कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

فیض کیمپس میں سالانہ جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا شاندار انعقاد

پانچ روز تک مختلف سیرتی مقابلوں کا انعقاد، مرکزی جلسے میں طلبہ نے پیش کیں شاندار پیشکشیں

پربھنی: 14؍ستمبر(ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف )فیض کیمپس میں سالانہ جلسۂ سیرت النبی ﷺ نہایت جوش و خروش، عقیدت اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس موقع پر شہر کے ممتاز علماء کرام، ماہرینِ تعلیم، سماجی کارکنان، سرپرستانِ طلبہ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ نے خصوصی شرکت کی۔فیض کیمپس کے پرائمری اسکولوں میں سوسائٹی کی نگرانی اور رہنمائی میں گزشتہ پانچ روز سے جماعتی سطح، اسکولی سطح اور مدرسہ سطح پر سیرت النبی ﷺ سے متعلق مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔ ان مقابلوں میں تقریری مقابلہ، نعت، سیرت کوئز، تحریری مقابلہ، اذان اور دیگر دینی و تعلیمی مقابلے شامل تھے۔ طلبہ نے ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ان تمام مقابلوں کے بعد مرکزی سطح پر سالانہ جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنی مختلف پیشکشوں کے ذریعے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔پروگرام کی صدارت حضرت علامہ مولانا مفتی خلیل الرحمن قاسمی صاحب، ناندیڑ نے فرمائی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے اسلام میں خواتین کی عزت، ان کے مقام اور مرتبے پر خصوصی روشنی ڈالی۔انہوں نے فرمایا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، احترام اور حقوق کا ایک باوقار مقام عطا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ قرآنِ پاک میں خواتین سے متعلق ’’سورۃ النساء‘‘ کے نام سے مکمل سورت موجود ہے، جو اسلام میں خواتین کے حقوق اور ان کے سماجی و خاندانی مقام کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔مفتی خلیل الرحمن صاحب نے فرمایا کہ ماں، بہن، بیٹی اور بیوی—ہر رشتے کی عزت اور قدر کرنا ضروری ہے۔ جب گھر میں خواتین کو احترام دیا جائے گا، ان کے حقوق کا خیال رکھا جائے گا اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے گا، تب ہی گھر کا ماحول بہتر ہوگا اور آنے والی نسل کی صحیح تربیت ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اچھی نسل کی بنیاد اچھے گھر اور اچھی تربیت پر ہوتی ہے۔ اس لیے ماں کی گود سے لے کر پورے خاندانی ماحول تک بچوں کی دینی، اخلاقی اور انسانی تربیت پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔اس موقع پر شہر کے ممتاز علماء کرام کے علاوہ ڈاکٹر ظفر اقبال صاحب، معراج صدیقی صاحب، قاضی ندیم صاحب اور حافظ اسعد صاحب کی خصوصی شرکت رہی۔ ان معزز شخصیات کی موجودگی سے پروگرام کی شان اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔جلسے کے انعقاد اور سیرت کے مختلف مقابلوں کی مکمل منصوبہ بندی و انتظام میں فیض العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری و اردو ٹیچرس آرگنائزیشن کے ریاستی صدر الحاج ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خان صاحب کی رہنمائی اور سرپرستی کا اہم کردار رہا۔ بالخصوص سیرت کوئز کے کنوینر ڈاکٹر سمیع اللہ خان سر نے مقابلوں کی منصوبہ بندی، انتظامات اور کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔اسی طرح فیض العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی چیئرپرسن محترمہ انیس صدیقی میڈم کی رہنمائی، تعاون اور فعال کردار بھی اس پورے پروگرام کی کامیابی میں نہایت اہم رہا۔ ان کی مسلسل نگرانی، رہنمائی اور تعاون کی بدولت جلسے کی تیاریاں بہتر انداز میں مکمل ہوئیں اور پروگرام کو شاندار و کامیاب بنانے میں نمایاں مدد ملی۔جلسے کی کامیابی میں ثناء اللہ خان سر، صفی اللہ خان سر، اسعد سر سمیت فیض کیمپس کے تمام پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ اور پورے اسٹاف کی محنت اور تعاون قابلِ تحسین رہا۔ تمام افراد نے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری لگن، نظم و ضبط اور خلوص کے ساتھ انجام دیں۔پروگرام میں طلبہ نے تقریر، نعت، اذان، سیرت کوئز اور تحریری مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر موجود علماء کرام اور معزز مہمانانِ گرامی نے فیض کیمپس کی جانب سے طلبہ کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔فیض کیمپس کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ سالانہ جلسۂ سیرت النبی ﷺ محض ایک مذہبی پروگرام نہیں تھا، بلکہ طلبہ کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے جوڑنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے اندر دینی و اخلاقی اقدار کو مضبوط بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے