कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار کی علمی رہنمائی کا ایک اور سنگِ میل۔ بیک وقت دو ریسرچ اسکالرز نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، تحقیقی مقالے ایوارڈ کے لیے نامزد

سولاپور: 10 اگست (راست) : اردو زبان و ادب کی علمی و تحقیقی دنیا میں سولاپور سے ایک خوش آئند اور قابلِ ذکر خبر سامنے آئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار کی علمی و تحقیقی رہنمائی میں اردو پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر، سوشل کالج سولاپور کے دو ریسرچ اسکالرز نے بیک وقت اپنی تحقیقی کاوشوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی نے نہ صرف دونوں محققین کے علمی سفر کو ایک نئی منزل عطا کی بلکہ سولاپور کے تحقیقی و ادبی افق پر بھی ایک خوشگوار اور قابلِ فخر اضافہ کیا ہے۔اُردو پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر، سوشل کالج سولاپور کے ماتحت پُنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر سولاپور یونیورسٹی میں منعقدہ اوپن ڈیفنس وائوا کے دوران سید عبدالحنان ہلال الدین (سمبھاجی نگر، اورنگ آباد) اور محمد آصف عبدالرحیم (جالنہ) نے بالترتیب اپنے تحقیقی مقالے ’’شاہ حسین نہری: شخصیت اور ان کی شاعری کا مطالعہ‘‘ اور ’’اردو زبان و ادب کے فروغ میں انفارمیشن، کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کا کردار‘‘ پیش کیے۔یہ دونوں موضوعات اپنی نوعیت کے اعتبار سے اُردو تحقیق کے دو مختلف مگر اہم گوشوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ایک طرف شاہ حسین نہری کی شخصیت اور شاعری کے تحقیقی و تنقیدی مطالعے کے ذریعے اردو شعری روایت کے ایک اہم پہلو کو اجاگر کیا گیا، تو دوسری جانب انفارمیشن، کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں اُردو زبان و ادب کے فروغ کے امکانات اور کردار کا جائزہ پیش کیا گیا۔ یوں دونوں تحقیقات نے روایت اور عہدِ حاضر کے درمیان ایک بامعنی علمی رشتہ قائم کرنے کی کوشش کی۔ اوپن ڈیفنس وائوا کے خارجی ممتحین ڈاکٹر طیب علی خرادی (چنئی) اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرّب اُستاد (گلبرگہ) نے اپنی شرکت سے اس وائوا کو مزیدعلمی ، ادبی اور تحقیقی رنگ و آہنگ بخشا۔ وائوا کی صدارت ڈاکٹر ، ای۔ جا۔ تنبولی نے کی۔ علمی سنجیدگی، تحقیقی معیار اور خوش گوار علمی ماحول میں منعقد ہونے والا یہ وائوا کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔دونوں ریسرچ اسکالرز نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انداز میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے اپنے تحقیقی مقالوں کا جامع خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے موضوعات کے بنیادی نکات، تحقیقی نتائج اور اہم مشاہدات کو مؤثر انداز میں شرکائے وائوا کے سامنے رکھا۔ بعد ازاں موضوع کے ماہرین اور وائوا میں شریک اساتذہ و محققین کی جانب سے مختلف علمی و تحقیقی سوالات کیے گئے، جن کے دونوں اسکالرز نے مدلل، مطمئن اور تشفی بخش جوابات دیے۔وائوا کے چیئرمین ڈاکٹر ای۔ جا۔ تنبولی نے اپنے صدارتی خطاب میں دونوں تحقیقی مقالوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان کی علمی و تحقیقی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے دونوں مقالوں کو ان کے تحقیقی معیار کے پیشِ نظر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا۔ یہ اعزاز دونوں محققین کی محنت، تحقیقی ذوق اور ان کے گائیڈ کی مسلسل علمی رہنمائی کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ریسرچ گائیڈ، صدرِ شعبۂ اردو اور کوآرڈینیٹر اردو پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کرنل پروفیسر ڈاکٹر پرکاش مہانور، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لکشمی کانت داما، یونیورسٹی کے تمام انتظامی عملے، اردو پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر کے ناظم اور وائوا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ،ای۔ جا۔ تنبولی کا شکریہ ادا کیا اور اس علمی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا۔
آٹھ اسکالرز پی ایچ ڈی کی منزل تک پہنچے :
یہاں یہ بات خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار کی زیرِ رہنمائی اب تک آٹھ ریسرچ اسکالرز پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔ اردو تحقیق کے میدان میں یہ تعداد ان کی مسلسل علمی سرگرمی، تحقیقی بصیرت اور محققین کی تربیت کے لیے ان کی سنجیدہ کاوشوں کی عکاس ہے۔ ان کی رہنمائی میں تیار ہونے والے تحقیقی کام نہ صرف مختلف موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں بلکہ اردو زبان و ادب کے بدلتے ہوئے علمی منظرنامے سے بھی ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔بلاشبہ کسی بھی زبان و ادب کی ترقی کا سفر محض تخلیقی اظہار سے مکمل نہیں ہوتا، اس کے لیے مضبوط، معیاری اور عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق بھی ناگزیر ہے۔ اس اعتبار سے سوشل کالج سولاپور کا اردو پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر اور پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار کی تحقیقی رہنمائی اردو کے نئے محققین کے لیے ایک اہم علمی مرکز کی حیثیت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔دونوں ریسرچ اسکالرز کی اس نمایاں علمی کامیابی پر اردو ادب سے وابستہ اساتذہ، محققین، طلبہ اور ادبی حلقوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں نئے پی ایچ ڈی اسکالرز اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اردو زبان و ادب کے علمی سرمائے میں مزید گراں قدر اضافہ کریں گے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے