कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

کتاب: زاد المعاد فی ھدیِ خیر العباد

مصنف: حافظ ابن قیم الجوزیہ (م:751)
اردو ترجمہ: مولانا رئیس احمد جعفری
پتہ: مکتبہ نعیمیہ دیوبند قیمت:750₹
تعارف نگار: عبداللہ یوسف میواتی

مفکر اسلام حضرت مولانا ابوالحسن علی میاں ندویؒ اپنی محسن کتابوں کا تعارف کراتے ہوئے علامہ ابن القیم الجوزی کی شہرۂ آفاق کتاب "زاد المعاد فی ھدی خیر العباد” کے بارے میں لکھتے ہیں: میری مَدرَسِی تعلیم کا اختتام ہو چکا تھا اور آزاد مطالعہ کا آغاز، حافظ ابن قیم کی "زاد المعاد” میرا کتب خانہ، میری رفیقِ سفر اور میری گویا اتالیق ومعلم تھی، دینیات کی کتب خانہ کی اتنی بہتر نمائندگی ایک کتاب میں ملنی مشکل ہے، اگر مجھے کبھی پورے ذخیرہ علمی سے محروم کر دیا جائے اور صرف دو کتابوں کی اجازت دی جائے تو میں "کتاب اللہ” اور "زاد المعاد” اپنے ساتھ رکھوں گا۔ اس نے مجھے نماز سکھائی، دعائیں اور اذکار یاد کرائے، سفر کے آداب بتائے، روز مرہ زندگی کے مسنون قواعد و احکام سکھائے اور سنت کا ضروری علم بخشا۔ (حوالہ: مشاہیر اہلِ علم کی محسن کتابیں: ص,172/173- مکتبہ: مجلسِ نشریات اسلام, ناظم آباد کراچی)
حضرت مولانا ندیم الواجدیؒ (سابق مدیر ماہنامہ ترجمانِ دیوبند) "زاد المعاد” کا تعارف کراتے ہوئے لکھتے ہیں: "سیرتِ نبویہ پریہ کتاب اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہے، اس میں مؤلف نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ان احوال وآثار سے ہی بحث نہیں کی جن کو عام طور پر سیرت نگار اپنا موضوع بناتے ہیں بلکہ انہوں نے سیرت کے ساتھ ساتھ بے شمار فقہی مسائل بھی بیان کئے ہیں اوریہ بھی بتلایا ہے کہ معاشیات، عبادات، اخلاق اور معاملات کے باب میں آپ ﷺ کا طرزِ عمل کیا تھا؟ آپ اپنوں کے ساتھ کس طرح رہتے تھے؟ اور دشمنوں کے ساتھ کیا سلوک کرتے تھے؟ دیکھا جائے تو یہ کتاب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کا مکمل دائرۃ المعارف ہے۔ (حوالہ: سیرت نگاری اور سیرت کی کتابیں: ص/۹۰/۹۱- مطبع: دار الکتاب دیوبند)
حضرت مولانا علی میاں ندوی (رجال الفکر والدعوۃ فی الاسلام.ج/٢ ص/٣١۵-مکتبہ دار القلم دمشق) میں زاد المعاد کا تذکرہ کرتے ہوئے رقم طراز ہیں: "یعتبر من أھم کتب الإسلام الذی یقوم مقام مکتبة بأسرھا” یعنی یہ کتاب اسلام کی اہم ترین کتب میں شمار ہوتی ہے جو اپنی جگہ ایک پوری لائبریری کے قائم مقام ہے۔
شیخ عائض القرنی (جو کہ عربی زبان کے بلند پایہ کے عالم، شاعر اور مبلغ ہیں، متعدد کتابوں کے مصنف اور عربی زبان میں کئی دیوان بھی ان کے شائع ہو چکے ہیں۔ مشہورِ زمانہ کتاب "لاتحزن” بھی انہیں کی تخلیق کار ہے، جس کے تقریباً 10/ ملین نسخے فروخت ہو چکے ہیں۔ اسی کا اردو ترجمہ "غم نہ کریں” کے نام سے مطبوع ہے) یہ شیخ عائض القرنی ایک تلمیذِ رشید کے سیرتِ رسول کی کسی معتمد ومعتبر کتاب کے استفسار کے سوال میں فرماتے ہیں: "میں نے کتاب اللہ اور سنن وصحاح کے بعد سب سے سے زیادہ بہترین اور عمدہ کتاب ابن قیم کی زاد المعاد پائی ہے، لہذا تم اس کو خرید کر حاصل کرو اور مطالعہ کرو” (دروس الشيخ عائض القرنى ٢٤/٢٨-تراث)
محمد ابن العثیمین نے تو زاد المعاد کی بے انتہاء تعریف وتوصیف فرمائی ہے اور بڑے ہی اعلی معیار و بلند ترین وشاہانہ کلمات کے ساتھ اس کا تعارف وتذکرہ کیا ہے؛ چناں چہ فرماتے ہیں:في السيرة وأحسن ما رأيت كتاب زاد المعاد لابن القيم وهو كتاب مفيد جدًا يذكر سيرة النبي ﷺ في جميع أحواله ثم يستنبط الأحكام. یعنی فنِ سیرت پر میں نے سب سے بہترین اور احسن کتاب ابن قیم کی زاد المعاد دیکھی ہے، اس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام احوال کو جمع کیا گیا ہے اور احکام کا استنباط بھی ہے۔
(مجموع فتاوى ورسائل للعثيمين-ج/٢٦ ص/٣٤٦- تراث)
انہیں محمد بن عثیمین سے ایک دوسرا قول زاد المعاد کے سلسلے میں یہ بھی منقول ہے”زاد المعاد لابن القيم فى السيرۃ ليس كمثله كتاب فى هذا الفن”. یعنی فنِ سیرت میں ابن قیم کی زاد المعاد کے مثل کوئی کتاب ہی نہیں ہے۔ (ص269 – أرشيف ملتقى أهل الحديث – كتب تغني عن غيرها ولايغني غيرها عنها – المكتبة الشاملة الحديثة)
علامہ سید سلیمان ندوی "مفاہیم ختمِ نبوت” کے صفحہ نمبر/55 پر لکھتے ہیں: "زاد المعاد میں ابن قیم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سب سے زیادہ حالات کا استقصاء کیا ہے” ملا علی قاری جیسے محدث نے مرقاۃ المفاتیح میں متعدد جگہوں پر زاد المعاد سے نقل واستفادہ کیا ہے۔ حضرت مولانا سید محمد طلحہ (ایم اے پروفیسر انٹر کالج لاہور) اپنی محسن کتابوں کے تعارف کے ضمن میں لکھتے ہیں: "زاد المعاد بہ ظاہر سیرت کی کتاب ہے، لیکن میرے نزدیک حدیث کے اہم مسائل کا ایک مختصر کتب خانہ ہے” (مشاہیر اہلِ علم کی محسن کتابیں: ص,62)
خلاصہ یہ کہ اس کتاب میں سیرتِ رسول اکرم ﷺ کو قرآن وتفسیر، فقہ وحدیث، تصوف وسلوک اور آداب ومستحبات وغیرہ میں ملبوس کر کے پیش کیا گیا ہے، یعنی گویا زاد المعاد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل حیاتِ مبارکہ کا خوب صورت عملی نمونہ ہے۔
عربی زبان میں یہ کتاب پانچ جلدوں پر محیط ہے، عربی میں تو اس کے بے شمار ایڈیشن چھپے ہوئے ہیں، "دار الکتب العلمیہ” سے شائع شدہ نسخہ پر تحقیق وتعلیق کا کام مصطفی عبد القادر نے کیا ہے، اس کے علاوہ "دار عالم الفوائد للنشر والتوزیع” سے بھی یہ عالی شان طبع ہوئی ہے جس میں محمد اجمل اصلاحی نے تحقیق اور سراج منیر محمد منیر نے تخریج کا کام انجام دیا ہے۔ جب کہ اردو میں ترجمہ مولانا رئیس احمد جعفری ندوی نے کیا ہے جو ہمارے یہاں مکتبہ نعیمیہ دیوبند سے بہترین انداز و طباعت کے ساتھ تین جلدوں میں کئی سال قبل منظرِ عام پر آچکا ہے۔
کتابوں کی خریداری سے میری ترتیب یہ ہے کہ منتخب کتابوں کی فہرست بنا کر رکھتا ہوں کہ موقع ملے تو انہیں پہلی فرصت میں خریدوں لوں، نیز جو کتابیں خریدنی ہوتی ہیں ان پر معلوماتی تبصرہ یا تعارفی نوٹ بھی سن، پڑھ کر یا گوگل وغیرہ کی مدد سے تیار کر لیتا ہوں، اس سے کتاب کی اہمیت بھی معلوم ہو جاتی ہے اور ضرورت کا اندازہ بھی۔
جمادی الاولی کی 25/ویں تاریخ جمعہ کے دن ایک بہت قریبی رفیق اور بھائی کے درجہ کے ساتھی کے ساتھ مکتبہ نعیمیہ دیوبند پر جانا ہوا، انہیں کچھ کتابیں خریدنی تھی اور مجھے بھی کتب خانہ کا دورہ کرنا تھا، چند کتابیں خرید لینے کے بعد انہوں نے اپنی طرف سے کوئی ایک کتاب مجھے بہ طورِ ہدیہ لینے کے لئے کہا۔ میں کافی دیر تک کسی ایک کتاب کا تعین نہ کرسکا۔ وہ شاید میرے ذہن میں چلتے سوال کو بھانپ گئے اور خود انہوں نے وہیں قریب میں رکھی ابن قیم کی لاجواب کتاب "زاد المعاد فی ھدیِ خیر العباد” کو اٹھایا اور اپنی طرف سے متعین کر کے فیصلہ مجھ پر چھوڑ دیا۔ بالآخر زاد المعاد کا یہ اردو ترجمہ تین جلدوں پر مشتمل ایک عدد انہوں نے اپنے لئے خریدا اور ایک مجھے خرید کر عنایت فرمایا۔ جزاھم اللّٰه خیراً کثیراً واحسن الجزاء
مجھے کتاب کے ہدیہ وتحفے سے جس قدر خوشی ہوتی ہے، اتنی کسی اور چیز سے نہیں۔ اس لئے اس کتابی ہدیہ سے جو قلبی خوشی حاصل ہوئی زبان سے بیان نہیں کر سکتا۔ بس دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بھائی کی ہر نیک اور قلبی تمنا کی تکمیل فرمائے، ہر قسم کے شرور وفتن سے محفوظ رکھے اور دارین میں سعادتِ عظمیٰ سے نوازے, آمین یارب العالمین۔
۔______________________
29/ جمادی الاولی 1448ھ۔
مطابق 10/نومبر 2026ء منگل

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے