جدید تعلیمی رجحانات، تدریسی مہارتوں اور طلبہ کی ضروریات کے مطابق اساتذہ کی تیاری پر روشنی ڈالی۔
مجتبیٰ فاروق صاحب، رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند نے ’’طلبائی احتجاج کا منظرنامہ: حقائق، چیلنجز اور مواقع‘‘ کے موضوع پر تجزیاتی خطاب پیش کیا، جس کے بعد سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا۔ عبدالواحد قادری صاحب، صدر الحرا ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نے ’’تو رہ نوردِ شوق ہے، منزل نہ کر قبول‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے بلند عزائم، مسلسل محنت اور استقامت کی اہمیت اجاگر کی۔
اسی موقع پر مجتبیٰ فاروق صاحب کے ہاتھوں عبداللہ جاوید صاحب کی تصنیف ’’سائنس فیئر گائیڈ بک برائے اساتذہ‘‘ کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ بعد ازاں عبداللہ جاوید صاحب نے ’’قائدانہ صلاحیتوں کا ارتقاء: ایک کارکن سے مؤثر قائد تک‘‘ کے عنوان سے پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے قیادت، فیصلہ سازی اور تنظیمی ذمہ داریوں کے مؤثر استعمال پر رہنمائی فراہم کی۔
تجدیدِ عہد اور اختتامی خطاب:
کیمپ کے اختتام پر ساجد اختر صاحب، جوائنٹ سیکریٹری آیٔٹا مہاراشٹر نے تجدیدِ عہد کی کارروائی انجام دی۔ محمد عتیق شیخ، صدر آیٔٹا مہاراشٹر نے اختتامی خطاب میں کہا کہ کیمپ کی حقیقی کامیابی اس وقت ہوگی جب حاصل شدہ فکری و نظریاتی رہنمائی اور تنظیمی تربیت کو عملی میدان میں بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی و مقامی شاخوں کو فعال بنانے، نئی قیادت تیار کرنے اور تعلیمی و سماجی تبدیلی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد عبدالجلیل صاحب، نمائندہ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے ’’زادِ راہ: نغمہ ہے سودائے خام، خونِ جگر کے بغیر‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے اخلاص، قربانی اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت واضح کی۔ پروگرام کا اختتام ریاض الخالق صاحب، نائب صدر آیٔٹا مہاراشٹر کی دعا پر ہوا۔
کیمپ کے بعد شرکاء کے لیے خلدآباد کے تاریخی و تعلیمی مقامات کی سیر کا اہتمام بھی کیا گیا، جس کے انچارج مسعود حسین صاحب، رکن ریاستی مشاورتی کونسل تھے۔
شرکاء نے کیمپ کو فکری بالیدگی، تنظیمی تربیت اور باہمی مشاورت کا ایک مفید موقع قرار دیا۔ کیمپ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تنظیمی استحکام کے لیے فکری و نظریاتی یکسوئی، اجتماعی جدوجہد، مقامی و ضلعی شاخوں کی فعالیت، قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی ناگزیر ہے۔
آیٔٹا مہاراشٹر کا یہ دو روزہ کیمپ تنظیمی تجدید، فکری تربیت اور تعلیمی و سماجی ذمہ داریوں کے احساس کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے