कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بانسواڑہ میں پیامِ سیرت کے زیرِ اہتمام سیرتِ خاتم الانبیاء ﷺ کوئز کا شاندار انعامی جلسہ

سات دینی مکاتب کے 100 سے زائد طلبہ کی شرکت، علماء کے فکر انگیز خطابات اور طلبہ میں 25 ہزار روپے سے زائد کے انعامات تقسیم

بانسواڑہ، 21 ستمبر (راست): پیامِ سیرت کے زیرِ اہتمام اور قرآنی مکاتبِ بانسواڑہ کے زیرِ انتظام سیرتِ خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے موضوع پر منعقدہ انعامی کوئز کا جلسہ نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں شہر بانسواڑہ کے 7 دینی مکاتب کے 100 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت سیرتِ طیبہ ﷺ سے ان کی دلچسپی اور دینی تعلیم کے تئیں شوق کا مظہر رہی۔پروگرام کا آغاز حافظ جنید سلمہ کی تلاوتِ قرآنِ پاک اور حافظ انتظار صاحب کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ جلسے کی نظامت کے فرائض مفتی نوید صاحب نے انجام دیے۔ اس موقع پر طلبہ نے بھی اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار نہایت عمدہ انداز میں کیا۔
سیرتِ رسول ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کی تلقین:
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ عبداللہ بن عباسؓ کے ناظم حضرت مفتی عمر بن عیسیٰ قاسمی نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرتِ طیبۂ رسول اکرم ﷺ پر مشتمل تقریباً 100 سوالات کے کتابچے کو محنت اور شوق کے ساتھ یاد کرنا اور پھر امتحان کے ذریعے اپنے علم کو پختہ کرنا قابلِ ستائش عمل ہے۔انہوں نے طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا مطالعہ صرف معلومات حاصل کرنے یا اسے یاد کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہیے۔ خطاب کے اختتام پر حضرت مفتی عمر صاحب نے پروگرام کے منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور مستقبل میں ایسے دینی و تعلیمی پروگراموں کو مزید وسعت دینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مولانا اعجاز صاحب نے بھی اپنے حوصلہ افزا کلمات کے ذریعے طلبہ اور منتظمین کی حوصلہ افزائی کی اور دینی و تعلیمی سرگرمیوں کو مزید وسیع پیمانے پر آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مولانا رضوان القاسمی کا فکر انگیز خطاب:
انعامی جلسے میں خصوصی خطاب کے لیے مدعو کیے گئے حضرت مولانا رضوان القاسمی نے موجودہ پُرفتن دور میں اولاد اور نئی نسل کے ایمان و اسلام کی حفاظت کے حوالے سے اہم اور فکر انگیز گفتگو کی۔ انہوں نے والدین کو اپنی اولاد کی دینی تربیت اور ایمان کی حفاظت کی جانب خصوصی توجہ دلائی۔مولانا رضوان القاسمی نے حضرت یعقوب علیہ السلام کی اپنی اولاد کے ایمان و عقیدے کے بارے میں فکر کا تذکرہ کرتے ہوئے والدین کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ اسی طرح اکبر الہ آبادی کے اشعار اور ان سے متعلق واقعات کے ذریعے یورپی تہذیب و ثقافت سے متاثر ہونے والی نسل کے حوالے سے بھی مؤثر انداز میں گفتگو کی اور امت کے نونہالوں کے ایمان اور اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے فکر و شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مدرسہ سراج العلوم کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین:
اپنے خطاب کے دوران مولانا رضوان القاسمی نے مدرسہ سراج العلوم کی دینی و تعلیمی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بانسواڑہ شہر کا تقریباً 45 سال قدیم دینی ادارہ ہے، جہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ نے مختلف بڑے دینی مدارس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔ ان میں دارالعلوم دیوبند سے عالمیت اور افتاء کی تعلیم حاصل کرنے والے متعدد فضلاء بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مدرسہ سراج العلوم کے فارغین آج شہر بھر میں مساجد کی امامت، مدارس و مکاتب میں تدریس اور دیگر دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مولانا رضوان القاسمی نے اس دینی و تعلیمی سلسلے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مفتی محمد سفیان قاسمی اور حافظ محمد عثمان کی خدمات کی بھی بھرپور پذیرائی کی اور ان کے لیے مزید ترقی و استقامت کی دعائیں کیں۔
علماء و ذمہ داران کی شرکتـ:
جلسے میں شہر کے متعدد علماء، دینی مکاتب کے ذمہ داران اور معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں مولانا محبوب صاحب، مولانا ربانی صاحب، مفتی محمد نوید صاحب، مولانا رفیق صاحب، مفتی غوث صاحب، مولانا عبدالعزیز صاحب، حافظ شکیل صاحب، حافظ انتظار صاحب، مولانا احمد صاحب اور تنظیم المساجد بانسواڑہ کے صدر جناب الحاج رضوان صاحب قابلِ ذکر ہیں۔اس دینی و تعلیمی سرگرمی کی کامیابی میں شہر کے تمام مکاتبِ دینیہ کے ذمہ داران، بالخصوص مولانا عبدالعزیز قاسمی اور حافظ محمد شکیل احمد کی نگرانی و تعاون نمایاں رہا۔
طلبہ میں قیمتی انعامات کی تقسیم:
جلسے کے اختتام پر سیرتِ خاتم الانبیاء ﷺ کوئز میں حصہ لینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے معیاری اور قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر طلبہ کو تقریباً 25 ہزار روپے سے زائد مالیت کے انعامات سے نوازا گیا۔ مہمان علماء کرام اور معزز شخصیات کی رومال پوشی بھی کی گئی۔پروگرام کے منتظمین نے اس موقع پر برادرِ مکرم محمد احمد صاحب، جناب رفیع صاحب اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔آخر میں منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل کو سیرتِ رسول اکرم ﷺ، قرآنِ کریم اور اسلامی تعلیمات سے جوڑنے کے لیے ایسے دینی، تعلیمی، تربیتی اور اصلاحی پروگرام آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے