कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

والدین اپنے بچوں کے لیے بڑے خواب دیکھیں اور انہیں روزانہ وقت دیں : تنویر منیار

سوشل اردو پرائمری اسکول میں والدین سے اردو میڈیم کی تاریخی شخصیت تنویر منیار کا خطاب
اپنے بچوں کو مادری زبان میں بنیادی تعلیم دیں: ڈاکٹر آصف اقبال

سولاپور :6؍اگست(اِقبال باغبان ) : سولاپور سوشل اسوسی ایشن اردو پرائمری اسکول میں تعلیمی سال2026-27 کے پہلے والدین سرپرست اجلاس میں، اردو مدارس میں 1997ء میں دہم جماعت کی پورے مہاراشٹر کی میرٹ لسٹ میں اول مقام پانے والی تاریخی شخصیت تنویر منیار نے خصوصی خطاب کیا۔ آپ گزشتہ کئی سالوں سے انگلینڈ میں مقیم ہیں اور ان دنوں اپنے ذاتی سفر پر ہندوستان تشریف لائے ہوئے ہیں۔ تنویر منیار سوشل اردو پرائمری اسکول کے سابق طالب علم ہیں، جبکہ بارہویں جماعت تک آپ نے سوشل اسکول ہی سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔ آپ کو شروعات سے ہی اپنی مادرِ علمی سے ایک دلی لگاؤ ہے۔ سوشل اردو پرائمری اسکول میں ہر سال والدین سرپرست اجلاس بہت توجہ اور اہتمام سے منعقد کیا جاتا ہے۔
صدر مدرس ڈاکٹر آصف اقبال نے آئے ہوئے سبھی والدین اور مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے والدین کی رہبری کی اور کہا کہ،’’بچے ہماری سب سے بڑی دولت ہیں۔ بچوں کی بنیادی تعلیم پر ایک مشن کے تحت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سبھی والدین اسکول، کلاس ٹیچر اور ہیڈ ماسٹر سے رابطے میں رہیں، وقت کی پابندی، صفائی کا خیال اور بچوں کے مستقبل کو لے کر ہمیشہ مشورہ کرتے رہیں۔‘‘
آپ نے مزید کہا کہ انسان کا دماغ زندگی بھر سوچنے سمجھنے کا کام مادری زبان میں کرتا ہے، اس لیے بچے کی بنیادی تعلیم مادری زبان میں ہی ہونی چاہیے۔ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے بہت جلد اپنی زندگی میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ہم سب کے لیے خوش نصیبی ہے کہ آج تعلیمی میدان کی ایک اہم شخصیت تنویر منیار ہمارے درمیان موجود ہیں۔ وہ اپنے تجربات کی روشنی میں ہم سے مخاطب ہوں گے اور ہمیں ان کی رہبری حاصل ہوگی۔
ادارے کے رکن امتیاز شیخ نے بنیادی تعلیم میں ماں باپ کے کردار پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماں باپ اپنے بچوں کی تعلیمی منصوبہ بندی بہت سوچ سمجھ کر کریں۔ آج سوشل میڈیا اور موبائل نے بچوں کی زندگی کو منتشر کر دیا ہے، اس لیے ہمیں بہت زیادہ چوکس رہتے ہوئے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
تنویر منیار نے اپنے خطاب میں بتایا کہ معیاری تعلیم ہماری زندگیوں میں انقلاب لا سکتی ہے، بشرطیکہ ماں باپ اپنے بچوں کو وقت دیں۔
> اپنے بچوں کے لیے بڑے خواب دیکھیں؛ انہیں روزانہ صبح 7 منٹ، دوپہر میں یا اسکول سے آنے کے بعد 7 منٹ، اور رات میں سونے سے پہلے 7 منٹ دیں۔ اس طرح تمام پیرنٹس اگر روزانہ 21 منٹ اپنے بچوں کو دیں گے، تو بچے بہت پراعتماد (کانفیڈنٹ) اور ذمہ دار بن کر اپنے تعلیمی مشن کو پورا کریں گے۔
>آپ نے مزید مثالوں سے بہت سہل انداز میں والدین کی رہبری کی اور حکیم لقمان کی اپنے بیٹے کو کی گئی نصیحت کو بڑے پیارے انداز میں بیان کیا۔ اجلاس کے دوران والدین نے بہت سے سوالات تنویر منیار سے پوچھے اور انہوں نے ان کے تسلی بخش جوابات دیے۔
والدیں ۔ استاذہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور معروف صحافی ضمیر شیخ نے سبھی تقاریر کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی بات رکھی اور اسکول کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے دیے گئے مشوروں پر مل جل کر کام کرنے کا یقین دلایا۔ آپ نے اساتذہ کی محنت کو بھی خوب سراہا۔
ضمیر شیخ نے مزید کہا کہ اگر تعلیمی میدان میں یا کہیں بھی کوئی غلط چیز یا ناانصافی نظر آتی ہے، تو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ ہم ظلم اور ناانصافی کے خلاف ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیں گے اور انصاف کی کوشش کریں گے۔
معیز سراج احمد نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ عرفان پٹیل نے شکریہ ادا کیا۔ سبھی والدین نے میٹنگ کے انعقاد پر اطمینان ظاہر کیا اور اسکول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش میں ساتھ دینے کا یقین دلایا۔جماعت کے لحاظ سے روزانہ ہونے والی میٹنگوں میں نو منتخب کلسٹر ہیڈ سہیل نائیک، امتیاز شیخ، ایڈوکیٹ شاہ بھائی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی رہبری کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا.ایک اچھے تاثر کے ساتھ میٹنگ کا اختتام ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے