कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

رمضان میں ملازمت پیشہ خواتین معمولات کو یوں آسان بنائیں

تحریر: نکہت انجم ناظم الدین
بذریعہ ضلع نامہ نگار اعتبار نیو ز محمد سرور شریف

ماہ رمضان المبارک ہماری زندگی میں نظم وضبط، صبر اور خود آگہی پیدا کرنے والا مہینہ ہے۔ اس دوران روزمرہ معمولات میں فطری طور پر کچھ تبدیلیاں آتی ہیں۔ خصوصاً ان خواتین کے لیے جو ملازمت کے ساتھ ساتھ گھریلو ذمہ داریاں بھی انجام دیتی ہیں۔ دفتر کے مقررہ اوقات، بچوں کی نگہداشت، گھر کے کام اور عبادات سب ایک ساتھ ان کی توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں اکثر خواتین ذہنی دباؤ اور جسمانی تھکن محسوس کرتی ہیں۔ اگر اس مہینے میں وقت کی درست ترتیب نہ کی جائے تو عبادات کا ذوق بھی متاثر ہوتا ہے اور گھریلو و پیشہ ورانہ فرائض میں توازن قائم رکھنا بھی دشوار ہو جاتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں دن کے لمحات اکثر ہمیں محدود محسوس ہوتے ہیں اور توانائی بھی عام دنوں کے مقابلے میں کم محسوس ہوتی ہے اس لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ ہر کام کو سوچ سمجھ کر بروقت انجام دیا جائے۔ ملازمت پیشہ خواتین اگر دن کے آغاز میں اپنے معمولات کو ذہنی طور پر ترتیب دے لیں تو بہت سی الجھنیں خود بخود ختم ہو سکتی ہیں۔ غیر ضروری مصروفیات کو کم کرنا اور ضروری کاموں کو اولیت دینا وقت کے بہتر استعمال کی بنیاد بنتا ہے۔سحری اور فجر کے بعد کے اوقات ذہنی سکون اور برکت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس وقت تلاوت کلام پاک، دعا اور دن بھر کے کاموں کی منصوبہ بندی خواتین کو ایک بہتر آغاز فراہم کرتی ہے۔ بعض اوقات نیند پوری نہ ہونے کا احساس ہوتا ہے، پھر بھی اس وقت کی روحانی کیفیت پورے دن کی تھکن کو قابلِ برداشت بنا دیتی ہے۔ چند لمحے خاموشی میں گزارنا، خود کو سنبھالنے اور مثبت سوچ پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
دفتر کے اوقات میں خود کو منظم رکھنا ملازمت پیشہ خواتین کے لیے سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ ذہنی انتشار کی وجہ سے کام کا بوجھ دوگنا محسوس ہوتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ کام کو ترتیب کے ساتھ انجام دیا جائے۔ غیر ضروری گفتگو، کام اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کر کے توجہ مرکوز رکھی جا سکتی ہے۔ نسبتاً مشکل اور توجہ طلب کام دن کے ابتدائی حصے میں مکمل کر لینے سے بعد کے اوقات میں دباؤ کم محسوس ہوتا ہے۔ گھریلو ذمہ داریوں کے حوالے سے سادگی اختیار کرنا رمضان کے سکون کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ افطار اور سحری کے لیے پیچیدہ اور وقت طلب تیاریوں کے بجائے سادہ اور غذائیت سے بھرپور کھانوں کو ترجیح دینا وقت اور توانائی دونوں کی بچت کرتا ہے۔ پہلے سے تیاری کر لینا اور گھر کے دیگر افراد کو ذمہ داریوں میں شریک کرنا خواتین کے بوجھ کو ہلکا کرتا ہے۔آپ افراد خانہ سے مد لے سکتے ہیں۔ اس مہینے میں باہمی تعاون کا جذبہ گھریلو فضا کو خوشگوار بناتا ہے۔ اکثر خواتین یہ محسوس کرتی ہیں کہ ملازمت اور گھریلو کاموں کے باعث عبادات کے لیے وقت نہیں بچتا حالانکہ عبادت کا تعلق نیت سے بھی ہے۔ جب نیت خالص ہو تو روزمرہ کے کام بھی باعثِ اجر بن جاتے ہیں۔پابندی کے ساتھ کی گئی عبادت دل پر گہرا اثر چھوڑتی ہے۔ اذکار، درود اور استغفار کو معمولات میں شامل کر لینا روحانی سکون کا ذریعہ بنتا ہے اور اس کے لیے الگ وقت نکالنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی. افطار کے بعد عموماً جسمانی تھکن نمایاں ہو جاتی ہے۔ اس وقت خود کو غیر ضروری مصروفیات میں الجھانے کے بجائے سادہ معمول اپنانا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ افراد خانہ کے ساتھ چند پُرسکون لمحات گزارنا، بچوں سے گفتگو کرنا یا مختصر آرام کرنا ذہن کو تقویت دیتا ہے۔ تراویح کے بعد مناسب وقت پر سونا اگلے دن کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے اور جسمانی طاقت بحال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ملازمت پیشہ خواتین اکثر خود سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر لیتی ہیں، اور خود سے وابستہ توقعات مکمل نہ ہوتو احساسِ ناکامی پیدا ہونے لگتا ہے۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا اور کچھ کام مکمل نہ ہوپانا کوئی معیوب بات نہیں ہے۔اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھنا بھی ذمہ داری کے دائرے میں آتا ہے۔آپ کو افراد خانہ کے ساتھ اپنے ساتھ بھی محبت اور نرمی سے پیش آنے کی ضرورت ہے۔ تب ہی آپ ماہ رمضان جیسے بابرکت مہینے سے برکتیں سمیٹ سکتی ہیں، خوش اور مطمئن رہ سکتی ہیں۔وقت کی درست منصوبہ بندی کے ذریعے ملازمت پیشہ خواتین رمضان کو ایک زائد ذمہ داری کے طور پر لینے کے بجائے ایک نعمت کے طور پر گزار سکتی ہیں۔ سادگی، اعتدال اور خود آگہی اس مہینے کو آسان اور بامقصد بنا دیتی ہے۔ جب آپ وقت کو سمجھداری سے استعمال کریں گی تو ذمہ داریاں بھی آسانی سے نبھاسکتی ہیں ان شاء اللہ اور رمضان کی برکتیں دل و دماغ تک اترتی چلی جاتی ہیں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے