कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مہاراشٹر کے ایجوکیشن سکریٹری رنجیت سنگھ دیول سے اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی اہم میٹنگ

اساتذہ کے مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال

ممبئی :26؍اکتوبر(نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف پربھنی ) ریاست مہاراشٹر کے نجی پرائمری اسکولوں، ہائی اسکولوں، جونیئر و سینئر کالجوں اور مقامی خود اختیاری اداروں کے تحت چلنے والے اسکولوں کے مختلف اہم مسائل کے حل کے لیے اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138 کے بانی ساجد نثار احمد، ہائی اسکول ریاستی کارگزار صدر شوکت مہاٹے، محمد فیض، توفیق شیخ اور ڈاکٹر ذاکر نے منترالیہ میں ریاستی محکمۂ اسکولی تعلیم کے سکریٹری رنجیت سنگھ دیول سے اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں تنظیم کی جانب سے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے مختلف مسائل پیش کیے گئے، جن پر سکریٹری نے متعلقہ امور میں فیصلے اور کارروائی کی یقین دہانی کرائی،تنظیم نے 20 فیصد اضافی گرانٹ سے متعلق حکومتی فیصلہ دسمبر میں جاری کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر سکریٹری نے وزیرِ تعلیم سے مشورہ کرکے فیصلہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ دیوالی کی تعطیلات کے دوران ورشٹھ اور نیوڈ شرینی کی تربیت منعقد نہ کرنے کے مطالبے پر بتایا گیا کہ تربیتی پروگرام کی تیاری گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے اور آخری مرحلے میں ہے، تاہم متعلقہ افسران سے مشورہ کیا جائے گا،تنظیم نے اقلیتی تعلیمی اداروں میں 100 فیصد اساتذہ کی بھرتی کی اجازت سے متعلق حکم نامہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر ایک ماہ کے اندر حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پوتر پورٹل کے ذریعے اردو میڈیم اساتذہ کی بھرتی کے لیے کنورٹڈ راؤنڈ فوری شروع کرنے کے مطالبے پر سکریٹری نے ایجوکیشن کمشنر مہندر پرتاپ سنگھ سے فون پر رابطہ کرکے نومبر کے وسط میں راؤنڈ شروع کرنے کی ہدایت دی۔ فیز ٹو میں اردو میڈیم کی زیادہ سے زیادہ خالی آسامیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کے مطالبے پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ نے شکشن سیوک کے اعزازی مشاہرے میں اضافے اور شکشکن سیوک معیاد کی مدت کم کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔ اس سلسلے میں سکریٹری نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے اور زیرِ التوا عدالتی معاملات کا جائزہ لے کر سرمائی اجلاس سے قبل فیصلہ لینے کی کوشش کی جائے گی۔میٹنگ میں ایس آئی ٹی (SIT) کی جانچ کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ بے ضابطگیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، لیکن جن اساتذہ کے تمام دستاویزات درست ہیں، انہیں بار بار پرانے کاغذات جمع کرانے کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔ جانچ کے نام پر اساتذہ میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور دفتر میں پہلے سے موجود دستاویزات دوبارہ اساتذہ سے طلب کرنے کے عمل پر روک لگانے کی ضرورت بھی پیش کی گئی۔ سکریٹری رنجیت سنگھ دیول نے یقین دلایا کہ بے قصور اساتذہ کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، تاہم قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تنظیم نے ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں تبادلہ ہونے والے اردو اساتذہ کے لیے پسماندہ طبقات کے امیدوار دستیاب نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ آسامیوں کو جنرل زمرے میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر سکریٹری نے فیصلہ کیا کہ متعلقہ فائل پر دستخط کرکے اسے دو دن کے اندر متعلقہ محکمہ کو بھیج دیا جائے گا۔یکم نومبر 2005 سے قبل منتخب ہونے والے تقریباً 32 ہزار اساتذہ کو پرانی پنشن اسکیم (Old Pension Scheme) کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں بتایا گیا کہ فائل پر وزیرِ اعلیٰ کے دستخط باقی ہیں اور اس معاملے میں حتمی فیصلہ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے لیا جائے گا۔اس کے علاوہ اقلیتی تعلیمی اداروں کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سمیت دیگر مسائل پر بھی گفتگو ہوئی اور متعلقہ امور میں کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138 نے امید ظاہر کی کہ میٹنگ میں زیرِ بحث آنے والے مسائل پر مقررہ مدت میں عملی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ریاست کے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے