कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

پاسبانِ وقت

تحریر: فضیل اختر قاسمی بھیروی
خادم التدریس دارالعلوم رحیمیہ پیلیر آندھراپردیش

زندگی کی رفتار اتنی تیز ہے کہ اگر انسان ذرا بھی غافل ہو جائے تو ہجومِ روزگار میں اس کا سب سے قیمتی سرمایہ ریت کی طرح انگلیوں سے پھسل جاتا ہے۔ جس طرح ایک ممسک اپنے مال و متاع کا ذرہ ذرہ گن کر رکھتا ہے اور دودھ میں گری مکھی تک کے پروں سے اپنا حق وصول کیے بغیر اسے جانے نہیں دیتا، بالکل اسی طرح ہر باشعور شخص کو اپنے شب و روز کی حفاظت میں انتہا درجے کا کڑوا بننا پڑتا ہے۔ یہ دنیا وقت کے رہزنوں سے بھری پڑی ہے؛ کوئی بے مقصد باتوں کے بھیس میں آتا ہے تو کوئی غیر ضروری مجلسوں کی صورت میں، اور دونوں ہاتھوں سے وہ خزانہ لوٹ کر لے جاتا ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ عرب کے دانا نے کیا خوب کہا تھا:
وَالْوَقْتُ أَنْفَسُ مَا عُنِيتَ بِحِفْظِهِ
وَأَرَاهُ أَسْهَلَ مَا عَلَيْكَ يَضِيعُ
ترجمہ: "وقت وہ سب سے قیمتی چیز ہے جس کی حفاظت کی تم نے فکر کی، مگر میری نظر میں یہی وہ چیز ہے جو تمہارے ہاتھ سے سب سے آسانی سے ضائع ہو جاتی ہے۔”
اپنے اوقات کی سرحدوں پر خود پہرہ بٹھانا پڑتا ہے۔ غفلت کی نیند سونا اور ہاتھوں کو بیکار چھوڑ دینا درحقیقت خود اپنے وجود کے خلاف بغاوت ہے۔ وہ جو گھڑیوں کو فضول مشغلوں میں بہا دیتے ہیں، وہ بعد میں صرف پچھتاوے کی خاک اڑاتے رہ جاتے ہیں؛ کیونکہ:
گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں
صدا عیش دوراں دکھاتا نہیں
سچی بات تو یہ ہے کہ انسان کا وقار اور اس کا وجود عمل سے ہی قائم ہے۔ ہر گھڑی کچھ نہ کچھ کرتے رہنا، ذہن کو فعال رکھنا اور ہاتھوں کو تخلیق یا جدوجہد سے جوڑے رکھنا ہی زندہ ہونے کی دلیل ہے۔
سستی اور بے عملی ایک ایسا زہر ہے جو انسان کی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے۔ جو شخص اپنے دن کا حساب اپنے ضمیر کے روبرو پیش کرنے کے قابل نہیں، وہ کبھی بلند منزلوں کو چھو نہیں سکتا۔ ہر گزرتی سانس کے ساتھ یہ سوال وابستہ ہونا چاہیے کہ اس نے کتنا فہم، کتنا عمل اور کتنی پیش رفت اپنے دامن میں سمیٹی۔ جب تک انسان اپنے وجود کو سرگرمی کی بھٹی میں تپاتا نہیں، تب تک وہ کندن نہیں بنتا۔ کامیابی آسمان سے اترنے والا کوئی اچنبھا نہیں، بلکہ اپنے سانسوں پر قابو پانے اور ہر وقت کو عمل میں ڈھال دینے کی مسلسل ریاضت کا نام ہے:
کچھ نہ کچھ کرتے رہو کچھ نہ کرنا بڑی خرابی ہے
کامیابی کوئی اور چیز نہیں، کام کرنا ہی کامیابی ہے
جو اپنے ایک ایک قطرے کی حفاظت جانتا ہے، تاریخ اسی کے دریاؤں کو منزل تک پہنچاتی ہے۔

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے