कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

عصرِ حاضر میں گناہوں کا بڑھتا ہوا فتنہ

تحریر:محمد عادل ارریاوی

اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں متعدد مقامات پر گناہوں سے بچنے کی سخت تاکید فرمائی ہے بعض گناہوں پر مختلف سزاؤں کا ذکر فرمایا ہے گذشتہ قوموں کی نافرمانی اور گناہ بیان کر کے ان پر عذاب آنے کا بھی ذکر فرمایا ہے۔
سرکار دو عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے بھی بیشمار ارشادات میں اہلِ ایمان کے حق میں گناہوں کا نقصان دہ ہونا بیان فرمایا ہے۔ گناہ ظاہر کے ہوں یا باطن کے معاملات ہوں معاشرت کے اُن سب سے بچنے کی تاکید فرمائی ہے۔
ہر مسلمان یہ بات جانتا بھی ہے اور مانتا بھی ہے کہ انسان کی دنیوی صلاح و اور کامیابی اور اخروی نجات و سرفرازی اللہ و رسول کی اطاعت و فرمانبرداری اور ان کی معصیت و سرکشی سے پر ہیز و دوری میں پوشیدہ ہے۔ اور یہ عقیدہ سوفی صد صحیح ہے ۔ لہذا ہر مسلمان کو کوشش کرنا چاہئے کہ وہ اللہ و رسول کی اطاعت و فرمانبرداری کرے اور گناہ و معصیت سے کلی طور پر پرہیز کرے۔
موجودہ دور میں جہاں ظاہری و
مادی چیزیں حیرت انگیز حد تک ترقی کرتی جارہی ہیں اور روز بروز اس میں اضافہ مشاہد ہو رہا ہے وہیں یہ بھی بالکل واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے کہ انسان اپنی انسانیت و روحانیت کے لحاظ سے انتہائی پستی وذلت کی طرف جا رہا ہے اور اس میں سبھی طبقات کے انسان شامل ہیں جس پر کوئی حیرت و استعجاب نہیں استعجاب و حیرت کا موقعہ تو یہ ہے کہ وہ انسان بھی اس پستی و خواری کے گڑھے میں دکھائی دے رہا ہے جو مسلمان کہلاتا اور اللہ و رسول پر ایمان رکھتا اور قرآن وحدیث کو مانتا اور آخرت حساب و کتاب سزا و جزا کو تسلیم کرتا ہے۔
اور اس پستی کی وجہ یہ ہے کہ ایک چھوٹے سے طبقے کو چھوڑ کرامت کے اکثر و بیشتر لوگوں میں ایک طرف طاعات و عبادات میں غفلت وسستی ہے تو دوسری جانب معصیت کے کاموں میں رغبت و دلچسپی ہے۔ اور یہ ایک حقیقت ہے جس کا کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ آج لوگوں میں گناہ کا سلسلہ بہت زیادہ ہو گیا ہے اور عام سے عام ہوتا جا رہا ہے حتی کہ ایسا لگتا ہے کہ گناہ کو گناہ سمجھنے والے اور اس کو نقصان دہ خیال کرنے والے بھی نا پید ہوتے جا رہے ہیں بلکہ اس سے بھی آگے صورت حال یہ ہے کہ بعض لوگ گناہوں کو ایک قابل فخر ولائق ستائش ہنر سمجھنے لگے ہیں ۔ بالخصوص کالجوں اور اسکولوں کا ماحول گناہوں کے لئے ایک مہمیز کی حیثیت رکھتا ہے اور گناہ ایک معمولی بات محسوس کی جاتی ہے جس پر کوئی حیرت و تعجب ہونا ان لوگوں کے نزد یک خود قابل تعجب و قابل حیرت ہے۔
اور اس صورت کو پیدا کرنے میں دیگر اسباب کے ساتھ موجودہ دور میں ٹی وی انٹرنیٹ اور موبائل کو اولیت کا مقام حاصل ہے اور ان چیزوں کی وجہ سے معصیت و گناہ کے اس سلسلہ کو مزید وسعت و پھیلاؤ حاصل ہو گیا اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ آج یہ تینوں چیزیں گناہوں کے سب سے زیادہ طاقتور و موثر و مضبوط و وسیع ذرائع و اسباب بن گئے ہیں ان کے ذریعہ گانا بجانا فحش و عریانی بے حیائی و بے شرمی وغیرہ خبائث اپنے عروج و انتہاء کو پہنچ گئے ہیں۔ جو دراصل ایک خطرہ کی گھنٹی ہے مگر اس میں لوگوں کی غفلت و بے حسی اس قدر عام و تام ہے کہ اس جانب توجہ دلائی بھی جاتی ہے تو لوگ توجہ نہیں کرتے۔
اور اس صورت حال کے ناپاک اثرات و خطرناک جراثیم یہاں تک پہنچ رہے ہیں کہ نیکی و طاعت کرنے والے لوگ بھی گناہ سے بچنے میں دقت محسوس کرتے ہیں بلکہ طالب علم و علماء کہلانے والے بھی ان میں ملوث نظر آتے ہیں ۔
شرم گاه ایک بہت بڑا شیطانی راستہ ہے جس سے وہ انسان میں داخل ہوتا اور اس کو خبائث میں مبتلا کرتا ہے یہ نہایت خطرناک راستہ ہے جس سے انسان شہوتوں ولذتوں میں پڑ کر خدا اور سول اور آخرت کو ہی بھول جاتا ہیں۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ مَنْ يَضْمَنُ لِي مَا بَينَ لَحْيَيْهِ وَ مَا بَينَ رِجْلَيْهِ أَضْمَنُ لَهُ الْجَنَّةَ ۔ جو شخص مجھے ضمانت دے اس کے دو جبڑوں کے بیچ کی چیز اور اس کے دو پیروں کے بیچ کی چیز کی میں اس کے لئے جنت کا ضامن ہوں ۔ ( بخاری ۶۴۷۴ ) معلوم ہوا کہ زبان کی طرح شرمگاہ کا فساد بھی بڑا خطرناک ہوتا ہے اور جو اس کے شر سے بچ گیا وہ گویا تمام شرور سے بچ جاتا ہے لہذا اس سے بھی خوب چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
اور آج کے جدید ٹیکنا لوجی کے دور میں تو موبائل انٹرنیٹ بے پردگی اور فحش مواد نے اس فتنے کو پہلے سے کہیں زیادہ عام کر دیا ہے۔ اس لیے ہر مسلمان خصوصاً نوجوانوں اور طلبہ کو چاہیے کہ اپنی نگاہوں کی حفاظت کرے تنہائی میں اللہ ربّ العزت سے ڈرے حرام ذرائع سے بچے اور اپنے دل کو پاکیزہ رکھے۔
یاد رکھئے چند لمحوں کی ناجائز لذت برسوں کی ندامت بن سکتی ہے جبکہ چند لمحوں کا صبر ہمیشہ کی جنت کا سبب بن سکتا ہے۔
اللہ ربّ العزت ہمیں ہر ظاہر و باطن کے گناہ سے محفوظ فرمائے اور عفت و حیا کی دولت نصیب فرمائے۔ آمین یارب العالمین ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے