कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

گھر جانے کا لطف جو صرف مسافرِ مدرسہ جانتے ہیں

خامہ بکف محمد عادل ارریاوی

آج مدرسہ میں بقرہ عید کی تعطیلات کا اعلان ہوا تو گویا طلبہ کے دل خوشی سے جھوم اٹھے ہر طالبِ علم کے چہرے پر ایک الگ ہی مسکراہٹ نمایاں تھی آنکھوں میں خوشی کی چمک تھی اور دل میں گھر پہنچنے کی بےتابی سب اپنے اپنے سامان کے ساتھ نہایت خوشی و مسرت کے عالم میں اپنے وطن اپنے گھر اپنے پیاروں کی جانب رواں دواں ہیں۔ کوئی جلدی میں ہے کوئی دوستوں سے مل رہا ہے کوئی سفر کی تیاری میں مصروف ہے مگر ہر ایک کے دل میں ایک ہی جذبہ موجزن ہے کہ اب کچھ دن اپنے والدین بھائی بہن اور اہلِ خانہ کے ساتھ گزارنے کو ملیں گے۔
واقعی گھر جانے کی خوشی ایک ایسی نعمت ہے جسے الفاظ میں مکمل طور پر بیان کرنا آسان نہیں۔ مدرسہ کی مصروف زندگی سبق تکرار امتحانات اور ذمہ داریوں کے درمیان جب گھر واپسی کا موقع ملتا ہے تو دل کو ایک عجیب سا سکون محسوس ہوتا ہے۔ انسان سوچتا ہے کہ اب ماں کی محبت بھری آواز سننے کو ملے گی والد کی شفقت نصیب ہوگی بھائی بہن کے ساتھ ہنسی مذاق اور خوشگوار لمحے میسر آئیں گے۔ گھر کی وہ فضا وہ اپنائیت وہ محبتیں اور وہ بےفکری انسان کے دل کو ایک نئی تازگی بخش دیتی ہیں۔
جب مدرسہ سے گھر کی جانب سفر شروع ہوتا ہے تو راستے بھر کتنی ہی یادیں ذہن کے دریچوں پر دستک دینے لگتی ہیں۔ ماں کے ہاتھوں کے کھانے یاد آنے لگتے ہیں والدین کی دعائیں ان کی نصیحتیں بہن بھائیوں کی باتیں گھر کے چھوٹے چھوٹے لمحات سب کچھ نگاہوں کے سامنے گھومنے لگتا ہے۔ انسان سفر میں ہوتے ہوئے بھی ذہنی طور پر اپنے گھر کے آنگن میں پہنچ جاتا ہے۔ دل بار بار یہی سوچتا ہے کہ کب گھر پہنچیں گے اور کب اپنے عزیزوں سے ملاقات ہوگی۔
یہ احساس یہ خوشی یہ بےچینی اور یہ لطف حقیقت میں وہی لوگ بہتر سمجھ سکتے ہیں جو ہاسٹل یا مدارس کی زندگی گزارتے ہیں۔ جو اپنے گھر سے دور رہتے ہیں وہی جانتے ہیں کہ مہینوں بعد گھر لوٹنے کی خوشی کیا ہوتی ہے والدین سے ملنے کا احساس کیسا ہوتا ہے اور اپنے لوگوں کے درمیان بیٹھنے کا سکون کتنا قیمتی ہوتا ہے۔ اس سفر کا مزہ اس انتظار کی کیفیت اور اس ملاقات کی خوشی کا اپنا ہی ایک الگ رنگ ہوتا ہے۔
اللہ ربّ العزت سے دل کی گہرائیوں کے ساتھ دعا ہے کہ وہ تمام طلبہ اساتذہ،ل والدین اور تمام اہلِ اسلام کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے سب کی زندگیوں کو مسکراہٹوں سے آباد فرمائے ہر قدم پر کامیابی و کامرانی نصیب فرمائے والدین کا سایہ سلامت رکھے گھروں میں محبتیں برکتیں اور رحمتیں عطا فرمائے اور ہم سب کو اپنی رضا والے راستے پر چلنے کی توفیق دے۔
آمین ثم آمین یارب العالمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close