कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سب کو معاف کرکے سویا کرو زندگی کل کی محتاج نہیں

تحریر:محمد عادل ارریاوی

ہم اپنی زندگی میں نہ جانے کتنے کام کرتے ہیں، کتنے لوگوں سے ملتے ہیں اور روزانہ مختلف مزاج و طبیعت کے انسانوں سے ہمارا واسطہ پڑتا ہے۔ کوئی ہمیں زندگی کا بہترین سبق دے جاتا ہے، کوئی خوب صورت یادیں دے جاتا ہے، تو کوئی ایسا زخم دے جاتا ہے جو مدتوں دل میں تازہ رہتا ہے۔ کبھی انجانے میں ہماری کسی بات سے کسی کا دل دکھ جاتا ہے اور ہمیں اس کا احساس تک نہیں ہوتا، اور کبھی ہم جان بوجھ کر کسی کو تکلیف دے بیٹھتے ہیں، پھر اپنی زندگی میں آگے بڑھ جاتے ہیں لیکن ہماری وہ ایک بات کسی کے دل میں ہمیشہ کے لیے درد بن کر رہ جاتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ہماری زندگی بہت مختصر ہے۔ اس کا آغاز ایک اذان سے ہوتا ہے اور اختتام ایک نماز پر۔ بس اذان اور نماز کے درمیان کا یہ مختصر سا وقفہ ہی ہماری زندگی ہے۔ اس لیے ہماری ہر ممکن کوشش ہونی چاہیے کہ اگر ہماری ذات، ہمارے کسی عمل یا ہماری کسی بات سے کسی کو ذرا بھی تکلیف پہنچی ہو تو فوراً اس سے معافی مانگ لیں۔ معافی مانگنے میں ہرگز دیر نہ کریں، کیونکہ معلوم نہیں کہ اگلا لمحہ ہماری زندگی میں موجود بھی ہوگا یا نہیں۔
ہم سب اس دنیا سے رخصت ہونے کے لیے آئے ہیں، یہاں ہمیشہ رہنے کے لیے کوئی نہیں آیا۔ ایک دن ایسا ضرور آئے گا جب ہمیں اپنا سب کچھ چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہونا ہوگا۔ نہ مال و دولت ساتھ جائے گی، نہ عہدہ و منصب، نہ دوستوں کی محفلیں باقی رہیں گی اور نہ ہی اپنوں کی قربت۔ بس ہماری یادیں رہ جائیں گی اور ہمارے اعمال ہمارے ساتھ ہوں گے۔
ڈاکٹر بشیر بدر نے کیا خوب کہا ہے۔
اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے۔
آج جب میں نے اپنی زندگی پر غور کیا تو احساس ہوا کہ ایک وقت تھا جب ہمارے اردگرد بے شمار لوگ ہوا کرتے تھے، محفلیں آباد تھیں، قہقہے گونجتے تھے اور ہر طرف اپنوں کی رونق تھی لیکن آج ان میں سے نہ جانے کتنے لوگ ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں۔ وہ سب ہمیں چھوڑ کر جا چکے ہیں، ان کی زندگی کی شام ہو چکی ہے۔ کبھی جن کے ساتھ بیٹھ کر گھنٹوں باتیں کیا کرتے تھے، آج ان سے ملاقات کا واحد راستہ ان کی قبروں پر حاضری رہ گیا ہے۔
اسی لیے ہمیں چاہیے کہ ہر رات سونے سے پہلے چند لمحے اپنے ضمیر کے ساتھ گزاریں۔ دن بھر کے اعمال کا جائزہ لیں۔ اگر ہماری کسی بات، رویے یا عمل سے کسی کا دل دکھا ہو تو اس سے معافی مانگ لیں، اور اگر کسی نے ہمیں تکلیف پہنچائی ہو تو حتی الامکان اسے اپنے دل سے معاف کرکے سوئیں۔ دلوں میں نفرت، کدورت اور عداوت کے بوجھ لے کر نیند کی آغوش میں نہ جائیں کیونکہ زندگی کسی آنے والے کل کی ضمانت نہیں دیتی۔
دو سال قبل ہمارے ایک عزیز دوست تھے۔ حافظِ قرآن تھے اور ایک مسجد میں مؤذن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے تھے۔ اسی کے ذریعے اپنی گزر بسر بھی کرتے تھے۔ حسبِ معمول ایک رات عشاء کی اذان دی، لوگوں کے ساتھ نماز ادا کی اور پھر گھر جاکر کھانا وغیرہ کھایا اور سو گئے۔ لیکن افسوس وہ رات ان کی زندگی کی آخری رات ثابت ہوئی۔ صبح خبر ملی کہ وہ اس دنیا میں نہیں رہے۔ رات تک ایک ہنستا مسکراتا، صحت مند اور بظاہر بالکل تندرست انسان اچانک کہاں چلا گیا؟ معلوم ہوا کہ اب وہ اس دنیا میں نہیں، بلکہ قبر کی آغوش میں جا سویا ہے۔
ایسے سیکڑوں واقعات ہمارے سامنے آتے رہتے ہیں، مگر افسوس کہ ہم ان سے سبق نہیں لیتے۔ ہم اپنے مدرسے یا کلاس میں دیکھتے ہیں کہ جب استاذ کسی ایک بچے کو سزا دیتے ہیں تو دوسرے بچوں کے دل میں یہ خیال ضرور آتا ہے کہ اگلی باری شاید ہماری ہو لیکن جب ہم کسی کا جنازہ اپنے سامنے دیکھتے ہیں، کسی عزیز کو قبر میں اتارتے ہیں، کسی اپنے کو ہمیشہ کے لیے مٹی کے سپرد کرتے ہیں تو ہمارے دل میں یہ خیال کیوں نہیں آتا کہ اگلی باری ہماری بھی ہو سکتی ہے؟
ذرا غور کریں جس شخص سے ہم آج ناراض ہیں، کیا ضروری ہے کہ کل اس سے بات کرنے کا موقع بھی ملے؟ جس سے ہم نے معافی نہیں مانگی، کیا معلوم کہ کل وہ ہمارے درمیان موجود بھی ہو یا نہیں؟ اور جسے ہم نے اپنی انا کی خاطر معاف نہیں کیا، کیا خبر کہ کل ہم خود ہی اس دنیا سے رخصت ہو جائیں۔
اس لیے خدارا اپنے دلوں کو نفرتوں کا قبرستان مت بنائیے۔ کسی کی غلطی کو معاف کردیجیے، کسی کا دل دکھایا ہے تو معذرت کرلیجیے، کسی سے تعلق خراب ہے تو اسے بہتر بنانے کی کوشش کیجیے۔ ناراضگیوں اور رنجشوں کو کل پر مت ٹالیے، کیونکہ بعض اوقات کل آتا ہی نہیں۔
رات کو سونے سے پہلے سب کو معاف کرکے سویا کیجیے، کیا معلوم صبح آنکھ کھلے تو زندگی کی ایک نئی مہلت ملے یا پھر ہمیشہ کے لیے آنکھیں بند ہو جائیں۔
یاد رکھیے زندگی بہت مختصر ہے اور موت کسی وقت بھی دستک دے سکتی ہے۔ اس لیے محبت بانٹیے، دل جوڑیے، معاف کیجیے اور معافی مانگیے کیونکہ زندگی کل کی محتاج نہیں۔
خوش رہیں آباد رہیں خوشیاں بانٹیں ۔
اللہ ربّ العزت ہم سب عمل کی توفیق دے آمین یارب العالمین ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے