किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

معاشرے کے بگاڑ کی اہم وجہ والدین کی نافرمانی

ڈاکٹر محمد سعید اللہ ندوی

ماں باپ کی اطاعت و فرمانبرداری میں ہی کامیابی مضمر ہے۔ ماں باپ ہر ایک کیلئے انمول رہتے ہیں ، ان کی خدمت اور دل جوئی اولاد پر لازم ہے۔حقوق العباد میں سب سے مقدم حق والدین کا ہے۔ ان کے ساتھ حسن سلوک کرنے اوران کی خدمت کرنے کی بڑی تاکید قرآن مجید وحدیث میں آئی ہے۔ قرآن مجید میں مختلف مقامات پر والدین کے حقوق کاذکر آیا ہے۔ان میں اکثر مقامات ایسے ہیں جن میں اللہ کی توحید وعبادت اوروالدین کی خدمت واطاعت کوایک ساتھ بیان کیاگیا ہے۔ والدین بہت ہی محنت ومشقت سے اس وقت اولاد کی پرورش کرتے ہیں جس وقت انہیں اپنے سے کچھ کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی ہے۔ اس لیے اولاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ والدین کی تعظیم اور ان کی خدمت کریں، خاص طور پر جب والدین بیمار یا بوڑھے ہوجائیں تواس کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔والدین کی اطاعت میں ہی کامیابی کاراز مضمرہے۔
حدیث شریف میں آیا ہے کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے اورباپ جنت کادروازہ ہے۔ ہرمخلوق اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتی ہے، چاہے وہ انسان ہویا جنات حیوان ہو یا پرندہ ہو یا چرندہ بچے کاپہلا مکتب ماں کی گود ہے۔ وہ اولاد کی پیدائش سے پہلے بھی تکلیف اٹھاتی ہے اوربعد میں بھی۔ ہمارے اور آپ پر یہ فرض عائد ہوتاہے کہ والدین کادل کبھی نہ دکھائیں کیونکہ ماں کے منہ سے نکلی ہوئی دعا قبول ہوجاتی ہے تو خدا کی بارگاہ میں ان کی بددعابھی نہیں ٹالی جاتی ہے۔ والدین سے جب بھی گفتگو کرو تو نرم لہجے میں بہت سے لوگوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ والدین کو خاموش کردیتے ہیں اور خود چیخ چیخ کربولتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:’’تمہارے رب نے یہ فیصلہ کردیا ہے کہ تم صرف ایک خدا کی عبادت کرو اوروالدین کے ساتھ حسن سلوک کرو‘‘ان میں سے ایک یادونوں تمہاری موجودگی میں بڑھاپے کو پہنچ جائیں توانہیں اف بھی نہ کہو اور نہ جھڑکو ان سے ادب سے بات کرواوران کے آگے شفقت کے ساتھ عاجزی کا بازو جھکادو اوران کے لیے دعا کرو کہ:’’اے میرے رب ان دونوں پررحم فرما جس طرح بچپن میں انہوں نے مجھ پررحم فرمایا‘‘
والدین کی دعاؤں میں ہی انسان کی کامیابی کاراز چھپا ہوا ہے۔ جس شخص کے والدین اپنی اولاد سے خوش ہیں تو سمجھو کہ اس کی دنیا بن گئی اورآخرت بھی سنور گئی۔ اگروالدین ناراض ہوں تو دنیا بھی ہاتھ سے چلی گئی اور آخرت میں بھی خسارے کاسودا ہوگا۔ والدین وہ مشفق ہستی ہے جس کے بارے میں ہمارے پیارے نبیؐ ارشاد فرماتے ہیں کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے اورباپ جنت کادروازہ ہے۔ اگر تم والدین کی فرمانبرداری کرو گے تو یقینا خداوند کریم تمہیں جنت سے نوازے گا۔ ماں وہ ہستی ہے جس کا اب تک دنیا میں کوئی نعم البدل ہی نہیں ہے۔والدین کی اطاعت وفرمانبرداری سب رشتہ داری یہاں تک کہ اپنی بیوی یاشوہر اوربچوں سے بھی مقدم ہے۔ماں کی خدمت گذاری اور اطاعت سے ہی جنت کی راہ ملتی ہے۔ جس سے ماں خوش ہو وہ ہر مصیبت سے کوسو ں دور ہوتا ہے اورہر کامیابی دستک دیتی ہے کی چوکھٹ پر ماں کی خدمت میں جنت کی ضمانت ہے۔ کامیابی اور خوشنودی کی کنجی ماں کی فرمانبرداری میں ہے اور جس نے بھی ماں کا احترام کیااللہ کے فرمان کااحترام کیا ماں کاپیار دنیا کے تمام دکھوں، غموں، رنجشوں اورمصیبتوں کیلئے ایک بہتراورعظیم نسخہ نجات ہے۔ ماں جب اپنے بچے کے لیے دعا کرتی ہے تو ماں کی دعا اور اللہ تعالیٰ کے بیچ کوئی پردہ نہیں ہے اس لیے ماں کی دعا جلد ہی قبول ہوتی ہے۔
والدین نے اگراولاد کی تربیت اچھی کی ہے تو ایک نعمت ہے ورنہ یہ ایک فتنہ اور وبال بن جاتی ہے۔ دین وشریعت میں اولاد کی تربیت کے لیے ایک فریضہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ کیونکہ جس طرح والدین کے اولاد پر حقوق ہیں اسی طرح اولاد کے والدین پر حقوق ہیں اور جیسے اللہ تعالیٰ نے ہمیں والدین کے ساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے ایسے ہی اس نے ہمیں اولادکے ساتھ احسان کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ان کے ساتھ احسان اور ان کی بہترین تربیت کرنا دراصل امانت صحیح طریقے سے ادا کرنا ہے اوران کو آزاد چھوڑنا اور ان کے حقوق میں کوتاہی کرنا دھوکہ اور خیانت ہے۔ کتاب وسنت کے دلائل میں اس بات کا واضح حکم ہے کہ اولاد کے ساتھ احسان کیا جائے۔ ان کی امانت کوادا کیا جائے ، ان کوآزاد چھوڑنے اوران کے حقوق میں کوتاہیوں سے بچا جائے۔کیونکہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت اولاد بھی ہے۔ اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اگر اولاد کی صحیح تربیت کی جائے تو وہ آنکھوں کا نور اور دل کا سرور بھی ہوتی ہے۔ لیکن اگر اولاد بگڑ جائے اور اس کی صحیح تربیت نہ کی جائے تو وہی اولاد آزمائش بن جاتی ہے۔
لہٰذا ہمیںچاہیے کہ ہم والدین کے ساتھ حسن سلوک کریں،ان کے سامنے صرف دو وقت کی روٹی رکھ دینا ہی حسن سلوک نہیں ہے بلکہ والدین کی اطاعت، فرماں برداری بھی ہم پر لازم ہے۔والدین کی دعائیں کامیابی کا زینہ ہیں جس کی بدولت ہم ایک کامیاب انسان بن کر ملک وقوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ہمیں یہ یاد رکھناچاہیے کہ والدین کی ناراضگی وقتی ہوتی ہے اور ہمارے اس عملی مظاہرہ سے والدین کے دل میں ہماری جگہ بن جائے گی اور ان کی شفقت و محبت میں مزید بہتری آئے گی۔ ہماری تقلید میں چھوٹے بہن بھائی اور گھر کے دیگر افراد بھی ہمارے نقش قدم پر چلیں گے۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے