कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سولاپور اردو گھر میں کتاب کی رسمِ اجرا، سہ لسانی شعری نشست اور طلبہ سے مکالمہ

شمع اردو پرائمری اسکول کے طلبہ کی تعلیمی سیر؛ اردو زبان و ادب سے روشناس کرانے کی منفرد کاوش

سولاپور:6؍ستمبر(اِقبال باغبان) : شمع ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام شمع اردو پرائمری اسکول کی جانب سے یومِ اساتذہ کے موقع پر "سولاپور اردو گھر دورہ مہم‘‘ کے تحت طلبہ کی تعلیمی و مطالعاتی سیر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور ادارے کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد طلبہ کو اردو زبان و ادب، کتاب اور ادبی سرگرمیوں سے قریب لانا تھا۔سولاپور اردو گھر پہنچنے پر "اردو گھر دورہ مہم” کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار، ناظمِ اردو گھر ساحر نداف اور رُکنِ اردو گھر ڈاکٹر سمیہ باغبان نے طلبہ اور اساتذہ کا استقبال کیا اور انہیں اردو گھر کی سرگرمیوں، کتب خانے اور اردو زبان و ادب کی اہمیت سے واقف کرایا۔اس موقع پر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے معروف شاعر ظفر گورکھپوری کی شخصیت و فن پر شائع کردہ خصوصی شمارے "امکان” کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی۔ بعد ازاں ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار کی صدارت میں ایک شاندار سہ لسانی شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ شمع ایجوکیشن سوسائٹی کے سیکریٹری ابوبکر نلامندو اور ہیڈ مسٹریس یاسمین اے منان بیجاپورے نے مہمانانِ خصوصی اور شعرائے کرام کی گلدستہ اور شال پیش کرکے تہنیت کی۔طلبہ نے اردو زبان و ادب سے متعلق مختلف اشعار اور تقاریر پیش کرکے سامعین کو متاثر کیا۔ بالخصوص اقبال اشہر کی معروف نظم ’’اردو ہے میرا نام‘‘ خوش الحانی سے پیش کی گئی۔ اسی طرح مدرسۂ ہٰذا کی فعال و ہونہار معلمہ شاہین صدف کی اردو گھر سے متعلق لکھی گئی نظم ’’اردو گھر‘‘ نے محفل میں سماں باندھ دیا۔ نظم کی مؤثر پیش کش پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ طلبہ کی علمی، ادبی اور تعلیمی تقاریر نے بھی پروگرام کو مزید بامقصد بنا دیا۔اپنی صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار نے سولاپور اردو گھر کے اغراض و مقاصد اور اس کی ادبی و تعلیمی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو گھر حکومت کی جانب سے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔ اس ادارے کی فلاح، ترقی اور بقا کے لیے تمام اہلِ اردو کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسکولوں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ سال میں کم از کم دو پروگرام اردو گھر کے ہال میں منعقد کریں اور اس کے فروغ میں عملی تعاون پیش کریں۔اس موقع پر شمع اردو پرائمری اسکول کی جانب سے سیکریٹری ابوبکر نلامندو کے دستِ مبارک سے سولاپور اردو گھر کے کتب خانے کے لیے متعدد کتابیں اور "امکان” کے خصوصی شمارے کی چند کاپیاں بطورِ عطیہ پیش کی گئیں۔بعد ازاں سہ لسانی شعری محفل کا انعقاد ہوا، جس میں تلگو شاعر پروفیسر نریندر گنڈیلی، ہندی شاعر جاوید شیخ، مراٹھی شاعر مبارک شیخ، اردو شاعر ایوب احمد نلامندو، اردو و مراٹھی شاعرہ ڈاکٹر ثریا پروین جہاگیردار، شاہین صدف، جعفر بانگی اور ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار نے اپنا کلام پیش کرکے سامعین سے خوب داد حاصل کی۔تقریب کی نظامت شاہین صدف نے انجام دی۔ شعری نشست کی نظامت ایوب احمد نلامندو نے کی۔ زبیدہ سید خاں نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔اردو گھر کے موضوع پر خصوصی نظم پیش کرنے پر شاعرہ شاہین صدف کا ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار اور کتب خانے کے انچارج ساحر نداف نے خصوصی استقبال کیا اور انہیں اعزاز سے نوازا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں ابرار احمد نلامندو، آسیہ بیجاپورے، دلشاد عبدالرزاق، آفتاب عبدالقدوس، معراج اللوڑی، ریشماں شیخ اور کوثر شیخ نے نمایاں تعاون کیا۔ طلبہ کی اس تعلیمی و ادبی سیر نے نہ صرف انہیں اردو زبان و ادب سے قریب کیا بلکہ کتاب، کتب خانے اور ادبی سرگرمیوں سے ان کی وابستگی کو بھی مضبوط کیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے