कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

پانچ ایسے احادیثِ نبوی ﷺ جو دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے کافی ہیں

تحریر:ابو خالد قاسمی
خادم جامعہ اسلامیہ گلزار قرآنیہ کلچھینہ غازی آباد

 حضرت بِشر بن حارث حافیؒ (متوفی: 227ھ) ــ جو بغداد کے عظیم زاہد، محدث اور اہلِ معرفت میں شمار ہوتے ہیں ــ فرمایا کرتے تھے:
اے اہلِ حدیث! حدیث کی زکوٰۃ ادا کرو؛ ہر دو سو احادیث میں سے کم از کم پانچ احادیث لوگوں تک ضرور پہنچاؤ۔
اسی مبارک نصیحت کی روشنی میں ذیل میں رسولِ اکرم ﷺ کی پانچ جامع اور عظیم احادیث پیش کی جا رہی ہیں۔ اگر طالبِ علم انہیں پڑھے، یاد کرے، ان پر عمل کرے اور دوسروں تک پہنچائے تو یہی اس کی دنیا کی اصلاح اور آخرت کی کامیابی کے لیے کافی ہیں، ان شاء اللہ۔
پہلی حدیث:
لا تُشْرِكْ بِاللَّهِ شَيْئًا وَإِنْ قُتِلْتَ وَحُرِّقْتَ، وَلَا تَعُقَّنَّ وَالِدَيْكَ وَإِنْ أَمَرَاكَ أَنْ تَخْرُجَ مِنْ أَهْلِكَ وَمَالِكَ، وَلَا تَتْرُكَنَّ صَلَاةً مَكْتُوبَةً مُتَعَمِّدًا، فَإِنَّ مَنْ تَرَكَ صَلَاةً مَكْتُوبَةً مُتَعَمِّدًا فَقَدْ بَرِئَتْ مِنْهُ ذِمَّةُ اللَّهِ، وَلَا تَشْرَبَنَّ الْخَمْرَ فَإِنَّهَا رَأْسُ كُلِّ فَاحِشَةٍ، وَإِيَّاكَ وَالْمَعْصِيَةَ فَإِنَّ بِالْمَعْصِيَةِ يَحِلُّ سَخَطُ اللَّهِ، وَإِيَّاكَ وَالْفِرَارَ مِنَ الزَّحْفِ وَإِنْ هَلَكَ النَّاسُ، وَإِذَا أَصَابَ النَّاسَ مَوْتٌ وَأَنْتَ فِيهِمْ فَاثْبُتْ، وَأَنْفِقْ عَلَى أَهْلِكَ مِنْ طَوْلِكَ، وَلَا تَرْفَعْ عَنْهُمْ عَصَاكَ أَدَبًا، وَأَخِفْهُمْ فِي اللَّهِ۔
حضرت معاذ بن جبلؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے دس اہم نصیحتیں فرمائیں:
– اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانا، اگرچہ اس جرم میں تمہیں قتل کر دیا جائے یا جلا دیا جائے۔
– والدین کی نافرمانی نہ کرنا، اگرچہ وہ تمہیں اہل و عیال اور مال چھوڑنے کا حکم دیں۔
– جان بوجھ کر کوئی فرض نماز ترک نہ کرنا؛ کیونکہ جو شخص قصداً فرض نماز چھوڑ دیتا ہے، وہ اللہ کی حفاظت اور امان سے محروم ہو جاتا ہے۔
– شراب ہرگز نہ پینا، کیونکہ وہ ہر برائی کی جڑ ہے۔
– گناہوں سے بچنا، اس لیے کہ گناہ اللہ تعالیٰ کے غضب کو دعوت دیتے ہیں۔
– میدانِ جہاد سے ہرگز فرار نہ ہونا، اگرچہ دوسرے لوگ پیچھے ہٹ جائیں۔
– جب کسی علاقے میں وبا یا موت عام ہو اور تم وہاں موجود ہو تو ثابت قدم رہنا۔
– اپنی حیثیت کے مطابق اپنے اہل و عیال پر خرچ کرنا۔
– اہلِ خانہ کی تربیت میں غفلت نہ کرنا۔
– انہیں اللہ تعالیٰ سے ڈراتے رہنا تاکہ ان کے دلوں میں تقویٰ پیدا ہو۔
(مسند احمد، معجم کبیر للطبرانی، حدیث حسن)
دوسری حدیث:
أَمَرَنِي خَلِيلِي ﷺ بِسَبْعٍ: أَمَرَنِي بِحُبِّ الْمَسَاكِينِ وَالدُّنُوِّ مِنْهُمْ، وَأَمَرَنِي أَنْ أَنْظُرَ إِلَى مَنْ هُوَ دُونِي وَلَا أَنْظُرَ إِلَى مَنْ هُوَ فَوْقِي، وَأَمَرَنِي أَنْ أَصِلَ الرَّحِمَ وَإِنْ أَدْبَرَتْ، وَأَمَرَنِي أَلَّا أَسْأَلَ أَحَدًا شَيْئًا، وَأَمَرَنِي أَنْ أَقُولَ الْحَقَّ وَإِنْ كَانَ مُرًّا، وَأَمَرَنِي أَلَّا أَخَافَ فِي اللَّهِ لَوْمَةَ لَائِمٍ، وَأَمَرَنِي أَنْ أُكْثِرَ مِنْ قَوْلِ: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ، فَإِنَّهُنَّ مِنْ كَنْزٍ تَحْتَ الْعَرْشِ.
حضرت ابوذر غفاریؓ فرماتے ہیں کہ میرے محبوب رسول اللہ ﷺ نے مجھے سات باتوں کا حکم دیا:
– مسکینوں سے محبت کرو اور ان کے قریب رہو۔
– اپنے سے کم تر لوگوں کو دیکھو، اپنے سے بلند لوگوں کی طرف نہ دیکھو۔
– صلہ رحمی کرتے رہو، اگرچہ رشتہ دار بے رخی اختیار کریں۔
– کسی سے سوال نہ کرو۔
– ہمیشہ حق بات کہو، اگرچہ وہ کڑوی ہو۔
– اللہ کے معاملے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہ ڈرو۔
– کثرت سے "لا حول ولا قوة إلا بالله” پڑھا کرو، کیونکہ یہ عرشِ الٰہی کے نیچے کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے۔
(مسند احمد، حدیث حسن)
تیسری حدیث:
ثَلَاثٌ مُنْجِيَاتٌ، وَثَلَاثٌ مُهْلِكَاتٌ؛ فَأَمَّا الْمُنْجِيَاتُ: فَتَقْوَى اللَّهِ فِي السِّرِّ وَالْعَلَانِيَةِ، وَالْقَوْلُ بِالْحَقِّ فِي الرِّضَا وَالْغَضَبِ، وَالْقَصْدُ فِي الْفَقْرِ وَالْغِنَى. وَأَمَّا الْمُهْلِكَاتُ: فَشُحٌّ مُطَاعٌ، وَهَوًى مُتَّبَعٌ، وَإِعْجَابُ الْمَرْءِ بِنَفْسِهِ.
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
تین چیزیں نجات دلانے والی ہیں اور تین چیزیں ہلاک کرنے والی ہیں۔
نجات دلانے والی چیزیں:
– ظاہر و باطن ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے ڈرنا۔
– خوشی ہو یا ناراضی، ہر حال میں حق بات کہنا۔
– خوش حالی اور تنگ دستی، دونوں حالتوں میں اعتدال اختیار کرنا۔
ہلاک کرنے والی چیزیں:
– ایسا بخل جس کی اطاعت کی جائے۔
– ایسی خواہشِ نفس جس کی پیروی کی جائے۔
– انسان کا اپنے آپ کو بڑا سمجھنا، اور یہی ان میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔
(شعب الإيمان للبيهقي، حدیث حسن)
چوتھی حدیث:
اضْمَنُوا لِي سِتًّا مِنْ أَنْفُسِكُمْ أَضْمَنْ لَكُمُ الْجَنَّةَ: اصْدُقُوا إِذَا حَدَّثْتُمْ، وَأَوْفُوا إِذَا وَعَدْتُمْ، وَأَدُّوا إِذَا اؤْتُمِنْتُمْ، وَاحْفَظُوا فُرُوجَكُمْ، وَغُضُّوا أَبْصَارَكُمْ، وَكُفُّوا أَيْدِيَكُمْ.
حضرت عبادہ بن صامتؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
تم میرے لیے چھ باتوں کی ضمانت دو، میں تمہارے لیے جنت کی ضمانت دیتا ہوں:
– جب بات کرو تو سچ بولو۔
– وعدہ کرو تو اسے پورا کرو۔
– امانت سونپی جائے تو اسے ادا کرو۔
– اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرو۔
– اپنی نگاہیں نیچی رکھو۔
– اپنے ہاتھوں کو ظلم اور گناہ سے روکے رکھو۔
(مسند احمد، صحیح ابن حبان، مستدرک حاکم، شعب الإيمان، حدیث حسن)
پانچویں حدیث:
اتَّقِ الْمَحَارِمَ تَكُنْ أَعْبَدَ النَّاسِ، وَارْضَ بِمَا قَسَمَ اللَّهُ لَكَ تَكُنْ أَغْنَى النَّاسِ، وَأَحْسِنْ إِلَى جَارِكَ تَكُنْ مُؤْمِنًا، وَأَحِبَّ لِلنَّاسِ مَا تُحِبُّ لِنَفْسِكَ تَكُنْ مُسْلِمًا، وَلَا تُكْثِرِ الضَّحِكَ؛ فَإِنَّ كَثْرَةَ الضَّحِكِ تُمِيتُ الْقَلْبَ.
حضرت ابو ہریرہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
کون ہے جو مجھ سے یہ چند باتیں سیکھے، پھر خود بھی ان پر عمل کرے یا دوسروں کو سکھائے تاکہ وہ بھی ان پر عمل کریں؟
حضرت ابو ہریرہؓ نے عرض کیا: یارسول اللہ! میں حاضر ہوں۔
پھر آپ ﷺ نے ان کا ہاتھ پکڑا اور پانچ باتیں ارشاد فرمائیں:
– حرام چیزوں سے بچو، تم سب سے بڑے عبادت گزار بن جاؤ گے۔
– اللہ تعالیٰ نے جو حصہ تمہارے لیے مقرر کیا ہے، اس پر راضی رہو، تم سب سے زیادہ غنی ہو جاؤ گے۔
– اپنے پڑوسی کے ساتھ حسنِ سلوک کرو، تم کامل مومن بن جاؤ گے۔
– اپنے بھائی کے لیے بھی وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو، تم کامل مسلمان بن جاؤ گے۔
– زیادہ ہنسنے سے بچو، کیونکہ زیادہ ہنسنا دل کو مردہ کر دیتا ہے۔
(مسند احمد، جامع ترمذی، حدیث حسن)
یہ پانچ احادیثِ مبارکہ اپنے اندر دینِ اسلام کے بنیادی اخلاق، عبادات، معاملات اور معاشرت کا جامع خلاصہ سموئے ہوئے ہیں۔ اگر کوئی طالبِ علم انہیں پڑھے، یاد کرے، اپنی زندگی کا حصہ بنائے اور دوسروں تک پہنچائے تو امید ہے کہ یہی اس کی دنیا کی کامیابی اور آخرت کی نجات کا بہترین سرمایہ ثابت ہوں گی۔
اللّٰهُمَّ ارْزُقْنَا عِلْمًا نَافِعًا، وَعَمَلًا صَالِحًا، وَإِخْلَاصًا فِي الْقَوْلِ وَالْعَمَلِ، وَاجْعَلْنَا مِنْ عِبَادِكَ الصَّالِحِينَ. آمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے