कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

عالم عرب اور عالم اسلام قبلہ اول کے تحفظ کی ذمہ داری اٹھائیں: شیخ عکرمہ صبری

مقبوضہ بیت المقدس:22؍اگست:قبلہ اول کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے عالم عرب اور عالم اسلام کے حکمرانوں، نظاموں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصی کو قابض اسرائیل کی جارحیت اور خطرناک سازشوں سے تحفظ فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔استنبول میں مسجد اقصی کو نذرآتش کرنے کے المناک سانحے کی 56ویں برسی کے موقع پر ایک ویڈیو خطاب میں الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ مسجد اقصی ہم سب کی امانت ہے اور کوئی بھی اس عظیم ذمہ داری سے پہلو تہی نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کھلی بدعنوانی ہے اور جرائم کی نہ ختم ہونے والی لڑی ہے جس میں صہیونی آبادکاروں کے دھاوے اور کھدائیوں کا سلسلہ شامل ہے۔الشیخ صبری نے بتایا کہ قابض اسرائیل نے 1969 میں مسجد اقصی کو آگ لگانے کے لیے نہایت تیز آتش گیر مواد استعمال کیا اور آگ بجھانے والی ٹیموں کو روک کر شعلوں کو پھیلنے دیا۔ادھر اس موقع پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ مسجد اقصی کو نذرآتش کرنے کا جرم اور دشمن کے دیگر جرائم و سازشیں جو مسجد اقصی کی شناخت اور تاریخ کو مٹانے کے لیے رچائی جاتی ہیں۔ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ صہیونی دشمن اور اس کی فاشسٹ حکومتیں خواہ جتنی بھی کوشش کر لیں مسجد اقصی کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں جما سکتیں۔ یہ جنگ خواہ طویل ہو جائے اور قربانیاں کتنی ہی بڑھ جائیں۔حماس نے واضح کیا کہ القدس اور مسجد اقصی ہمیشہ صہیونی دشمن کے ساتھ معرکے کا مرکز رہیں گے۔ یہ ہمارے عوام اور امت کی وحدت کی علامت ہیں اور اہل القدس و مرابطین کے ساتھ دفاع و یکجہتی کا محور ہیں۔ ان کا تحفظ اور نجات ہر قیمت پر ہماری ذمہ داری ہے۔حماس نے دوٹوک کہا کہ مسجد اقصی پر قابض اسرائیل کی کوئی حاکمیت اور کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے۔ منظم دھاوے، مسلسل ناپاکی اور تقسیم زمانی و مکانی کی تمام کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔ مسجد اقصی کی شناخت ہمیشہ خالص اسلامی رہے گی اور پوری امت اسلامیہ کے دلوں کا مرکز بنی رہے گی۔حماس نے خبردار کیا کہ قابض اسرائیل کی سازشیں اور لالچ فلسطین کی تاریخی سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ عرب ریاستوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ یہی وہ خطرناک سوچ ہے جسے جنگی مجرم بنجمن نیتن یاھو نے گریٹر اسرائیل کا نام دیا ہے۔ یہ فاشسٹ صہیونی وجود پورے خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لیے حقیقی خطرہ ہے۔ اس کی سرکشی اور درندگی روکنے کے لیے سنجیدہ عالمی اقدام اور اس کے جرنیلوں کو جنگی مجرموں کے طور پر کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔حماس نے زور دیا کہ امت مسلمہ کے حکمران، عوام اور تنظیمیں اپنی تاریخی ذمہ داری نبھائیں، فلسطینی عوام اور مزاحمت کی پشت پناہی کریں، اپنی صفوں کو یکجا کریں اور بھرپور جدوجہد کے ذریعے مسجد اقصی کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔حماس نے اہل القدس، مقبوضہ فلسطین کے عوام اور پورے مغربی کنارے کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسجد اقصی کا رخ کریں، وہاں رباط و اعتکاف کریں اور انتہا پسندوں کی یلغار کو ناکام بنائیں۔ساتھ ہی حماس نے امت مسلمہ اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں کو دعوت دی کہ وہ ہر شہر اور ہر میدان میں فلسطین کے ساتھ عوامی یکجہتی جاری رکھیں۔ خاص طور پر جمعہ 22 اگست اور اس کے بعد کے دنوں کو بھرپور احتجاج اور یکجہتی کے لیے وقف کریں۔ اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی کو مضبوط کریں اور قابض اسرائیل کے قتل عام، نسل کشی، محاصرے اور قحط کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں، یہاں تک کہ جارحیت رکے، بارڈر کھلیں اور انسانی امداد غزہ میں داخل ہو سکے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے