कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

رمضان المبارک اور قبولیتِ دعا کے قیمتی لمحات کی ناقدری

از قلم محمد سرور شریف ابنِ یوسف شریف
معلم مؤید المسلمین پرائمری اسکول و ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز پربھنی
9960451708

قارئین رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے۔ یہ وہ مبارک زمانہ ہے جس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، رحمتیں نازل ہوتی ہیں اور بندوں کو اپنے رب سے قریب ہونے کے بے شمار مواقع عطا کیے جاتے ہیں۔ مگر افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس بابرکت مہینے میں ہم بہت سے ایسے قیمتی لمحات کو غفلت اور بے توجہی کی نذر کر دیتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے دعا کی قبولیت کے لیے خاص فضیلت عطا فرمائی ہے، خصوصاً تہجد کے لمحات اور افطار کے قریب کا وقت۔
قارئین تہجد کا وقت وہ ساعت ہے جب ربّ کریم اپنے بندوں کی جانب خصوصی طور پر متوجہ ہوتا ہے، مگر رمضان میں بھی ہم اس قیمتی وقت کو نیند، موبائل فون یا غیر ضروری مصروفیات میں گزار دیتے ہیں۔ سحری کے لیے آنکھ تو کھلتی ہے، مگر چند لمحے اپنے رب سے ہم کلام ہونے کے لیے نہیں نکالے جاتے۔ افسوس کہ جس وقت آسمان سے رب تعالیٰ کی جانب سے منادی ندا لگاتا ہے، ہم اس آواز کو سننے سے قاصر رہتے ہیں۔
اسی طرح افطار سے قبل کے لمحات، جو دعا کی قبولیت کا نہایت اہم وقت ہے، وہ بھی ہماری افطار کی خریداری اور تیاری میں ضائع ہو جاتے ہیں جبکہ ہمیں افطار سے کچھ لمحے پہلے عاجزی و انکساری کے ساتھ دعا میں مشغول ہونا چاہیے، مگر ہم اس وقت موبائل فون، سوشل میڈیا اور غیر ضروری گفتگو میں مصروف نظر آتے ہیں۔ دسترخوان سجا ہوتا ہے، مگر دل دعا سے خالی ہوتا ہے۔
افطار پارٹیوں کا انعقاد ہوتا ہے، مگر تہجد اور افطار کے چند قیمتی لمحے، جو دراصل دعا کی قبولیت کا خزانہ ہیں، ہماری غفلت کی نذر ہو جاتے ہیں۔
یہ ناقدری صرف ایک لمحے کی نہیں، بلکہ ایک عظیم موقع کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ جو وقت ہمیں اللہ سے جوڑ سکتا تھا، وہ ہمیں دنیا میں الجھا دیتا ہے۔ جو لمحے ہماری تقدیر کو بھی دعا کے ذریعے بدل سکتے تھے، وہ ہماری لاپروائی کے باعث ضائع ہو جاتے ہیں۔
لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم رمضان المبارک کو صرف رسم و رواج کا مہینہ نہ بنائیں، بلکہ اسے روحانی بیداری اور خود احتسابی کا ذریعہ بنائیں۔ تہجد کے لیے چند لمحے نیند قربان کرنا، اور افطار سے پہلے چند منٹ دنیا سے کٹ کر ربّ کریم کے سامنے جھک جانا کوئی مشکل کام نہیں، بلکہ یہی وہ سرمایہ ہے جو دنیا و آخرت دونوں میں کام آئے گا۔ مختصر یہ کہ رمضان المبارک کے یہ بابرکت لمحات بار بار نصیب نہیں ہوتے۔ اگر ہم نے انہیں غفلت میں گزار دیا تو سوائے افسوس و پچھتاوے کے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور پتہ نہیں آئندہ رمضان ہمیں نصیب ہو نہ ہو۔ اس لیے آپ سے عاجزانہ التماس ہے اور گزارش ہے کہ رمضان المبارک کے ایک ایک لمحے کی قدر کریں، بالخصوص تہجد اور افطار کے لمحات کی قدر کریں اور ان اوقات میں اپنے پیارے رب اللہ سے اپنی ضرورتوں کا سوال کریں، بہت سارے لوگ ان اوقات کی قدر کرتے ہوئے عبادت اور دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں، امید ہے آپ بھی ہماری اس تحریر کو پڑھ کر عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اخلاص کے ساتھ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے