कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مرحوم بشیر پرواز کی ادبی و تعلیمی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں : عمر خان بیریا

سولاپور اردو گھر میں معروف شاعر و ادیب بشیر پرواز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی تقریب کا انعقاد

سولاپور :13؍ستمبر(اقبال باغبان): سولاپورکے معروف شاعر، صحافی، ڈراما نگار اور معلمِ ادب مرحوم بشیر پرواز کی یاد میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سولاپور اردو گھر میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ تقریب کل ہند اردو ادبی کانفرنس، سولاپور کے صدر عمر خان بیریا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام سولاپور اردو گھر ثقافتی کمیٹی کی جانب سے، رکنِ اردو گھر ڈاکٹر ہارون رشید باغبان کی نگرانی میں کیا گیا۔تقریب میں شہر کے علمی، ادبی، تعلیمی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کے علاوہ مرحوم بشیر پرواز کے اہلِ خانہ نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز رکنِ اردو گھر محمد ایاز نے مرحوم کی معروف مناجات ’’عزمِ محکم عطا کر خدایا‘‘ خوش الحانی سے پیش کیا، جسے سن کر محفل پر رقت طاری ہوگئی۔ بعد ازاں رکنِ اردو گھر ڈاکٹر سمیہ باغبان نے مرحوم کی مشہور نعت اپنے مخصوص انداز میں پیش کرکے محفل کو مسحور کردیا۔اس موقع پر رکنِ اردو گھر ڈاکٹر آصف اقبال، بزمِ غالب کے ذمہ دار محمد حنیف بخشی، بزمِ غالب کے سابق صدر شہاب الدین چتاپورے، سابق ناظمِ اردو گھر راجا باغبان، اکھل بھارتیہ مسلم مراٹھی ساہتیہ پریشد کے سیکریٹری اور سینئر صحافی ایوب احمد نلامندو، بزمِ غالب کے ذمہ دار شفیع کیپٹن، سابق صدرِ مدرس ڈاکٹر سراج مومن، بزمِ غالب کے سابق بورڈ آف ڈائریکٹر اشفاق زید، بی۔کیو۔کے جونیئر کالج کے لکچراور معروف ادیب ڈاکٹر عبدالرشید شیخ، گلبرگہ سے تشریف لائے شاعر و ’’گھومتا آئینہ‘‘ کے مدیر چاند اکبر، جماعتِ اسلامی کے فعال رکن ڈاکٹر اسماعیل اور میر افضل نے مرحوم بشیر پرواز کی شخصیت، ادبی خدمات اور ان سے وابستہ اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے تاثرات پیش کیے۔صدارتی خطاب میں عمر خان بیریا نے مرحوم بشیر پرواز کے انتقال کو ’’ایک عہد کا اختتام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی علمی، ادبی، تعلیمی اور صحافتی خدمات کے ذریعے سولاپور کے ادبی منظرنامے پر ایک نمایاں اور دیرپا نقش چھوڑا۔ انہوں نے مرحوم کے ساتھ کل ہند اردو ادبی کانفرنس سے وابستہ اپنی یادوں کو بھی تازہ کیا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کی نظامت کنوینر و رکنِ اردو گھر ڈاکٹر ہارون رشید باغبان نے انجام دی۔اختتام پر رکنِ اردو گھر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار نے صدرِ جلسہ، تمام مقررین، مرحوم کے اہلِ خانہ، اردو گھر کے منتظمین اور ممبئی سے تعزیتی پیغام ارسال کرنے والی سولاپور کی معروف فلمی شخصیت اکبر سولاپور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان اہلِ قلم حضرات کا بھی خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا جنہوں نے مرحوم بشیر پرواز کی حیات و خدمات پر ’’صدائے مہاراشٹر‘‘،’’گھومتا آئینہ‘‘ اور’’انقلاب‘‘ میں مضامین اور نظمیں شائع کرکے ان کی ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ان اہلِ قلم میں ممبئی کے معروف ڈراما نگار مجیب خان، پونہ کے سید سعید احمد، اردو گھرکے فعال رکن محمود نواز، ڈاکٹر ہارون رشید باغبان، ڈاکٹر آصف اقبال، سولاپور کے عالمی شہرت یافتہ شاعر طالب سولاپوری، مرحوم کے سابق طالب علم شری وردھن، رائے گڑھ میں مقیم اظہر کردَمی اور مرحوم کے برادر و سولاپور کے معروف شاعر میر افضل قابلِ ذکر ہیں۔ تعزیتی تقریب میں مقررین نے مرحوم بشیر پرواز کی علمی، ادبی، تدریسی اور صحافتی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال سے پیدا ہونے والے ادبی خلا پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے